اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کبابیر کو اپنا اٹھائیسواں جلسہ سالانہ ’’وَاِنَّکَ لَعَلٰی خُلُقٍ عَظِیۡمٍ‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۱۱و۱۲؍ستمبر ۲۰۲۵ء مسجد محمود کے احاطہ میں کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ جب جلسہ کا وقت قریب آیا تو ملکی حالات کے پیشِ نظر خدشات بڑھ گئے۔ ویسٹ بینک سے ۱۰۰؍سے زائد مہمانوں نے شامل ہونا تھا مگر جلسہ سے چند روز قبل وہاں بدامنی کی وجہ سے سرحدیں بند ہوگئیں۔ اللہ تعالیٰ نے محض اپنے فضل سے راہیں کھول دیں اور تمام مہمان بخیروخوبی جلسہ میں شامل ہوئے اور برکتیں حاصل کرکے واپس بھی لوٹ گئے۔ یہ امر یہاں کی موجودہ صورتِ حال میں کسی معجزہ سے کم نہ تھا۔ پہلا دن(عبرانی اجلاس): پہلا اجلاس ۱۱؍ستمبر بروز جمعرات شام کو منعقد ہوا جو حسبِ روایت عبرانی(Hebrew) زبان میں تھا۔ اس میں بڑی تعداد میں یہودی اور دیگر غیر مسلم معزز مہمان شریک ہوئے۔ مکرم محمد شریف عودہ صاحب امیر جماعت احمدیہ کبابیر کی زیر صدارت اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ بعدازاں جماعت احمدیہ کا تعارف اور خلیفۂ وقت کی قیادت میں عالمی سطح پر قیامِ امن کی کوششوں پر ایک ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ مکرم امیر صاحب کی تقریر کے بعد یہودی اور عرب دانشوروں کو شامل کرکے ایک پُرمغز مذاکرہ ہوا جو دونوں اقوام کے ليے نہایت مفید ثابت ہوا۔ مہمانوں کو لائبریری اور نمائش کا دورہ بھی کروایا گیا۔ عشائیہ اور نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے ساتھ جلسہ سالانہ کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔ دوسرا دن: نمازِ جمعہ اور کھانے کے بعد سہ پہر تین بجے حضور انور ایدہ اللہ کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا گیا۔ ساڑھے چار بجے پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت لہرایا اور دعا کروائی۔ دوسرے دن کا پہلا اجلاس (عربی زبان میں): دوسرے دن کے پہلے اجلاس کی صدارت خاکسار(مبلغ انچارج)نے کی۔ تلاوتِ قرآن اور قصیدہ کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’مومنین کی جماعت میں قربانیوں کی اہمیت‘‘ از مکرم معاذ عمر صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری، ’’خلافت عافیت کا حصار‘‘ از مکرم مناع عودہ صاحب نیشنل سیکرٹری امور عامہ اور ’’وَلَدٌ صَالِحٌ یَدْعُوْلَهٗ– تربیتِ اولاد‘‘ از مکرم عماد الدین مصری صاحب مبلغ سلسلہ و نیشنل سیکرٹری تربیت۔ اس کے بعد سالانہ رپورٹ ایک مختصر ویڈیو کی صورت میں پیش کی گئی۔ پھر ایک غیر از جماعت عالم جناب شیخ صہیر صاحب نے مختصر سی تقریر کی۔ اختتامی اجلاس:نمازِ مغرب و عشاء کے بعد اختتامی اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت مکرم غانم احمد غانم صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ اردن نے کی۔ اس موقع پر کثیر تعداد میں غیر احمدی مہمان بھی موجود تھے۔ تلاوت قرآن کریم و قصیدہ کے بعد حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا عربی زبان میں پیغام سنایا گیا۔ یہ پیغام سکرین پر دکھایا گیا اور بلند آواز میں پڑھا گیا۔ خاکسار نے ’’اخلاقِ فاضلہ کا معجزہ‘‘ پر اور مکرم امیر صاحب نے ’’باہمی اتحاد کی اہمیت‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ اجلاس کے آخر میں غیر احمدی عرب شخصیات کے ساتھ ایک مذاکرہ بعنوان ’’عرب معاشرہ میں باہمی اتحاد کی ضرورت اور فوائد‘‘ بھی ہوا جس میں مکرم امیر صاحب اور مکرم اسعد موسیٰ عودہ صاحب نے جماعت کی نمائندگی کی۔ اختتامی دعا اور کھانے کے ساتھ جلسہ سالانہ کبابیر اپنے بابرکت اختتام کو پہنچا۔ ناگفتہ بہ ملکی حالات کے باوجود اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۴۵۰؍یہودی مہمان جلسہ میں شریک ہوئے جن میں کئی نمایاں شخصیات شامل تھیں۔اس طرح جلسے کی کُل حاضری ۹۸۰؍رہی۔الحمدللہ علیٰ ذالک حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جلسہ سالانہ کبابیر ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز عربی پیغام کا اردو مفہوم: https://www.alfazl.com/2025/09/29/131776/