https://youtu.be/Jx5sBrqColg محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۸؍جون ۲۰۲۵ء سے بینن کے شہر کوتونو میں ایک باقاعدہ مدرسہ کا اجرا ہوا جس کا بنیادی مقصد گرمیوں کی چھٹیوں میں فارغ طلبہ اور نومبائعین ائمہ کے تعلیمی و تربیتی معیار کو بلند کرنا ہے۔ چنانچہ پہلی کلاس میں بینن کے ۱۲؍مختلف ریجنز سے جن میں کوتونو، پورتونووو، پوبے، بوہیکوں، داسا، آزووے، باسیلا، ساوے، جوگو، پاراکو، نڈالی اور کانڈی شامل ہیں، سے ۱۷؍طلبہ نے شمولیت کی۔ اس کلاس کا دورانیہ دو ماہ رہا جس کے دوران طلبہ کو قرآن کریم ناظرہ، ترتیل و تجوید، نماز، احادیث مبارکہ، سیرت النبیﷺ، تاریخ اسلام، تاریخ احمدیت، علم کلام، علم فقہ اورمعلومات عامہ پر کلاسز اور لیکچرز کی شکل میں پڑھایا گیا۔ ابتدائی طور پر اس کلاس کی تدریس کی ذمہ داری ادا کرنے والوں میں آسانی یحییٰ صاحب، حافظ اسماعیل صاحب، خاکسار(مبلغ سلسلہ)، لقمان داؤدا صاحب اور اوسینی علی صاحب شامل ہیں۔ دو ماہ کی تدریس کے اختتام پر طلبہ کا ایک امتحان ہوا جس کے بعد مورخہ ۳۰؍اگست کو تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد مکرم محمد لقمان بصیرو صاحب امیر جماعت احمدیہ بینن کی صدارت میں کیا گیا۔ تلاوت قرآن کریم، نظم اور ترانہ کے بعد مکرم آسانی یحییٰ صاحب نے کلاس کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے تمام طلبہ میں اسناد تقسیم کیں، طلبہ کو نصائح کیں اور اختتامی دعا کروائی جس کے بعد گروپ فوٹو ہوا۔ اللہ تعالیٰ تما م طلبہ کے علم و عرفان میں برکت عطا فرمائے، دین پر کاربند رہنے والے اور خلافت احمدیہ کے سچے وفادار بنائے۔ آمین (رپورٹ:مرزا فرحان بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭