https://youtu.be/XCYOsNTtTV0 ٭…اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاروف نے کہا کہ اسرائیل اپنی جارحانہ کارروائیوں سے مشرقِ وسطیٰ کو تباہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ اسرائیل فلسطینیوں کے خلاف غیرقانونی طاقت کا استعمال کررہا ہے۔ روسی وزیرِ خارجہ نے کہا ہے کہ اسرائیل ایران، قطر، لبنان، شام، یمن اور عراق میں جارحیت کر رہا ہے، مغربی ممالک کی ایران پر دوبارہ پابندیاں لگوانے کی کوششیں غیرقانونی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روس اور بھارت کے درمیان اقتصادی شراکت داری کو کوئی خطرہ نہیں، روس پر نیٹو اور یورپی ممالک کے خلاف کارروائی کا منصوبہ بنانے کا الزام غلط ہے۔ روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاروف نے یہ بھی کہا کہ روس کے خلاف کسی بھی کارروائی پر فیصلہ کُن جواب دیا جائے گا، روس یوکرین تنازع پر دیانت دارانہ امن بات چیت کے لیے تیار ہے۔ ٭…اماراتی سرکاری میڈیا کے مطابق شیخ عبد اللہ بن زاید النہیان کی نیو یارک میں جاری اسّی ویں اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر اسرائیل کے وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر سفارتی اہلکار و دیگر وزراء بھی موجود تھے۔ ملاقات میں خطے کی تازہ ترین صورتحال اور غزہ میں جاری جنگ کو ختم کرنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ اماراتی حکام نے غزہ میں جنگ بندی پر زور دیا۔خیال رہے کہ غزہ میں اسرائیل کی جانب سے مسلسل شہریوں کو نشانہ بنایا جارہا ہے، اسرائیلی فوج نے زمینی حملوں میں ایک روز میں ۷۰؍سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے۔ غزہ سٹی میں اسرائیلی زمینی چڑھائی کو عالمی سطح پر شدید تنقید کا سامنا ہے، کیونکہ اس سے عام شہریوں کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ ۷؍اکتوبر ۲۰۲۳ء کے بعد سے اب تک اسرائیل کے غزہ پر جنگی حملوں میں کم از کم ۶۵؍ہزار۵۴۹؍ فلسطینی جاں بحق اور ایک لاکھ۶۷؍ہزار۵۱۸؍ زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ ہزاروں افراد کے تا حال ملبے تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ ٭…ایران نے برطانیہ، فرانس، جرمنی میں اپنے سفیروں کو واپس بلا لیا۔ ایران نے اپنے سفیروں کو ایران پر پابندیوں کے معاملے پر مشاورت کے لیے بلا لیا ہے۔ اِن تینوں ممالک نے ایران پر اقوام متحدہ کی پابندیاں دوبارہ نافذ کرنے کی حمایت کی تھی۔