https://youtu.be/ddhz5W38ie8 اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے نائیجیریا میں ’مرزا غلام قادر شہید آئی ٹی ریسرچ لیب اینڈ سینٹر‘ (MGQS) کو اپنے تیسرے بیچ کے طلبہ کی تقریب گریجوایشن کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ پروگرام ۲۰؍ستمبر۲۰۲۵ء بروز ہفتہ مسجد طاہر، اوجوکورو، ریاست لاگوس میں منعقد ہوا۔ اس تقریب کی صدارت مکرم الحاج عبدالعزیزالاتوئے صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجیریا نے کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ MGQS کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر صادق عبدالسلام صاحب نے اپنی تقریر میں وضاحت کی کہ اس ادارے کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مرزا غلام قادر صاحب شہید کے نام پر رکھا جو جماعت احمدیہ میں آئی ٹی کے شعبہ کے بانی اور ۱۹۹۹ء میں شہید ہوئے تھے۔ آپ نے بتایا کہ یہ ادارہ مکمل طور پر رضاکاروں کی مدد سے چلایا جا رہا ہے اور یہاں سافٹ ویئر انجینئرنگ، کمپیوٹر انجینئرنگ اور نیٹ ورکنگ کی تربیت دی جاتی ہے۔ اس سال ۲۲؍طلبہ نے گریجوایشن مکمل کی جن میں سے ۱۸؍نے سافٹ ویئر انجینئرنگ اور چار نے کمپیوٹر انجینئرنگ اور نیٹ ورکنگ میں مہارت حاصل کی۔ اپنی تربیت کے دوران طلبہ نے دو عملی منصوبے تیار کر کے پیش کیے: شعبہ وقف نو کے لیے ایک ڈیجیٹل پورٹل تاکہ نائیجیریا بھر کے واقفین نو کے ریکارڈ کو منظم کیا جا سکے اور دوسرا پورٹل ادارہ MGQSکی اندرونی انتظامیہ کے لیے۔ اسی طرح مکرم امیر صاحب نے فارغ التحصیل طلبہ کو مبارک باد دی اور نصیحت کی کہ اپنے علم کو ذمہ داری کے ساتھ استعمال کریں، دعاؤں میں لگے رہیں اور الٰہی راہنمائی طلب کریں۔ آپ نے ایمانداری، امانت داری اور لگن کی اہمیت پر زور دیا جو کامیاب کیریئر کی بنیاد ہیں۔ تقریب میں دیگر معزز مہمانان میں صدر مجلس خدام الاحمدیہ نائیجیریا، صدر مجلس انصاراللہ، نمائندہ مبلغ انچارج، جماعت کے پریس انچارج، فارغ التحصیل طلبہ کے والدین اور دیگر مہمانان شامل تھے۔ فارغ التحصیل طلبہ کو اسناد پیش کی گئیں جبکہ بہترین کارکردگی دکھانے والے طلبہ اور مثالی رویہ اختیار کرنے والوں کو خصوصی انعامات دیے گئے۔ اس ادارے کا مقصد احمدی مسلم نوجوانوں کو ایسے عملی ہنر سکھانا ہے جو دین، ملک اور بنی نوع انسان کی خدمت کے لیے فائدہ مند ہوں۔ اللہ تعالیٰ اس ادارے کو توفیق عطا فرمائے کہ وہ اپنے مقصد کو پورا کرنے والا ہو۔ آمین مزید پڑھیں: جامعۃ المبشرین نائیجیریا میں جلسہ سیرت النبیﷺ کا بابرکت انعقاد