جماعت احمدیہ کوسوو کے ایک وفد نے مورخہ ۸؍جولائی ۲۰۲۵ء کو بلدیہ ایلز ہان (Elez Han) کے میئر جناب Mehmet Ballazhi اور ڈائریکٹر آف ایجوکیشن جناب Hisni Luri سے ایک نہایت مفید ملاقات کی۔ جماعت احمدیہ کی نمائندگی مکرم معلم البان زکری راج (Alban Zeqiraj) صاحب جماعت پییا (Peja) اور خاکسار (صدر جماعت و مبلغ سلسلہ) کوسوو نے کی۔ یہ ملاقات اُن تعلیمی منصوبہ جات کے پس منظر میں ہوئی جو جماعت احمدیہ کوسوو کی طرف سے رواں سال بلدیہ ایلز ہان میں کامیابی سے مکمل کیے گئے۔ ان منصوبہ جات میں قومی سطح پر منعقد ہونے والا مضمون نویسی کا مقابلہ خصوصیت سے قابل ذکر ہے جس کے ذریعے طلبہ کو پہلی بار اپنے خیالات، احساسات اور معاشرتی مسائل پر اظہار کا بھرپور موقع ملا۔ اس ملاقات کے دوران میئر اور ڈائریکٹر صاحب نے چند ماہ قبل اسلام آباد، ٹلفورڈ یوکے میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کا پُراثر ذکر کیا جسے وہ محض رسمی ملاقات نہیں بلکہ ایک روحانی تجربہ قرار دیتے ہیں۔ جناب Mehmet Ballazhi نے کہا:’’میں نے زندگی میں کئی شخصیات سے ملاقات کی ہے لیکن حضور انور سے ملاقات کے بعد جو روحانی قرب، خلوص اور محبت کا تعلق قائم ہوا، وہ میری زندگی کا انمول سرمایہ ہے۔ اسلام کی وہ خوبصورت اور اثرانگیز تصویر جو مجھے حضور انور سے سننے کو ملی، وہ کہیں اور میسر نہ آ سکی۔‘‘ ڈائریکٹر آف ایجوکیشن جناب Hisni Luriنے بھی حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی بصیرت افروز گفتگو کا ذکر کرتے ہوئے کہا: ’’حضور انور نے تعلیم کی اہمیت اور میرے میدان عمل سے متعلق جس حکمت سے راہنمائی فرمائی، وہ میرے لیے نہایت متاثر کن تجربہ تھا۔ یہ ایسا محسوس ہوا جیسے برسوں پرانا تعلق ہو۔ مجھے یقین ہے کہ جماعت احمدیہ کی ترقی کا راز خلافت کی بابرکت قیادت میں ہی پوشیدہ ہے۔‘‘ اس ملاقات کے دوران نوجوانوں کی تربیت، بین المذاہب مکالمہ اور تعلیمی ترقی سے متعلق آئندہ منصوبہ جات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ آخر پر معزز مہمانان کو جلسہ سالانہ یوکے ۲۰۲۵ء میں شرکت کی دعوت دی گئی جسے انہوں نے خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا۔ اللہ تعالیٰ ان تعلقات میں مزید مضبوطی اور اخلاص پیدا فرمائے اور حضور انور کی بابرکت قیادت میں جماعت احمدیہ کو عالمی سطح پر قیام امن، علم و تربیت اور روحانی خدمت کے میدانوں میں مزید ترقی عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ میلبرن ویسٹ، آسٹریلیا کے زیر انتظام’ہستی باری تعالیٰ‘ کےموضوع پر ایک بین المذاہب پروگرام کا انعقاد