٭… اسرائیل اور فلسطینیوں کے درمیان جاری جنگ روکنے اور غزہ میں یرغمال قیدیوں کی رہائی کے لیے امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر مصر میں دستخط کرلیے گئے ہیں۔امن مذاکرات میں امریکی مندوب اسٹیو وٹکوف، صدر ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر اور حماس راہنما خلیل الحیہ نے شرکت کی۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر امن ڈیل ہونے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ تمام فریقوں کے ساتھ منصفانہ برتاؤ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ عربوں، مسلم دنیا، اسرائیل، پڑوسی اقوام اور امریکہ کے لیے عظیم دن ہے۔ امریکی صدر نے قطر، مصر اور ترکیہ کے ثالثوں سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے یہ تاریخی اور غیرمعمولی واقعہ رونما کیا ہے۔ ساتھ ہی کہا کہ امن قائم کرنے والوں پر رحمت ہو۔ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ڈیل کا مطلب یہ ہے کہ تمام یرغمالی جلد رہا کردیے جائیں گے اور اسرائیل ایک مضبوط، پائیدار اور لازوال امن کی طرف پہلے قدم کے طور پر اپنی فوج کا متفقہ لائن پر انخلا کرے گا۔قطر کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے بھی تصدیق کی ہے کہ پہلے مرحلے کے تمام نکات طے کرلیے گئے ہیں۔ اب توقع کی جانی چاہیے کہ جنگ روکی جائے گی۔قطری وزارت خارجہ کے مطابق اسرائیلی یرغمالیوں اور فلسطینی قیدیوں کو رہائی دی جائے گی اور غزہ میں امداد داخل ہونے دی جائے گی۔ ٭… غزہ امن معاہدے کے پہلے مرحلے پر دستخط پر مختلف ممالک کی جانب سے خیرمقدم کیا گیا ہے۔ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا کہ خوشی ہے ترک شراکت سے ہوئے حماس اسرائیل مذاکرات سے غزہ میں جنگ بندی ہوئی۔انہوں نے کہا کہ ترکی غزہ معاہدے پر سختی سے عمل درآمد کی قریب سے نگرانی کرے گا، ترکیہ غزہ معاہدے کے عمل میں اپنی شمولیت جاری رکھے گا۔فلسطینی صدر محمودعباس نے غزہ امن معاہدے کے پہلے مرحلے پر دستخط کا خیرمقدم کیا ہے۔ فرانسیسی صدر میکرون نے غزہ امن منصوبے کے پہلے مرحلے پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دو ریاستی حل اور جنگ کے خاتمے کے اپنے مقصد کو جاری رکھنے کے لیے تیار ہیں۔جرمن چانسلر نے کہا کہ غزہ امن معاہدے اور صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، یقین ہے کہ اس ہفتے کوئی حل تلاش کر لیا جائے گا۔سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ غزہ معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ غزہ میں جلد از جلد ایک مستقل اور جامع جنگ بندی کے لیے پُرامید ہیں، چین فلسطین پر فلسطینیوں کے ہی حق حکومت کے اصول کا حامی ہے۔یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ کاجاکلاس نے کہا ہے کہ غزہ امن معاہدے کے پہلے مرحلے پر اسرائیل حماس اتفاق نمایاں پیش رفت ہے، معاہدے پر دستخط بڑی سفارتی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ جنگ کے خاتمے اور تمام یرغمالیوں کی رہائی کا قیمتی موقع ہے، یورپی یونین معاہدے پر عمل درآمد کی حمایت کے لیے اپنی تمام تر کوششیں کرے گی۔ ٭… امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس نے ‘دی پیس پریذیڈنٹ’ قرار دے دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر وائٹ ہاؤس کے آفیشل اکاؤنٹ سے ٹرمپ کی تصویر شیئر کی گئی ہے۔سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی تصویر اور کیپشن میں امریکی صدر کے لیے ‘دی پیس پریذیڈنٹ’کے الفاظ استعمال کیے گئے ہیں۔ خیال رہے کہ اس سے قبل متعدد مواقع پر امریکی صدر سات جنگیں رُکوانے کا دعویٰ کرچکے ہیں۔اس کی بنیاد پر دنیا کا معزز ترین اعزاز نوبیل انعام برائے امن جیتنے کے خواہاں ہیں، اس کے باوجود تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی صدر کے جیتنے کے امکانات کم ہیں۔ ٭… برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر ایک سو رکنی وفد کے ہمراہ بھارت کے دورے پر پہنچ گئے ہیں۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ نے بھارت کے لیے امیگریشن پالیسی میں نرمی کی تردید کردی۔بھارت روانگی سے قبل برطانوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت کے ساتھ ویزا معاہدے پر کوئی پیش رفت نہیں ہوگی، یہ منصوبے کا حصہ نہیں ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ دورہ آزاد تجارتی معاہدے سے فائدہ اٹھانے کے لیے ہے جو ہم پہلے ہی طے کر چکے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ تجارتی معاہدے میں ویزا کا کوئی کردار نہیں ہے۔ ٭… اقوام متحدہ کے ادارہ برائے اطفال(UNICEF) نے کہا ہے کہ اسرائیلی پابندیوں کی وجہ سے غزہ کے ہسپتالوں میں بچوں کے انکیوبیٹرز کی فراہمی رک گئی تھی۔ دوسری جانب عالمی ادارہ صحت نے بتایا کہ غزہ جنگ کے دوران غذائی قلت میں اضافہ دیکھنے میں آیا جس کی وجہ سے حاملہ خواتین نے وقت سے قبل، وزن کی کمی کا شکار بچوں کو پیدا کیا، یہاں تک کہ غزہ میں پیدا ہونے والا ہر بانچواں بچہ ان مسائل کے ساتھ دنیا میں آیا۔ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا سری لنکا کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے۔ ٭…خبر ایجنسی کے مطابق آئی ایم ایف اور سری لنکا میں معاہدے کے بعد سری لنکا کو تقریباً ۳۴۷؍ملین ڈالر فنانسنگ تک رسائی کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔خبرایجنسی کے مطابق آئی ایم ایف نے اپنے جاری کردہ بیان میں بتایا ہے کہ سری لنکا کے ساتھ معاشی پالیسیوں پر عملے کی سطح کا معاہدہ طے پا گیا ہے تاکہ ‘ایکسٹینڈڈ فنڈ فیسیلٹی’کے تحت اصلاحاتی پروگرام کے پانچویں جائزے کو مکمل کیا جا سکے۔ ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)