تربیتی کلاس لجنہ اماءاللہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ کینیا کو ۱۸تا ۲۲؍اگست ۲۰۲۵ء بروز سوموار تا جمعہ نیروبی مرکز میں اپنی پانچ روزہ مرکزی تربیتی کلاس منعقد کرنے کی توفیق ملی جس میں کینیا بھرکی مجالس سے ۱۳۴؍ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات شامل ہوئیں جبکہ ۱۱؍ممبرات لجنہ اماءاللہ کو اس کلاس میں درس و تدریس کے فرائض سر انجام دینے کا اعزاز حاصل ہوا۔ الحمدللہ اس پانچ روزہ تربیتی کلاس کا افتتاح مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ کینیا نے کیا۔ پروگرام کے مطابق ہر روز صبح پونے پانچ بجے نماز تہجد سے اس کا آغاز ہوتا۔ نماز فجر کی ادائیگی کے بعد درس قرآن کریم ہوتا جس میں سورۃ المائدۃ کا ترجمہ اور تفسیر بیان کی جاتی۔ ناشتہ کے بعد ۹؍بجے کلاس کی کارروائی درس ملفوظات سے شروع ہوتی جس کے بعد مجلس سوال و جواب اور پھر آدھے گھنٹے کے لیے ورکشاپ ہوتی جس میں ۶؍مرکزی سیکرٹریز باری باری اپنے اپنے شعبہ سے متعلق تفصیلات بیان کرتیں اور حاضرین کے سوالوں کے جواب دیتیں۔ بعدہٗ ایک گھنٹے کے لیے قرآن کلاس ہوتی جس میں ممبرات لجنہ اماءاللہ کی علمی قابلیت اور عمر کے مطابق ان کے مختلف گروپس کو کلمہ، نماز، قاعدہ یسرناالقرآن، قرآن کریم ناظرہ ترجمہ اور دیگر امور پڑھائے جاتے۔ یہ کلاس گیارہ بجے تک جاری رہتی۔ گیارہ بجے سے ساڑھے گیارہ بجے تک تجوید القرآن کلاس ہوتی جس میں قرآن کریم کی قراءت سے متعلق عمومی قواعد اور رموز سکھائے جاتے۔ اس کے بعد آدھے گھنٹے کے لیے جنرل ڈسکشن ہوتی جس میں نظام جماعت اور تعلیم و تربیت سے متعلق امور پر گفتگو کی جاتی۔ بارہ بجے سے لے کر ایک بجے تک ایم ٹی اے پر حضرت مسیح موعودؑ اور جماعت سے متعلق سواحیلی زبان میں لائیو پروگرام دکھایا جاتا جس کے بعد نماز ظہر اور ظہرانے کے ليے وقفہ کیا جاتا۔ اڑھائی بجے دوبارہ کلاس شروع ہوتی اور ایک گھنٹے کے لیے شاملین کو دستکاری اور مختلف اشیاء خور و نوش بنانے کی تربیت دی جاتی جس کے بعد سپورٹس پروگرام ہوتا اور صحت سے متعلق کوئی ڈاکٹر صاحبہ مختصر لیکچر بھی دیتیں۔ چار سے پانچ بجے تک مختلف موضوعات پر لیکچرز ہوتے جن میں اسلام کی معاشرتی تعلیمات، احمدیت کی صداقت، خلافت کی اہمیت و اطاعت، مالی قربانیوں کی اہمیت اور جماعت کا مالی نظام وغیرہ شامل تھے۔ پانچ بجے نماز عصر ادا کی جاتی جس کے بعد چائے کے لیے وقفہ ہوتا۔ پونے چھ بجے نماز مغرب سے عشاء تک آنحضورﷺ اور حضرت مسیح موعودؑ کی عائلی زندگی اور آپؑ کے اہل خانہ کے ساتھ حسن سلوک وغیرہ پر تقاریر اور سوال و جواب کا دلچسپ سلسلہ جاری رہتا۔ نماز عشاء اور عشائیہ کے ساتھ دن کا اختتام ہوتا۔ کلاس کے آخری روز ۲۲؍اگست بروز جمعہ تمام شرکائے کلاس کا تحریری و زبانی امتحان لیا گیا جس میں نمایاں پوزیشن لینے والی ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کو اجتماع کے اختتامی اجلاس میں انعامات دیے گئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ کلاس ہر لحاظ سے کامیاب رہی اور تعلیم و تربیت کے تقاضے پورے کرنے میں ممد ثابت ہوئی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک نیشنل سالانہ اجتماع لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ کینیا اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماء اللہ کینیا کا نیشنل سالانہ اجتماع مورخہ ۲۳و۲۴؍اگست ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ و اتوار نیروبی مرکز میں منعقد ہوا جس میں شمولیت کے لیے لجنہ اماءاللہ اور ناصرات کی ایک بڑی تعداد پہلے ہی تربیتی کلاس کی وجہ سے یہاں موجود تھی۔ ان کے علاوہ کینیا کے مختلف ریجنز سے ناصرات اور ممبرات لجنہ کی بڑی تعداد ۲۳؍اگست کی صبح تک نیروبی مرکز میں پہنچ چکی تھی۔ ۲۳؍اگست کی صبح نو بجے مشن ہاؤس کے احمدیہ ہال میں مکرمہ مسز امۃ العزیز صاحبہ کی زیر صدارت اجتماع کا افتتاحی اجلاس منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم کے بعد مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ کینیا نے افتتاحی تقریر کی جس میں ممبرات لجنہ اور ناصرات کو اجتماعات کی اہمیت اور ان کے فوائد و برکات بتانے کے بعد اجتماع کے پروگراموں میں دلچسپی لینے اور ان سے کماحقہٗ فائدہ اٹھانے کی تاکید کی۔ پھر مکرمہ جنرل سیکرٹری صاحبہ نے سالانہ رپورٹ پیش کی جس میں دوران سال لجنہ اماءاللہ کی تبلیغی، تربیتی اور تعلیمی ترقیات نیز خدمت خلق کے کاموں کو مختصراً بیان کیا۔ دعا کے ساتھ افتتاحی اجلاس ختم ہوا اور لجنہ و ناصرات کے علمی مقابلہ جات شروع ہوئے جو نماز ظہر تک جاری رہے۔ نماز ظہر و عصر اور کھانے کے بعد دو بج کر تیس منٹ پر اجتماع کا دوسرا اجلاس مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم سے شروع ہوا۔ اس کے بعد صدر صاحبہ نے مختصر تقریر کی اور مختلف ہدایات دیں جس کے بعد تین بجے سے ساڑھے چار بجے تک ناصرات اور لجنہ کے الگ الگ مختلف کھیلوں کے مقابلے ہوئے۔ بعدازاں سب نے نمائش ہال میں جاکر وہاں رکھی مختلف اشیاء، تاریخی تصاویر اور تحریرات وغیرہ دیکھیں اور ان سے متعلق منتظمین سے مختلف سوالات کر کے اپنےعلم میں اضافہ کیا۔ یہ سلسلہ نماز مغرب و عشاء تک جاری رہا۔ عشائیہ کے ساتھ اجتماع کا پہلا دن اختتام پذیر ہوا۔ دوسرا روز: دوسرے دن یعنی۲۴؍اگست بروز اتوار پروگرام کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر اور درس کے بعد ناشتہ اور تیاری کے لیے وقفہ ہوا۔ ٹھیک پونے نو بجے شوریٰ کا اجلاس شروع ہوا جس کے لیے شوریٰ کی ممبرات احمدیہ ہال میں تشریف لے گئیں جبکہ باقی ممبرات نے علاج معالجہ کے لیے لجنہ کے زیر اہتمام منعقدہ مفت ہومیو میڈیکل کیمپ سے فائدہ اٹھایا۔ اس موقع پر ۹۰؍خواتین و بچیوں کے طبی معائنہ کے بعد انہیں ادویات مہیا کی گئیں۔ تقریباً سوا بارہ بجے اختتامی اجلاس مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ کینیا کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم سے شروع ہوا۔ اس کے بعد مکرمہ جنرل سیکرٹری صاحبہ نے کلاس اور اجتماع کی رپورٹ پیش کی جس کے بعد صدر صاحبہ نے کلاس اور اجتماع میں علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی ناصرات اور لجنہ کو انعامات دیے۔ اسی طرح دوران سال مجموعی طور پر اچھی کارگزاری کا مظاہرہ کرنے والی مجالس کو بھی انعامات دیے جس کے بعد آپ نے لجنہ اماء اللہ کے آئندہ سال کے پروگراموں پرعملدرآمد کے سلسلہ میں نہایت مفید ہدایات دیں اور لجنہ و ناصرات کو ان کی تنظیمی ذمہ داریاں خلوص اور لگن سے ادا کرنے کی تلقین کی اور اختتامی دعا کروائی جس کے بعد نماز ظہرو عصر ادا کی گئیں۔ کھانے کے بعد شاملین کی واپسی شروع ہو ئی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس اجتماع میں ۲۱۶؍ممبرات لجنہ اماءاللہ، ۱۱۳؍ناصرات اور ۴۷؍سات سال سے کم عمر بچیوں اور بچوں سمیت کل ۳۶۹؍افراد نے شرکت کی اور اجتماع ہر لحاظ سے کامیاب رہا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: سویڈن کے شمالی شہروں کے گرمائی بازاروں میں تبلیغی سرگرمیاں