مکرم میر وسیم الرشید صاحب ریجنل مبلغ نارتھ ریجن تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۱۹؍ستمبر کو سیرالیون کے ہیڈکوارٹرز فری ٹاؤن سے ایک وفد تربیتی دورہ کے ليے ملک کے ناردرن ریجن کے دو اضلاع میں گیا اور دُوردراز جماعتوں میں تربیتی پروگرام منعقد کيے۔ وفد میں مکرم الحاج موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون کے علاوہ قائم مقام مبلغ انچارج، ڈپٹی سیکرٹری تعلیم، نمائندہ مجلس خدام الاحمدیہ، سیکرٹری تربیت اور ریجنل مشنری ایسٹرن شامل تھے۔ وفد ۱۹؍ستمبر کو مکینی پہنچا اور رات وہیں قیام کیا۔ نماز عشاء کے بعد احمدیہ سنٹرل مسجد مکینی میں ایک اجلاس ہوا جس میں امیر صاحب نے احباب جماعت کو تبلیغ و تربیت کی طرف توجہ دلائی۔ اگلے روز ۲۰؍ستمبرکو وفد ماٹوٹوکا کی طرف روانہ ہوا جہاں ایک خصوصی پروگرام منعقد ہوا۔ اس میں نارتھ ریجن کے کمشنر برائے رائٹ ٹو انفارمیشن، جناب ابو بکر کارگبو صاحب نے شرکت کی۔ وہ جماعت کی اعانت میں احمدیہ پرائمری سکول کے قیام میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے منصوبے کی تفصیل بیان کی جس میں عطیہ زمین اور ضروری قانونی مراحل کی تکمیل شامل ہے۔ مکرم امیر صاحب نے اپنی تقریر میں کہا کہ جماعت احمدیہ کا اصل مقصد ایمان اور عقائد کی معرفت ہے۔ آپ نے احباب جماعت کو تلقین کی کہ وہ اسلام احمدیت کا پیغام دوسروں تک پہنچائیں، پرانے احمدیوں کی اولاد کو دوبارہ جماعت احمدیہ سے جوڑیں اور نیک اعمال میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ زمین عطیہ کرنے والے خاندان کو آپ نے کہا کہ یہ ان کے لیے ایک عظیم نعمت اور صدقہ جاریہ ہے۔ بعد ازاں وفد نے عطیہ شدہ زمین کا معائنہ کیا اور امیر صاحب نے دعا کروائی۔ اسی روز وفد مسنگبی پہنچا جہاں احمدیہ مسجد میں جماعتی نمائندگان کے ساتھ ایک کامیاب پروگرام منعقد ہوا جس میں غیر از جماعت امام نے بھی شرکت کی۔ وفد نے وروڈو میں مرکزی مسجد اور مشن ہاؤس کا دورہ کیا جہاں ۲۰۲۴ء میں جامعہ احمدیہ گھانا کے فارغ التحصیل مرکزی مبلغ مکرم مستبشر احمد صاحب کو بھیجا گیا ہے۔ قریبی کورٹ باری میں ایک شاندار پروگرام ہوا جس میں ضلع کونو کی تمام جماعتوں کے نمائندگان شریک ہوئے، کوئڈو سٹی کے اندر مسجد اور مشن ہائوس کے لیے خریدی ہوئی زمین کو بھی دیکھا۔ مورخہ ۲۱؍ستمبر کو وفد صبح سات بجے مکینی سے روانہ ہوا دس بجے کے بعد کبالا پہنچا جہاں جامعہ احمدیہ گھانا سے فارغ التحصیل مبلغ سید حمزہ شاہ صاحب کی تقرری کی گئی ہے۔ مربی صاحب اور احباب کے علاوہ ڈاکٹر علی تراوالی صا حب نے جو احمدی ہیں اور میڈیکل آفیسر ضلع کوئناڈوگوہیں نے وفد کو خوش آمدید کہا اور بڑے خلوص سے ناشتہ پیش کیا۔ اس کے بعد وفد کبالا شہر میں واقع دونوں چیفڈمز کے پیراماؤنٹ چیفس سے ملاقات کے لیے گیا۔ بعدازاں احمدیہ مسلم سیکنڈری سکول کبالا میں مرکزی پروگرام منعقد ہوا جس میں ضلع کوئناڈوگو کے تمام سکولز اور جماعتوں کی نمائندگی موجود تھی۔ کبالا چونکہ سبزیوں اور سرد موسم کی وجہ سے سیرالیون بھر میں مشہور ہے، اس لیے وفد کو اختتام پر سبزیوں کے ڈبے تحفے کے طور پر پیش کیے گئے۔ اللہ کرے کہ یہ مساعی جماعت احمدیہ کے پیغام کو مزید وسعت دینے اور ایمان و ایقان میں ترقی کا موجب بنے۔ آمین (رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں:احمدیہ کلینک پورتو نووو، بینن کے تحت مفت میڈیکل کیمپس کا انعقاد