https://youtu.be/kXAq2e4HQKY اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے مجلس انصاراللہ نائیجیریا کو اپنا۴۹واں سالانہ نیشنل اجتماع مورخہ ۲۲تا۲۴؍اگست ۲۰۲۵ء سینٹ پیٹرز یونیٹی سیکنڈری سکول، آکورے، ریاست Ondo میں کامیابی سے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ اجتماع سے قبل مورخہ ۲۰ و۲۱؍اگست کو اسکاں (Isinkan) کے ایرالپو (Iralepo) کے محل میں دو روزہ فری میڈیکل کیمپ منعقد ہوا جس سے ۴۰۰؍سے زائد مریضوں نے استفادہ کیا جن میں صحت کے لیکچر، بلڈپریشر چیک اپ، بلڈ شوگر ٹیسٹ، ملیریا اور ہیپاٹائٹس کی سکریننگ، دوائیوں کی تقسیم، مفت طبی مشورے اور عینکوں کی فراہمی شامل تھے۔ پہلا دن:نائیجیریا کے طول وعرض سے انصار اللہ اپنے سالانہ اجتماع کے لیے آکورے (Akure) ٹاؤن میں ایک دن قبل جمع ہونا شروع ہوئے۔ جمعہ کے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نمازوں کے بعد صدر مجلس خدام الاحمدیہ نائیجیریا مکرم عبدالرقیب اکینیمی صاحب نے ’’خدمت انسانیت عبادت ہے: اسلام کا معاشرہ کی ترقی میں کردار‘‘ پر درس دیا۔ اس کے بعد دن کا پہلا لیکچر صحت کے حوالے سے تھا جو ڈاکٹر مصلح الدین فوالے صاحب نے ’’پروسٹیٹ کے بڑھنے کی علامات، پیچیدگیاں اور علاج‘‘ کے موضوع پر دیا۔ تمام انصارنے ایک بجے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ سماعت کیا اور اس کے بعد امیر جماعت احمدیہ نائیجیریا مکرم عبدالعزیز الاتویے صاحب نے مقامی خطبہ جمعہ دیا اور جمعہ کی نماز پڑھائی۔ اجتماع کا افتتاحی اجلاس شام پانچ بجے مکرم ناصرا حمد محمود صاحب نمائندہ مبلغ انچارچ نائیجیریا کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ کے بعد مکرم عبدالمجیب ایوبا صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’اسلام میں خدا کا تصور‘‘ پر حضرت مسیح موعودؑ کی تحریرات کے ذریعہ نہایت عمدہ لیکچر پیش کیا۔ رات نمازوں اور کھانے کے بعد تعلیمی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔ دوسرا دن: اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر، درس اور ہلکی پھلکی ورزش کے بعد ڈاکٹر منصور آڈےبایو صاحب نے بڑھاپے میں صحت مند زندگی گزارنے کے بارے میں لیکچر دیا۔ ناشتہ کے بعد چند ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔ نو بجے مکرم امیر صاحب کی قیادت میں تمام اضلاع نے مارچ پاسٹ کیا جس کا باقاعدہ آغاز لوائے احمدیت، لوائے انصار اللہ اور نا ئیجیریا کے جھنڈے کو لہرانے سے ہوا۔ اس کے بعد ہر ضلع کے انصار نے باری باری مارچ پاسٹ کیا۔ مارچ پاسٹ کے فورًا بعد تمام انصار ہال میں جمع ہوئے جہاں دن کا سب سے اہم اجلاس ’’سمپوزیم ‘‘ مکرم امیر صاحب کی صدارت میں شروع ہوا۔ اس اجلاس میں Ondoریاست کے گورنر کے نمائندہ، چیف امام، آکورے علاقہ کا بادشاہ، آکورے علاقے کا عیسائیت کا سربراہ اور کئی اَور مسلم و غیر مسلم نمایاں شخصیات نے شمولیت اختیار کی۔ مکرم معلم الحاجی واعظ اپویں صاحب نے اجتماع کے مرکزی موضوع پر نہایت عمدہ لیکچر پیش کیا۔ الحمدللہ یہ اجلاس ہر لحاظ سے بہت کامیاب رہا۔ شام کے وقت علمی و ورزشی مقابلہ جات کے فائنلز کا انعقاد ہوا۔ رات کو نماز مغرب و عشاء اور کھانے کے بعد رشتہ ناطہ کی ٹیم کے تحت ایک پروگرام ہوا جہاں ’’ازدواجی تعلقات:مسائل اور ان کا حل‘‘ پر معلمین کی ایک ٹیم نے گفتگو کی۔ تیسرا دن:دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر اور درس کے بعد اختتامی اجلاس مکرم امیر صاحب نائیجیریا کی زیر صدارت صبح سات بجے شروع ہوا۔ تلاوت قرآن کریم اور قصیدہ کے بعد ڈاکٹر توفیق ثانی صاحب نائب صدر صف دوم نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی۔ امیر صاحب نے علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والے انصار میں انعامات تقسیم کیے اور صدر صاحب مجلس انصاراللہ نائیجیریا نے اپنا پیغام پیش کیا۔ بعدازاں مکرم امیر صاحب نے اختتامی کلمات پیش کیے اور دعا کے ساتھ اس کامیاب اجتماع کا اختتام ہوا۔ الحمدللہ امسال اجتماع کی کل حاضری چار ہزار۱۵۰؍تھی۔ اس کے علاوہ ایک ہزار ۸۴۱؍احباب نے آن لائن اجتماع میں شمولیت اختیار کی۔ (رپورٹ : سید اطہر محمود۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ) ٭…٭…٭