اللہ تعالیٰ کے فضل سے خاکسار (مربی سلسلہ) کو ساؤ پاؤلو، برازیل کے قریب واقع شہروں Piracicaba اور Jundiaika میں اسلام احمدیت کا پیغام وسیع پیمانے پر پہنچانے کا موقع ملا۔ اس موقع پر مقامی میڈیا اور سیاسی نمائندوں سے روابط قائم کیے گئے۔ ایک مقامی اخبار نے پہلے ہی خبر شائع کی کہ ’’ایک اسلامی مذہبی لیڈر امن اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لیے شہر میں موجود ہیں۔‘‘ اس خبر کے نتیجے میں شہر کے کونسل ہاؤس میں خاکسار بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا گیا اور کونسلرز کی میٹنگ کے دوران تقریر کا موقع ملا۔ اس تقریر میں اسلام کی امن پسند تعلیمات، مذہبی آزادی کے حوالے سے اسلامی ہدایات اور آنحضرتﷺ کی سیرتِ مبارکہ سے مثالیں پیش کی گئیں۔ تقریر کے بعد متعدد کونسلرز نے شکریہ ادا کرتے ہوئے اسلام کی تعلیمات سے اپنی یکجہتی کا اظہار کیا۔ اسی طرح ایک جرنلسٹ نے خاکسار کو ایک پوڈکاسٹ میں مدعو کیا جو ایک گھنٹے تک جاری رہا۔ شہر کے ایک مشہور ریڈیو چینل (جس کی رسائی تقریباً ۱۰؍لاکھ افراد تک ہے) نے بھی انٹرویو نشر کیا۔ مزید برآں دو ٹی وی چینلز اور تین اخبارات نے بھی انٹرویوز کیے۔ Piracicaba شہر کے مذہبی آزادی کے فورم کے صدر نے بھی ملاقات کے لیے مدعو کیا اور اس نئے قائم ہونے والے فورم کے حوالے سے مشورہ طلب کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ دورہ نہایت بابرکت اور کامیاب ثابت ہوا اور لاکھوں افراد تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:حافظ احتشام احمد مومن۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: فلپائن میں دو احمدیہ مسلم میڈیکل کیمپس کا انعقاد