اللہ تعالیٰ کے فضل سے نائیجر میں نصرت جہاں سکیم کے تحت جماعت احمدیہ کے دو کلینک صحت کے شعبہ میں خدمت انسانی میں مصروف عمل ہیں۔ ان میں سے ایک کلینک ریجن تاوا کے ڈیپارٹمنٹ برنی کونی میں موجود ہے جس کا افتتاح ۲۰۲۲ء میں کیا گیا، جبکہ دوسرا کلینک نائیجر کے مارادی ریجن میں جنوری ۲۰۲۳ء سے کام کر رہاہے۔ اولاً ان دونوں کلینک میں صرف چیک اپ اور لیباٹری ٹیسٹ کے علاوہ نارمل ڈیلیوری کی سہولیات موجود تھیں، لیکن حال ہی میں اللہ کے فضل سے دونوں کلینک میں آپریشن تھیئٹرز کا آغاز بھی کر دیا گیا ہے۔ چنانچہ اپنے اپنے علاقہ میں دونوں کلینک ایسی طبی سہولیات سے آراستہ ہیں کہ میلوں تک وہ سہولیات علاقہ میں پائی نہیں جاتیں۔ چنانچہ مورخہ ۱۶؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو ریجن مارادی کے صحت کے ریجنل ڈائریکٹر اور وزیر صحت کے نمائندہ جناب ڈاکٹر ابو بکر سعدو حسینی صاحب اور اُن کی ٹیم نے جماعت کے کلینک ‘‘رضا احمدیہ کلینک’’ کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران ڈائریکٹر صاحب اور اُن کی ٹیم نے آؤٹ ڈور چیک اپ، الٹرا ساونڈ روم، ایڈمنسٹریشن اور لیبارٹری کا معائنہ کیا اور جماعت کے کلینک کی صفائی کے معیار کی تعریف کی اور لیبارٹری میں موجود اعلیٰ اور جدید و دور حاضر کی مشینوں پر جماعت کو سراہا۔ بعدازاں آپریشن تھیئٹر کا معائنہ کیا اور زیر علاج مریضوں سے ملاقات کی، اُن کا حال معلوم کیا اور پھر کلینک کی ٹیم کو بعض ضروری طبی ہدایات بھی دیں۔ بعد ازاں ڈائریکٹر صاحب اپنی ٹیم کے ہمراہ جماعتی مشن ہاؤس تشریف لائے جہاں انہیں جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا گیا اور جماعت کی ریجنل لائبریری کا بھی دورہ کروایا گیا جس کے بعد خاکسار مربی سلسلہ کی طرف سے ڈائریکٹر صاحب کو قرآن کریم مع فرنچ ترجمہ بطور تحفہ پیش کیا گیا، جس پر ڈائریکٹر صاحب نے شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں پوری ٹیم کو ‘اسلامی اصول کی فلاسفی’ کا فرنچ ترجمہ بھی تحفۃً دیا گیا اور اس معرکۃ الآراء کتاب کا پس منظر بھی اُن کے سامنے پیش کیا گیا۔ آخر پر کلینک کی طرف سے مکرمہ ڈاکٹر مریم صاحبہ نے ڈائریکٹر صاحب اور اُن کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا جس کے بعد صحت کے ڈائریکٹر اور اُن کی ٹیم رخصت ہوئی۔ (رپورٹ:کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ سولومون آئی لینڈز میں جلسہ سیرت النبیﷺ کا بابرکت انعقاد