اللہ تعالیٰ کے فضل سے جامعۃالمبشرین تنزانیہ کو حسب سابق و حسب روایت موروگورو ریجن میں سالانہ زرعی و صنعتی نمائش المعروف نانے نانے (Nane Nane) پر سٹال لگانے کی توفیق ملی۔ نانے نانے تنزانیہ میں ایک زرعی میلہ ہے جو ہرسال اگست کے پہلے ہفتہ میں ملک بھر میں منایا جاتا ہے اور ملک بھر میں اس زرعی و صنعتی میلے کے لیے مقامات مختص ہیں۔ ان مقامات کو بھی اس میلے کی مناسبت سے نانے نانے ہی پکارا جاتا ہے۔ یہ سٹال یکم تا۹؍اگست۲۰۲۵ء تک لگا رہا اور لگاتار نو دن تک جماعت کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کی توفیق ملی۔ سیکرٹری تبلیغ و تربیت و استاد جامعہ احمدیہ مکرم عبداللہ رمضان صاحب کے ہمراہ ۵؍طلبہ کی ٹیم بنائی گئی۔ یہ ٹیم دن رات وہیں جامعہ کے سٹال پر مقیم رہی۔ اس تبلیغی سرگرمی کو دو طریق پر سر انجام دیاگیا۔ ایک تو مذکورہ بالا سٹال کوباقاعدہ ایک مرکز بنا کر نانے نانے پر تبلیغ کی گئی اور جماعتی لٹریچر فروخت کیا گیا۔ جہاںسیکرٹری تعلیم و تربیت اور ایک طالب علم ہمہ وقت سٹال پر موجود رہتے اور جماعت کا پیغام لوگوں تک پہنچانے کی کوشش کرتے رہے۔ دوسری طرف دیگر طلبہ نانے نانے گراؤنڈ اور قریبی علاقوں میں چکر لگا کر وہاں پر تبلیغ کرتے اور جماعتی لٹریچر فروخت کرتے رہے۔ جامعہ کے بک سٹال پرسادہ قرآن مجید، سواحیلی ترجمہ والا قرآن، کتب حضرت مسیح موعودؑ اور دیگر جماعتی کتب رکھی گئیں۔ حسب سابق جامعہ کے سٹال پر بجلی کا بھی انتظام تھا جس کے سبب جامعہ کے سٹال پر ٹی وی بھی لگاہوا تھا جس پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے دورہ جات اور خطابات اور دیگر جماعتی سرگرمیوں کی ویڈیوز دکھائی گئیں۔ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد جامعہ کے سٹال پر تشریف لاتے رہے اورجماعت اور خلافت احمدیہ کے بارے میں سوالات بھی کرتے رہے۔ اس طرح ٹی وی کے ذریعہ بھی جماعت کا پیغام پہنچایا گیا۔ اس ساری سرگرمی کے ساتھ۲۵۰؍پمفلٹس تقسیم ہوئے اور ۴۲۴؍جماعتی کتب فروخت ہوئیں جن کی مالیت آٹھ لاکھ چھیاسٹھ ہزار سات سو پچاس شیلنگز ہے۔ ان کتب میں سواحیلی ترجمہ والا قرآن مجید بھی شامل ہے اور ایک ہزار ۳۰۰؍کے قریب افراد تک جماعت کا پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:عابد محمود بھٹی۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ سندر بان، بنگلہ دیش میں وصیت سیمینار کا انعقاد