مکرم میر وسیم الرشید صاحب ریجنل مبلغ نارتھ ریجن لکھتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ ضلع بمبالی، سیرالیون نے چھٹیوں کے پہلے کوئز (Holiday Quiz)مقابلے کا کامیاب انعقاد کیا۔ یہ مقابلہ حضرت مسیح موعودؑ کی بابرکت زندگی اور تعلیمات پر مبنی تھا جس کا مقصد چھٹیوں کے دوران خدام و اطفال میں دینی علم و شغف کو فروغ دینا تھا۔ یہ مقابلہ احمدیہ مسلم ریڈیو مکینی ایف ایم 107.7سے براہِ راست نشر کیا گیا جو کہ ریجنل ہیڈکوارٹرز پر قائم ہے اور فیس بک پر بھی براہِ راست نشر کیا گیا تھا جس سے وسیع پیمانے پر احباب جماعت اس میں شامل ہو ئے۔ مقابلہ میں اللہ تعالیٰ کے فضل سے نو مجالس سے ۲۹؍اطفال نے حصہ لیا۔ یہ مقابلہ تین ہفتوں پر محیط تھا، جس میں ۱۲؍شرکاء پہلے راؤنڈ کے لیے منتخب ہوئے، ۸؍شرکاء سیمی فائنل تک پہنچے اور ۶؍شرکاء فائنل تک پہنچنے میں کامیاب ہوئے۔ فائنل مقابلہ ۱۴؍ستمبر ۲۰۲۵ء بروز اتوار منعقد ہوا۔ اس میں کُل ۶؍اطفال شریک ہوئے جن میں سے تین معیارِصغیر اور تین معیارِ کبیر سے تھے۔ بہترین مجلس کا اعزاز: مجلس ‘روبائن روڈ 1’کو اس مقابلہ میں شاندار کارکردگی اور بھرپور شرکت پر بہترین مجلس قرار دیا گیا۔ اللہ تعالیٰ ہم سب کو مزید دینی علم حاصل کرنے اور نوجوانان جماعت کی بہترین تربیت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: نائیجیریا میں ’مرزا غلام قادر شہید آئی ٹی ریسرچ لیب اینڈ سینٹر‘ کی تیسری تقریب گریجوایشن