https://youtu.be/ewtPqCp5Vaw اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سویڈن کو ۲۲تا ۲۴؍جون۲۰۲۵ء Almedalsveckan کے وسیع سیاسی و سماجی میلہ میں تبلیغی سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ یہ میلہ ہر سال شہر Visby، جزیرہ Gotland میں منعقد ہوتا ہے جس میں تقریباً ۴۰؍ہزار افراد شرکت کرتے ہیں۔ اس موقع پر سیاسی جماعتوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور کاروباری اداروں کے سٹالز بھی لگائے جاتے ہیں۔ امسال بھی جماعت احمدیہ کا سٹال Ask a Muslim کے موضوع کے تحت لگایا گیا جس کی تیاری مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن اور مکرم عطا الٰہی صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے کی۔ اس دورے میں مکرم مصعب رشید صاحب مبلغ سلسلہ سٹاک ہالم، خاکسار (مبلغ سلسلہ لولیو) اور مکرم Alexander Svensson صاحب نو مبائع بھی شامل تھے۔ سفر کا آغاز ۲۲؍جون کو سٹاک ہالم سے فیری کے ذریعہ ہوا۔ جماعتی ٹریلر پر حضرت مسیح موعودؑ کی تصویر اور ‘مسیح آگیا ہے’ کے سویڈش الفاظ نمایاں تھے جو راہگیروں کی خصوصی توجہ کا باعث بنے۔ میلہ کے دوران دو مکالمہ نشستیں بھی منعقد ہوئیں۔ پہلی نشست بعنوان ‘عالمی بحران اور امن کی راہ’ میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان اور مکرم مصعب رشید صاحب شامل ہوئے۔ دوسری نشست ‘مسیح کی آمد اور امن کا قیام’ کے موضوع پر منعقد ہوئی جس میں نامور صحافیوں اور مصنفین نے حصہ لیا۔ سٹال پر بڑی تعداد میں لوگوں نے آ کر اپنے سوالات کے جواب حاصل کیے۔ سٹال پر مکرم Alexander Svensson صاحب نو مبائع کی موجودگی بہت مفید رہی۔ بہت سے افراد نے اُن سے ذاتی طور پر گفتگو کی اور اُن کے قبولِ اسلام کے سفر کے بارے میں جاننے میں دلچسپی لی۔ زائرین نے اسلامی لٹریچر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا، بالخصوص حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے لیکچرز اور عالمی راہنماؤں کو خطوط پر مشتمل کتاب ‘عالمی بحران اور امن کی راہ’، حضرت مصلح موعودؓ کی تصنیف Life of Muhammadکا سویڈش ترجمہ اور آنحضور ﷺ کے حقوق نسواں کے حوالے سے مرتب کتاب Muhammad – Kvinnans befriare (محمدﷺ – عورتوں کے نجات دہندہ)نہایت پسند کی گئیں اور بڑی تعداد میں تقسیم کی گئیں۔ الحمدللہ، متعدد افراد نے اعتراف کیا کہ اُن کے دلوں میں موجود اسلام کے بارے میں خدشات اور منفی تصورات دُور ہوگئے اور مثبت سوچ پیدا ہوئی۔ شرکا نے جماعت احمدیہ کی کوششوں کو سراہتے ہوئے اس بات کا اظہار کیا کہ ایسے مکالمے معاشرتی ہم آہنگی کے لیے ضروری ہیں۔ اس دورہ کی سرگرمیوں کو سوشل میڈیا اور مقامی فیس بُک گروپس کے ذریعہ بھی وسیع پیمانے پر اجاگر کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ اس تبلیغی کوشش کو بابرکت فرمائے، اس کے دُور رس نتائج ظاہر کرے اور آئندہ بھی اس قسم کے پروگراموں کی توفیق عطا فرماتا رہے۔ آمین (رپورٹ:رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کوسوو میں جلسہ سیرت النبیﷺ کا انعقاد