۱۹؍ ستمبر جمعۃ المبارک کو نماز فجر کے وقت ہوا ہلکی رفتار سے چل رہی تھی۔ سارا دن سورج آسمان پر چمکتا رہا اور زمین پر گرمی بنی رہی۔ ہوا بند ہونے سے حبس نے بھی جگہ بنا لی۔ ہفتہ کے دن صبح کو ہوا بند تھی۔ دن بارہ بجے کے قریب آسمان پر ہلکے بادل چھائے ہوئے تھے، ہوا نہ ہونے سے گرمی بڑھ گئی تھی۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۶ اور کم سے کم ۲۷؍ درجہ سینٹی گریڈتھا۔ اتوار کی صبح فجر کے وقت آسمان پر ہلکے بادلوں کی تہ موجود تھی۔ اور ساتھ ہی ہلکی ہواچل رہی تھی۔ اس آہستہ رفتار سے رواں دواں بادِ صبا میں موسم سرما کی خنکی اور خوشبو رچی بسی تھی۔ لیکن جونہی سورج نے مشرق سے سر باہر نکالا ساتھ ہی گرمی آموجود ہوئی۔ منگل کو صبح فجر کے وقت ہوا بند تھی۔ دن بھر ہلکی ٹھنڈی ہوا چلتی رہی، موسم ٹھنڈ کی طرف پلٹا کھانے کا سوچ رہا ہے۔ تاہم سورج ہے کہ اس کی ایک نہیں چلنے دے رہا۔ بدھ کو گر م دن تھا، ساتھ حبس بھی زیادہ ہوگیا۔ آسمان صاف ہونے کی وجہ سے سورج خوب چمک دکھلا رہا تھا اور دھوپ اپنے جوبن پر تھی جس کی وجہ سے گرمی میں اضافہ ہوگیا، ہلکی ہوا نے کچھ موسم کو معتدل کیا۔ جمعرات کو بھی موسم کی یہی کیفیت رہی، دھوپ سے گرمی زیادہ ہوگئی تھی۔ بادل آسمان پر کہیں کہیں نظر آتے تھے۔ دن بھر وقفے وقفے سے ہلکی ہوا چلتی رہی۔ یہ ہفتہ مجموعی طور پر گرم، خشک اور ہلکی ہوا والا تھا۔ ٹمپریچر زیادہ سے زیادہ ۳۷؍ اور کم سے کم ۲۷؍ درجہ سینٹی گریڈ تھا۔ (ابو سدید)