https://youtu.be/JhALuesIAD8 ہیومینٹی فرسٹ انڈیا کی جانب سے خدمت خلق کا کام پنجاب میں حالیہ شدید بارشوں نے تباہ کن صورتحال اختیار کرلی ہے۔ ایک ہزار سے زائد دیہات پانی میں ڈوب گئے ہیں، جبکہ تین لاکھ ایکڑ سے زیادہ رقبے پر کھڑی فصلیں مکمل طور پر برباد ہوگئی ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں مویشی ہلاک ہوچکے ہیں جس سے کسانوں کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں کھانے پینے کی اشیاء، رہائش اور طبی امداد جیسی بنیادی سہولیات شدید طور پر متاثر ہیں اور ہزاروں افراد امداد کے منتظر ہیں۔ اس موقع پر ہیومینٹی فرسٹ انڈیا کو بےلوث خدمت کرنے کی توفیق ملی۔ سری ہرگوبند پور کے کئی گاؤں مکمل طور پر پانی میں ڈوب جانے سے وہاں کے تمام افراد کو قریب کے شیلٹر میں ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم نے منتقل کیا۔ مقامی انتظامیہ کی درخواست پر وہاں موجود تمام احباب کے کھانے کا اورترپالوں کا انتظام کیا گیا۔ لنگرخانہ حضرت مسیح موعود علیہ السلام سے متاثرین کوکھانا پکوا کر پہنچایا گیا۔ علاوہ ازیں بہت سے متاثرین سیلاب کی وجہ سے سڑک پر آکر رہنے پر مجبور ہوئے۔ ایسے احباب کے لیے دارالضیافت سے کھانا پکوا کر مہیا کیا گیا۔ بعض لوگوں کو بارش سے بچاؤ کے لیے ترپال کی مددسے عارضی جھوپڑیاں بنا کر دی گئیں، تا اپنے گھر واپس جانے تک وہاں رہ سکیں۔ حسب ضرورت مختلف مقامات پر میڈیکل کیمپ بھی لگائے گئے اور ضرورت مندوں کا علاج کیا گیا اور ادویات فراہم کی گئیں۔ اسی طرح ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم کی طرف سے ان علاقوں میں مثالی وقار عمل کا بھی اہتمام کیا گیا جس کے ذریعہ سے دریا اور نہروں میں واقع ٹوٹے ہوئے بند کی مرمت کرنے میں مدد کی گئی۔ اس موقع پر احباب جماعت نے غیر معمولی مالی قربانی بھی پیش کی اور ہیومینٹی فرسٹ انڈیا کی ٹیم نے متاثرین کی دکھ و تکلیف کو دُور کرنے کے حوالہ سے اپنا نمایاں کردار نبھایا۔ اللہ تعالیٰ ان کی خدمت کو شرف قبولیت بخشے۔ آمین مجلس خدام الاحمدیہ قادیان کی جانب سے Blood Donation کیمپ کا شاندار انعقاد مجلس خدام الاحمدیہ قادیان کی جانب سے ماہ اگست ۲۰۲۵ء میں Blood Donation Camp کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ میں مجلس خدام الاحمدیہ، مجلس انصار اللہ اور لجنہ اماءاللہ کی ممبرات نے مجموعی طور پر ۶۹؍ یونٹ خون کا عطیہ پیش کیا۔ سرکاری ہسپتال اور ایک خیراتی ادارہ کی معاونت سے یہ کیمپ لگایا گیا اور اس کیمپ کے ذریعہ سے جس قدر یونٹس بلڈ اکٹھا ہوا وہ سب سرکاری ہسپتال میں عطیہ کیا گیا جو کہ ضرورت مند مریضوں کے علاج میں استعمال کیا جائے گا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ کیمپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا اور سرکاری افسران اور خیراتی اداروں کے افسران نے اس موقع پر مجلس خدام الاحمدیہ قادیان کا شکر یہ ادا کیا اور ان کی خدمات کو سراہا۔ اللہ تعالیٰ اس کیمپ میں خون کا عطیہ دینے والوں کو اجرعظیم سے نوازے۔ آمین (رپورٹ:شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت) مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ آسٹریلیا کے ۳۳ویں سالانہ نیشنل اجتماع کا دوسرا روز اور مجلس شوریٰ کا اختتامی اجلاس