محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ مڈغاسکر کو مورخہ ۱۵؍اگست ۲۰۲۵ء کو حلقہ ناصر میں ریجنل اجتماع کے موقع پر اپنی چھٹی مسجد کی تعمیر کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔ اس موقع پر مہمانان اور حکومتی افسران کی بھی کافی تعداد نے شرکت کی۔ یہ جگہ مڈغاسکر کے دارالحکومت انتاناناریوو (Antananarivo) کے علاقے تانجوم باتو (Tanjombato) کے محلہ تونگاریوو (Tongarivo) میں واقع ہے۔ احمدیوں کی اس محلہ میں بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر نومبر ۲۰۲۳ء میں اس مکان کے نچلے حصہ کو بطور نماز سینٹر کرائے پر لیا گیا۔ بعد ازاں اپریل ۲۰۲۴ء میں اس عمارت کا اوپر والا حصہ بھی بطور مشن ہاؤس اور لجنہ اماءاللہ کے لیےہال کے طور پر کرائے پہ لے لیا گیا۔ ستمبر ۲۰۲۴ء میں یہ جگہ جو کہ تقریباً ایک ہزار ۲۰۰؍میٹر رقبہ پہ موجود ہے خرید لی گئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک اس جگہ کی خرید کے معاً بعد ہی اس جگہ میں پہلے سے موجود عمارت کے نچلے حصے کو نماز سینٹر کے طور پر تبدیل کردیا گیا جس میں تقریباً ۱۵۰؍کے قریب نمازی نماز ادا کر سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ ایک کمرہ بطور دفتر، ایک باورچی خانہ، بیت الخلا موجود ہیں۔ بعد ازاں ایک مسجد اور مشن ہاؤس کی تعمیر کی اجازت لی گئی اوراس عمارت کے اوپر والے حصے کو مکمل بدل کر مشن ہاؤس بنا لیا گیا جس میں دو کمرے، ایک بڑا ہال، ایک کچن، ایک سٹور، دو واش رومز اور ایک بڑا بر آمدہ شامل ہے۔ تعمیر کے دوران جس کا دورانیہ نو ماہ تھا تمام انصار، خدام، اطفال نے بھرپور اور جوش کے ساتھ وقارِ عمل کیا حتیٰ کہ مستورات نے بھی اس دوران کئی بار وقار عمل کی توفیق پائی۔ الحمدللہ مسجد کے افتتاح کے موقع پر اس علاقے کے نائب میئر، پولیس کمشنر، میونسپل کمیٹی کے صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری اور اس محلے میں موجود مذہبی کمیٹی کے صدر تشریف لائے۔ مسجد کے افتتاح کی تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں مکرم انس احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے لوکل زبان میں مسجد کی اہمیت و ضرورت۔ آنحضورﷺ اور حضرت مسیح موعودؑ کی ابتدائی تعلیم کے حوالے سے مختصراً بتایا۔ بعدازاں اس پروگرام میں موجود اتھارٹیز کے نمائندگان نے اظہار خیال کیا۔ حلقہ ناصر میں ریجنل جلسہ سالانہ کے موقع پر مختلف معزز مہمانان کے تاثرات:اس علاقہ کے وائس میئر نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم بہت خوش ہیں کہ آپ نے یہاں مسجد تعمیر کی ہے اور میں آج باضابطہ طور پر اس علاقہ کے وائس میئر ہونے کی حیثیت سے آپ کی اس مسجد کے افتتاح کا اعلان کرتا ہوں۔ اس علاقہ کے پولیس کمشنر نے اپنے پیغام میں کہا کہ آپ کی جماعت کے حوالے سے جو سنا تھا وہ بالکل غلط تھا۔ اس کے برعکس آپ تو حقیقی رنگ میں ایک مہمان نوازی اور ’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘ کا عملی نمونہ دکھا رہے ہیں۔ ہمیشہ ایسی ہی مثال اس علاقے میں قائم رکھیے گا۔ اس علاقہ کی میونسپل کمیٹی کے صدر نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو تعارفی تقریر آپ کے مبلغ سلسلہ نے پیش کی ہے مجھے ان باتوں کا ثبوت آپ میں دکھائی دیا ہے۔ اسی طرح اس علاقہ کی میونسپل کمیٹی کے نائب صدر نے کہا کہ وہ بھی میونسپل کمیٹی کے صدر کے تاثرات سے متفق ہیں اور انہوں نے واقعی یہ دیکھا ہے کہ اس جماعت میں بھائی چارہ موجود ہے اور یہ کہ آپ لوگ مقامی افراد کے ساتھ مل جل کر محبت کے ساتھ رہتے ہیں۔ علاقے کی مذہبی کمیٹی کے صدر نے بھی نہایت عمدہ الفاظ کہے کہ ہمیں چاہیے کہ ہم بھی اب مذہبی اختلافات کو چھوڑ دیں اور جماعت احمدیہ کے اس نعرے کو اپنائیں کہ ’محبت سب کے لیے، نفرت کسی سے نہیں‘۔ یاد رہے کہ یہی وہ مذہبی کمیٹی تھی جو کہ ہماری سخت مخالف تھی اور بارہا ہمارے خلاف جمع ہوئے اور پراپیگنڈا کرنے کی کوشش کی۔ آخر میں خاکسار نے جماعت کا مختصر تعارف اور مسجد کی اہمیت اور ضرورت سے شاملین کو آگاہ کیا اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ بعد ازاں فیتہ کاٹ کر اور دعا کے ساتھ مسجد کا افتتاح کیا گیا۔ اس تقریب میں کل حاضری ۲۶۰؍رہی۔ الحمدللہ اللہ تعالیٰ اس مسجد کی تعمیر کو ہر پہلو سے بابرکت فرمائے، ہمیں اخلاص و وفا کے ساتھ اسے آباد کرنے کی توفیق عطا کرے اور اسے رشد و ہدایت کے پھیلانے کا بہترین ذریعہ بنائے۔ آمین (رپورٹ:مجیب احمد۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)