قائد عمومی مجلس انصار اللہ ہالینڈ مکرم محمود احمد شاہد صاحب تحریر کرتے ہیں کہ محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ ہالینڈ کا ۳۷؍واں سالانہ نیشنل اجتماع ’’تربیت اولاد‘‘ کے مرکزی موضوع پر ۲۲؍تا ۲۴؍اگست ۲۰۲۵ء فیئر ہاؤتن، نن سپیت میں منعقد ہوا۔ اجتماع کے پہلے دن صبح سے ہی انصار کی آمد شروع ہوگئی تھی جنہیں شعبہ رجسٹریشن نے خوش آمدید کہا۔ دوپہر کے کھانے کے بعد نماز جمعہ و عصر مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب مبلغ انچارج ہالینڈ نے پڑھائیں۔ بعد ازاں تمام انصار نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا براہ راست خطبہ جمعہ سنا۔ تقریب پرچم کشائی:ساڑھے تین بجے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی۔ مکرم داؤد اکمل صاحب صدر مجلس انصار اللہ ہالینڈ نے لوائے انصار اللہ اور مکرم ہبۃ النور فرحاخن صاحب امیر جماعت احمدیہ ہالینڈ نے قومی پرچم لہرایا۔ مبلغ انچارج صاحب نے دعا کروائی۔ افتتاحی اجلاس:افتتاحی اجلاس کی صدارت مکرم امیر صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد صدرصاحب مجلس انصاراللہ نے شاملین کو خوش آمدید کہا، تعلق باللہ، عبادات بالخصوص نماز تہجد کی ادائیگی کی تاکید کی نیز اجتماع کے موقع پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارسال کردہ خصوصی پیغام برائے انصار پڑھ کر سنایا۔ مذکورہ پیغام کو الگ سے خصوصی طور پر شائع کر کے بعد از اجلاس انصار میں تقسیم بھی کیا گیا۔ اس کے بعد مکرم مبلغ انچارج صاحب نے اجتماع کے مرکزی موضوع پر اپنی تقریر میں بچوں کو مساجد سے جوڑنے اور اپنا عملی نمونہ بچوں کے سامنے پیش کرنے نیز اپنے گھر کے ماحول کو جنت نظیر بنانے کی کو شش کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ دعا کے ساتھ اجلاس اختتام پذیر ہوا۔ علمی و ورزشی مقابلہ جات: پہلے دن علمی مقابلوں میں تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن اور نظم کے مقابلے کروائے گئے۔ اسی طرح ورزشی مقابلوں میں ٹیبل ٹینس، کلائی پکڑنا، ڈارٹ اور میوزیکل چیئرز کے مقابلے ہوئے۔ عشائیہ کے بعد شام نو بجے نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ اجلاس برائے صحت مند طرز زندگی:نمازوں کے بعد اجلاس برائے صحت مند طرز زندگی منعقد ہوا جس میں ڈاکٹر عطاء المنعم صاحب نے صحت کو قائم رکھنے کے حوالے سے لیکچر دیا اور سوالات کے جواب بھی دیے۔ میٹنگ ناظمین شعبہ جات سالانہ اجتماع:پہلے دن کے اختتام پر صدر مجلس نے ناظمین شعبہ جات کے ساتھ میٹنگ میں نظم و ضبط اور حاضری کے حوالے سے ہدایات دیں اور تجاویز بھی حاصل کیں۔ دوسرا دن: دوسرے دن کا آغاز نماز تہجد، فجر اور درس سے ہوا۔ نمازوں کے بعد انصار نے انفرادی تلاوت اور صبح کی سیر کی۔ صبح نو بجے ناشتہ پیش کیا گیا۔ ورزشی مقابلہ جات:ناشتے کے بعد رسہ کشی، فٹ بال، تیراندازی اور دوڑ کے مقابلے ہوئے۔ مقابلوں کے بعد کھانا اور پھر نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔ صدر مجلس کی صدارت میں تلقین عمل کا جو اجلاس ہوا اس میں مکرم حامد کریم محمود صاحب مبلغ سلسلہ نے ’’حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام کے ارشادات کی روشنی میں تربیت اولاد‘‘ پر جبکہ مکرم طاہر احمد محمود صاحب نے ’’نظام وصیّت کی برکات و اہمیت‘‘ پر تقاریر کیں۔ بعدازاں خاکسار (قائد عمومی) نے مجلس انصار اللہ ہالینڈ کے مرکزی دفتر کی تعمیر کے حوالے سے جاری ’پراجیکٹ گیسٹ ہاؤس، مجلس انصاراللہ‘ کے حوالے سے پریزینٹیشن پیش کی۔ آخر پر تبلیغی ورکشاپ ہوئی جس میں مکرم سفیر احمد صاحب مبلغ سلسلہ، نیشنل سیکرٹری تبلیغ اور قائد تبلیغ نے تقاریر کیں۔ اس اجلاس میں صدر مجلس انصار اللہ جرمنی کی قیادت میں جرمنی سے اور صدر مجلس انصار اللہ فرانس کی قیادت میں فرانس سے وفود بھی شریک ہوئے۔ دوسرے دن پیغام رسانی، تقریر، تقریر فی البدیہہ، اذان اور حفظ ادعیہ کے مقابلے ہوئے۔ عشائیہ اور نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد مجلس انصار اللہ فرانس و جرمنی کے صدران نیز صدر صاحب مجلس انصار اللہ ہالینڈ و دیگر مقامی بزرگان کے ساتھ اجتماع گاہ سے متصل میدان میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمانان و بزرگان نے خلفاء کی شفقت و محبت کے ذاتی تجربات بیان کیے جن سے حاضرین بہت متاثر ہوئے۔ اس اجلاس کے دوران جملہ انصار ممبران کی خدمت میں ریفریشمنٹ اور کشمیری چائے پیش کی گئی۔ اسی طرح صدرمجلس انصاراللہ ہالینڈ کے ساتھ اجتماع کے جملہ شعبہ جات کے ناظمین کی میٹنگ بھی ہوئی۔ تیسرا دن:دن کا آغاز نماز تہجد، فجر اور درس سے ہوا۔ نماز کے بعد انفرادی تلاوت اور سیر کی گئی۔ صبح ۹ بجے ناشتہ پیش کیا گیا۔ اس روز مجلس انصاراللہ بیلجیم کا چار رکنی وفد صدر مجلس بیلجیم کے ہمراہ شریک ہوا۔ ناشتے کے بعد ریجنز کے درمیان فائنل کرکٹ میچ کھیلا گیا۔ سالانہ اجتماع میں تشریف لانے والے بزرگ انصار ممبران مجلس انصار اللہ ہالینڈ کے ہمراہ مکرم حامد کریم محمود صاحب مبلغ سلسلہ کی زیر صدارت ایک خصوصی اجلاس کا انعقاد ہوا۔ جبکہ شعبہ عمومی کے زیر انتظام مجلس انصاراللہ ہالینڈ کا سال ۲۰۲۵ء کے دوران حصہ بننے والے ممبران کے ہمراہ ایک استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مجلس ہٰذا میں مجلس خدام الاحمدیہ سے نئے شامل ہونے والے انصار نیز بیرونی ممالک سے ہالینڈ منتقل ہونے والے انصار ممبران شامل ہوئے۔ اس اجلاس کی صدارت مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ ہالینڈ نے کی۔ آپ نے جملہ شاملین کو خوش آمدید کہا جبکہ قائد صاحب عمومی نے جملہ ممبران میں مجلس انصار اللہ ہالینڈ کی طرف سے تحائف تقسیم کیے۔ اس کے بعد علمی مقابلہ جات کا سلسلہ جاری رہا جس دوران چھ ریجنز کی ٹیموں کے درمیان کتاب ’الوصیت‘ کا مقابلہ کوئز اور بیت بازی کے مقابلے ہوئے۔ ان مقابلہ جات کے اختتام پر انصار کی خدمت میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا اور باجماعت نماز ظہروعصر کی ادائیگی کا اہتمام کیا گیا۔ اختتامی اجلاس: مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ اس اجلاس میں صدر ان مجالس انصاراللہ جرمنی، بیلجیم اور ہالینڈ نیز نگران ہالینڈ مسجد فنڈ نے تقاریر کیں۔ بعدازاں مکرم امیر صاحب نے ڈچ زبان میں اختتامی تقریر کی جس کا اردو ترجمہ بھی پیش کیا گیا۔ دعا کے ساتھ اجتماع کا اختتام ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔اجتماع کے بعد گروپ فوٹو ہوا۔ تقسیم انعامات: مکرم امیر صاحب، مکرم صدر صاحب مجلس، مکرم مبلغ انچارج صاحب ہالینڈ و صدر صاحب مجلس انصار اللہ جرمنی نے اجتماع کے دوران منعقدہ مختلف علمی و ورزشی مقابلہ جات میں پوزیشن حاصل کرنے والے انصار کے درمیان انعامات تقسیم کیے۔ اسی طرح سال ۲۰۲۴ء کے دوران بہترین کارکردگی کے حامل ریجنز اور مجالس میں بھی انعامات تقسیم کیے گئے اوربہترین کارکردگی پر اوّل پوزیشن کی حامل مجلس آرنہم کو علم انعامی دیا گیا۔ اجتماع کی کل حاضری بشمول مہمانان ۴۳۵؍رہی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:عدیل باسم۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا مجلس انصاراللہ ہالینڈ کےنیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ ہالینڈ السلام علیکم ورحمۃ اللہ و برکاتہ آپ اپنے سالانہ نیشنل اجتماع کے لئے جمع ہوئے ہیں۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو تمام شاملین کے لئے بہت بابرکت فرمائے اور آپ سب کو اس کے پروگراموں سے احسن رنگ میں مستفیض ہونے کی توفیق دے۔آمین۔ ہمیشہ یاد رکھیں کہ بحیثیت انصاراللہ آپ پر بہت اہم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ آپ نے نہ صرف اپنی ذاتی اصلاح کرنی ہے بلکہ اپنی نسلوں کی بہترین رنگ میں تربیت بھی کرنی ہے۔ یہ ایک ایسی امانت ہے جو آپ کے سپرد کی گئی ہے۔ آپ کا عملی نمونہ آپ کے الفاظ سے کہیں زیادہ مؤثر ہے۔ پس اپنے گھروں میں ایسا ماحول پیدا کریں جہاں محبت، تقویٰ اور عبادت کی فضا قائم ہو۔ اپنے بچوں کے لئے بہترین نمونہ بنیں تاکہ وہ آپ کو دیکھ کر نیکی کی راہوں پر چلنے والے ہوں۔ اپنے بچوں کے دلوں میں اللہ تعالیٰ کی محبت اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت کا جذبہ پیدا کریں۔ ان میں بچپن سے ہی نمازوں کی اہمیت اجاگر کریں اور یہ عادت ڈالیں کہ وہ باقاعدگی کے ساتھ انہیں ادا کرنے والے ہوں۔ قرآن کریم کی تلاوت اور اس کی خوبصورت تعلیمات سے انہیں روشناس کروائیں۔ آجکل کے دور میں جہاں ہر طرف مادیت اور لغویات کا زور ہے، یہ آپ کا فرض ہے کہ اپنی نسلوں کو ان منفی اثرات سے بچائیں اور خلافت احمدیہ کے ساتھ ان کے تعلق کو مضبوطی سے قائم کریں۔ اگر آپ اپنی اولاد کی اس رنگ میں تربیت کرنے میں کامیاب ہوں گے تو آپ نہ صرف جماعت کے روشن مستقبل کی بنیادوں کو پختہ کرنے والے ہوں گے بلکہ اللہ تعالیٰ کی رضا کے وارث بنتے چلے جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو اپنی ذمہ داریاں کماحقہ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمیشہ آپ کا حافظ و ناصر ہو۔آمین