https://youtu.be/VJEOF7MzTB0 اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ یونان کو اپنا دسواں سالانہ نیشنل اجتماع ’’تزکیہ نفس‘‘ کے مرکزی موضوع پر مورخہ ۱۵؍اگست ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک ایتھنز مشن ہاؤس میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد، فجر اور درس القرآن سے کیا گیا۔ شاملین کے ليے ناشتے کا انتظام موجود تھا۔ افتتاحی اجلاس صبح سوانوبجے مکرم عرفان لطیف بٹ صاحب صدر مجلس انصاراللہ یونان کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور عہد سے شروع ہوا۔ مکرم صدر صاحب نے افتتاحی تقریر کے بعد اجتماع کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے ارسال کردہ خصوصی پیغام پڑھ کر سنایا۔ دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ دس بجے دوسرا اجلاس شروع ہوا جس میں علمی و ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ علمی مقابلہ جات میں تلاوت قرآن کریم، نظم اور فی البدیہہ تقریر شامل تھے۔ اسی طرح ورزشی مقابلہ جات میں کلائی پکڑنا اور پنجہ آزمائی کے مقابلے شامل تھے۔ بارہ بجے دوسرا اجلاس زیر صدارت صدر صاحب مجلس انصار اللہ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے شروع ہوا۔ مکرم چودھری مشتاق احمد صاحب نیشنل سیکرٹری مال یونان نے ’’تلقین عمل‘‘ پر جبکہ مکرم شوکت علی خان صاحب نے ’’ذکرحبیب‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ ایک سے چار بجے تک وقفہ کے دوران نماز ظہر و عصر جمع کر کے ادا کی گئیں۔ نیز ظہرانہ اور گروپ فوٹو و تیاری انعامات کے بعد ایم ٹی اے پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ براہ راست سنا اور دیکھا گیا۔ ساڑھے چار بجے تیسرا اور آخری ا جلاس زیر صدارت مہمان خصوصی مکرم عطاء النصیر صاحب مبلغ سلسلہ و نیشنل صدر جماعت احمدیہ یونان تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، نظم اور عہد سے شروع ہوا۔ بعد ازاں صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے اجتماع کی رپورٹ پیش کی اور اجتماع کو کامیاب بنانے کے ليے مکرم نیشنل صدر صاحب، مجلس عاملہ انصار اللہ اور کسی بھی حوالے سے خدمت کرنے والوں اور شاملین کا شکریہ ادا کیا۔ تقریب تقسیم انعامات: مہمان خصوصی نے مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والوں میں انعامات تقسیم کیے اور اجتماع کے مرکزی موضوع پر تقریر کی، حاضرین و سامعین کو چند نصائح کیں اور اختتامی دعا کروائی۔ اس طرح کامیابی کے ساتھ اجتماع کا اختتام ہوا۔ حاضری: اجتماع میں شامل حاضرین کی تعداد۲۵؍جبکہ آن لائن شامل ہونے والے احباب کی تعداد ۹؍تھی۔ یوں اجتماع کی کل حاضری ۳۴؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک اللہ تعالیٰ شاملین کو اس اجتماع میں جو تقاریر و نصائح ہوئی ہیں ان پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور حقیقی انصار بنائے۔ آمین (رپورٹ:ارشد محمود۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا مجلس انصاراللہ یونان کے دسویں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام مکرم صدر صاحب مجلس انصارالله یونان السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبركاته اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ یونان کو اپنا سالانہ نیشنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اس مبارک دن سے فائدہ اٹھاتے ہوئے یاد رکھیں کہ اجتماع کا مقصد محض اکٹھے ہو کر وقت گزارنا نہیں بلکہ اجتماع کی حقیقی روح کو سمجھنا ہے۔ ’’انصار اللہ‘‘ یعنی اللہ کے مدد گار بننے کے لئے ضروری ہے کہ انسان کا دل ہر قسم کی دنیاوی آلائشوں، تکبر اور بغض سے پاک ہو اور اس کی روح خدا تعالیٰ کی محبت میں سرشار ہو جائے۔ اور اس کا بہترین ذریعہ نمازوں کو خشوع و خضوع سے قائم کرنا، دعاؤں پر زور دینا اور قرآن کریم پر غور و فکر کر کے اس کے احکامات پر عمل کرنا ہے۔ کثرت سے استغفار بھی کریں کیونکہ یہ دلوں کے زنگ کو دور کرتا ہے۔ اور ہمیشہ یاد رکھیں کہ بحیثیت انصار اللہ آپ پر آئندہ نسلوں کی اصلاح کی بہت بڑی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ آپ کے نیک نمونے اور حقوق اللہ اور حقوق العباد کی ادائیگی آپ کے بچوں کو خودبخود نیکی کی طرف راغب کرے گی اور یہی عملی تربیت جماعت کے مستقبل کی ضمانت ہے۔ پس یہ عہد کریں کہ آپ اپنے اندر ایک پاک تبدیلی لانے اور اپنے نفس کو پاک کرنے کے جہاد میں ہمیشہ کوشاں رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ کو اس کی توفیق عطا فرمائے۔ اللہ آپ کے اجتماع کو بھی ہر لحاظ سے بابرکت اور کامیاب فرمائے اور ہمیشہ آپ سب کا حافظ و ناصر ہو۔ آمین