مکرم نعیم گوہر صاحب استاد جامعہ احمدیہ و مبلغ سلسلہ سیرالیون تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے امسال جامعۃ المبشرین سیرالیون اور مدرسۃ الحفظ سیرالیون کی سالانہ تقریب تقسیم اسناد کا انعقاد مورخہ ۳۱؍اگست ۲۰۲۵ء کو ہوا۔ مدرسۃ الحفظ کی یہ پہلی تقریب تقسیم اسناد تھی۔ تقریب میں شرکت کے لیے ملک کے مختلف علاقوں سے معزز مہمان تشریف لائے۔ اس بابرکت تقریب میں مہمان خصوصی مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون نیز منیر حسین صاحب قائم مقام مبلغ انچارج صاحب سیرالیون، ممبران نیشنل عاملہ سیرالیون، ریجنل مبلغین و ریجنل صدران جماعت، بعض معزز مقامی غیر از جماعت صاحبان، فارغ التحصیل طلبہ کے والدین، مقامی مشنریز اور جملہ سٹاف بشمول پرنسپل صاحب و اساتذہ جامعۃ المبشرین سیرالیون شامل ہوئے۔ مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم الحاج نذیر احمد علی کمانڈا بونگے صاحب جنرل سیکرٹری جماعت احمدیہ سیرالیون نے مکرم امیر صاحب اور نیشنل مجلس عاملہ کا تعارف پیش کیا، مکرم مورلائی فوفانا صاحب استاد جامعۃ المبشرین سیرالیون نے مقامی مہمانوں کا تعارف پیش کیا جس میں کونسل آف انٹرریجنل، ریجنل مشنری ساؤتھ ایس ڈی اے مشن اور مقامی احباب جماعت و اساتذہ کا ذکر کیا۔ مکرم طاہر احمد بھٹی صاحب پرنسپل جامعۃ المبشرین سیرالیون نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کہا اور مختصر تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم سلیمان حمزہ کمارا صاحب استاد جامعۃ المبشرین نے جامعہ اور مدرسة الحفظ کی سالانہ رپورٹ پیش کی۔ اس رپورٹ کے مطابق امسال کل بارہ طلبہ نے جامعۃ المبشرین سیرا لیون سے فارغ التحصیل ہونے کا شرف حاصل کیا۔ اس طرح اب تک فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کی کُل تعداد ۱۳۷؍ہو گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دوران سال مکرم امیر صاحب نے متعدد مواقع پر جامعۃ المبشرین کا دورہ کیا اور متعدد بار طلبہ جامعہ کو قیمتی نصائح کیں۔ اسی طرح طلبہ جامعۃ المبشرین نے امسال بھی جلسہ سالانہ سیرالیون کے موقع پر وقار عمل میں حصہ لیا اور مثالی خدمت کی توفیق پائی۔ مدرسة الحفظ سے چھ طلبہ نے حفظ قرآن کریم مکمل کیا اور پہلی بابرکت تقریب تقسیم اسناد بھی اسی موقع پر منعقد ہوئی۔ امسال جن ۶؍طلبہ نے اسناد حفظ حاصل کیں ان کے اسماء درج ذیل ہیں: ۱۔ حافظ اسماعیل ابراہیم بنگورا (Hafiz Ishmael Ibrahim Bangura)ولد مکرم ابراہیم اسحاق بنگورا (مرحوم) از Rokuprعرصہ حفظ ۲ سال ۴ ماہ ۲۲؍دن۔ ۲۔ حافظ عبد اللہ جالوہ (Hafiz Abdullah Jalloh)ولد مکرم ابراہیم جالوہ صاحب از Potoru عرصہ حفظ ۲ سال ۱ ماہ ۱۳؍دن۔ ۳۔ حافظ عبدالرحمٰن علی (Hafiz Abdul Rahman Alie)ولد مکرم امارہ الفریڈ علی صاحب از Moyamba عرصہ حفظ ۲ سال ۵ ماہ ۲۴؍دن۔ ۴۔ حافظ لامین کمارا (Hafiz Lamin Kamara)ولد مکرم محمد کمارا صاحب Port Loko عرصہ حفظ ۱ سال ۴ ماہ (ریکارڈ مدت) ۵۔ حافظ محمد عثمان ییلا(Hafiz Muhammad Osman Yillah)ولد مکرم عثمان ییلا صاحب از Lungi عرصہ حفظ ۱ سال ۸ ماہ ۸ دن۔ ۶۔ حافظ حسن سیسے (Hafiz Hassan Sesay) ولد مکرم محمد لامین سیسے از Moyamba عرصہ حفظ ۲ سال ۵ ماہ۔ بعدہٗ مکرم امیر صاحب نے فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ و حفاظ کرام کو انعامات و اسناد دیں۔ پروگرام کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں فارغ التحصیل طلبہ و حفاظ کو نصیحت کی کہ میدانِ عمل میں ممکنہ مشکلات کا مقابلہ کریں، علمی و عملی معیار بلند کریں اور خلافت و نظام جماعت سے وابستہ رہیں۔ آخر میں انتظامیہ و شاملین کا شکریہ ادا کر کے دعا سے پروگرام اختتام پذیر ہوا۔ ایم ٹی اے سیرالیون نے اس تقریب کو کوریج دی۔ تقریب کے اختتام پر تمام معزز مہمانوں کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ تمام حاضرین کو اجر عظیم عطا فرمائے۔ اللہ تعالیٰ تمام فارغ التحصیل حفاظ کو ہمیشہ خدمت قرآن کی توفیق عطا فرمائے اور وہ مزید احباب جماعت کے سینوں کو نور قرآن سے منور کرنے والے ہوں اور فارغ التحصیل ہونے والے تمام مشنریز کو میدان عمل میں کما حقہ خدمت کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)