اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ فرنچ گیانا کو مورخہ ۲۸؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو دارالحکومت Cayenne کے مشن ہاؤس میں جلسہ سیرت النبی ﷺ منعقد کرنے کی توفیق حاصل ہوئی۔ فرنچ گیانا جنوبی امریکہ کے شمال مشرقی کنارے پر واقع ایک خطہ ہے جہاں مختلف مذاہب اور ثقافتیں آباد ہیں۔ اگرچہ جماعت احمدیہ یہاں تعداد میں کم ہے، مگر خلافت احمدیہ کی برکت سے اسلام کا پُرامن پیغام پہنچانے اور خدمت انسانیت کی توفیق پا رہی ہے۔ جلسہ کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، احادیث، گروپ کی صورت میں اطفال اور ناصرات کی طرف سے ایک نظم نیز عربی قصیدہ سے ہوا۔ مکرم اسماعیل Bellance صاحب نے ‘‘حضرت مسیح موعودؑ کی تحریرات کی رُو سے آنحضرت ﷺ کا مقام’’ پر اور مکرم میکائل Neker صاحب نے ‘‘انجیل میں آنحضرت محمدﷺ کا ذکر’’ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ آخر پر خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے اپنی اختتامی تقریر میں موجودہ زمانہ کے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے واضح کیا کہ مسلمانوں کی نجات اور ترقی کا واحد راستہ آنحضرتﷺ کے اسوۂ حسنہ پر عمل پیرا ہونا ہے۔ جلسہ کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا اور شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی جس کے بعد نماز مغرب و عشاء باجماعت ادا کی گئیں۔ الحمدللہ، یہ جلسہ ہر لحاظ سے کامیاب اور بابرکت رہا۔ اللہ تعالیٰ جماعت احمدیہ فرنچ گیانا کو اپنی خاص برکتوں سے نوازے، اسے دن دُگنی رات چگنی ترقیات عطا فرمائے اور ہمیشہ خلافت احمدیہ کے دامن سے وابستہ رکھے۔ آمین (رپورٹ:لقمان احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: لجنہ اماء اللہ کینیا کی پانچ روزہ سالانہ تربیتی کلاس اور نیشنل اجتماع کا کامیاب انعقاد