اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ جزائر فجی کی ذیلی تنظیموں کو اپنا ۴۸واں دو روزہ نیشنل اجتماع مورخہ ۳۰؍ و ۳۱؍اگست ۲۰۲۵ء کو بمقام مسجد رضوان، لٹوکا منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس اجتماع کو کامیاب بنانے کے لیے مکرم محمود احمد صاحب امیر و مبلغ انچارج فجی کی ذیلی تنظیموں کے صدران کے ساتھ میٹنگز ہوئیں جن میں پروگرام کے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔ صدران نے جماعتوں کے دورے کیے اور احباب کو اجتماع میں شامل ہونے کی طرف توجہ دلائی۔ اجتماع کے لیے ایک کمیٹی قائم کی گئی اور وقفے وقفے سے جائزہ میٹنگز کے ذریعہ تیاریوں کو آگے بڑھایا گیا۔ متعدد وقار عمل بھی ہوئے۔ اس حوالے سے جماعت لٹوکا نے مسجد کی تزئین و آرائش اور تعمیراتی کام میں بھرپور کردار ادا کیا۔ مسجد کے ہال میں کیلیگرافی کا خوبصورت کام بھی کیا گیا۔ اجتماع کے سلسلہ میں تمام جماعتوں کو تینوں تنظیموں کا نصاب بھجوایا گیا اور اس کی تیاری کروائی گئی۔ نیز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خطوط بھی ارسال کیے گئے۔ مورخہ ۲۹؍اگست کو دوسرے جزائر سے مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا اور ان کے قیام و طعام کا خاص خیال رکھا گیا۔ ۳۰؍اگست کو ویتی لیو کی جماعتوں کے افراد بھی اجتماع میں شامل ہوئے جن میں ایک بس صُوا سے لٹوکا پہنچی۔ ناشتہ کے بعد تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی جس میں مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت اور مکرم خالد احمد صاحب صدر مجلس انصار اللہ فجی نے قومی جھنڈا لہرایا۔ اس کے بعد امیرصاحب نے دعا کروائی۔ اجتماع کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن کریم، نظم اور عہد سے ہوا۔ بعدازاں مکرم عاقب شاہ صاحب نے افتتاحی تقریر کی۔ پھر صدر صاحب مجلس انصار اللہ نے جماعت لٹوکا کی کاوشوں کو سراہا اور احباب کو بھرپور شمولیت کی طرف توجہ دلائی۔ مکرم امیر صاحب نے اپنی افتتاحی تقریر میں ’’پانچ بنیادی اخلاق‘‘ کے موضوع پر مفصل نصائح کیں اور دعا کروائی۔ بعد ازاں ذیلی تنظیموں نے اپنی مجالس شوریٰ منعقد کیں۔ نماز ظہر و عصر اور دوپہر کے کھانے کے بعد علمی مقابلہ جات شروع ہوئے جو شام چار بجے تک جاری رہے۔ کچھ دیر چائے و ریفریشمنٹ کے بعد مقابلوں کا سلسلہ نماز مغرب تک جاری رہا۔ ان مقابلہ جات میں تلاوت، نظم، حفظ قرآن، حفظ ادعیہ، حفظ احادیث، تقریر اردو و انگلش، اذان و اقامت اور پیغام رسانی شامل تھے۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد مجلس خدام الاحمدیہ کے زیر اہتمام دینی معلومات کا مقابلہ منعقد ہوا جس میں لیکچر لاہور، لیکچر لدھیانہ اور عمومی دینی سوالات شامل تھے۔ یہ دلچسپ مقابلہ لباسہ ٹیم نے جیت لیا۔ بعد ازاں شام کے کھانے کے ساتھ دن کا اختتام ہوا۔ اجتماع کا دوسرا دن:اجتماع کے دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد مکرم سیف اللہ صاحب نے ’’گھر کے آداب‘‘ کے موضوع پر درس دیا۔ ناشتہ کے بعد خدام، اطفال اور انصار کے میدان میں ورزشی مقابلہ جات ہوئے جن میں فٹ بال، ڈارٹس، ۱۰۰؍میٹر ریس، ثابت قدمی، سیک ریس، گولا پھینکنا، تھالی پھینکنا اور والی بال شامل تھے۔ تمام شرکاء نے بھرپور حصہ لیا اور ایک دوسرے کی حوصلہ افزائی کی۔ اس کے بعد اختتامی اجلاس کا آغاز ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم، نظم اور عہد دہرانے کے بعد اطفال، خدام اور انصار میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ مکرم عظیم اسحاق صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ فجی نے اجتماع کی اہمیت اور برکات پر نصائح کیں۔ آخر میں مکرم امیر صاحب نے ’’استحکام ایمان، چھوٹی چھوٹی باتوں پر شبہات سے بچنے اور مالی قربانی‘‘ کے موضوعات پر نہایت مفید نصائح کیں اور دعا کروائی۔ اجتماع کے اختتام پر کھانے کے بعد میٹھا بھی تقسیم کیا گیا۔ محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سال کے اجتماع میں فجی کے تین جزائر کی ۹؍جماعتوں سے ۲۳۰؍افراد نے شرکت کی، یہ حاضری گذشتہ کئی سالوں کی نسبت زیادہ تھی۔ جماعت احمدیہ لٹوکا نے مہمان نوازی میں بھرپور کردار ادا کیا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو اس اجتماع کے مقصد کو پورا کرنے والا بنائے اور تمام کارکنان و مسافر احباب کی مالی و وقتی قربانیوں کو قبول فرمائے، ان کے اخلاص و ایمان میں برکت عطا کرے اور اجر عظیم سے نوازے۔ آمین ثم آمین (رپورٹ:اسد محمود۔ مبلغ سلسلہ لٹوکا ریجن)