https://youtu.be/o06EiTsTdPM محض خدا تعالیٰ کے فضل سے شعبہ وقف نو بینن کو مورخہ ۲۳؍اگست ۲۰۲۵ء کو نیشنل سطح پر واقفین نو اور واقفات نو کے علیحدہ علیحدہ سیمینارز کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ واقفین نو کا سیمینار نیشنل اجتماع مجلس خدام الاحمدیہ بینن کے دوسرے دن کے پہلے اجلاس میں منعقد ہوا تاکہ واقفین نو کے ساتھ دیگر خدام و اطفال بھی اس سیمینار سے بھرپور استفادہ کر سکیں۔ اس اجلاس کی صدارت گھانا سے آنے والے صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ کے نمائندہ نے کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور قصیدہ سے ہوا۔ سیمینار کے مرکزی موضوع ’’واقفین نو اور ان کے والدین کی ذمہ داریاں‘‘ پر خاکسار (نیشنل سیکرٹری وقف نو بینن) نے فرانسیسی زبان میں تقریر کی۔ اس پروگرام میں مکرم محمد لقمان بصیرو صاحب امیر جماعت احمدیہ بینن، قائم مقام مبلغ انچارج مکرم مظفر احمد ظفر صاحب، صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ بینن و برکینافاسو۔ نائیجیریا، گھانا، سینیگال اور ٹوگو کے نمائندگان، مبلغین کرام، لوکل مشنریز اور بڑی تعداد میں خدام شریک ہوئے۔ پروگرام کے اختتام پر واقفین نو کا امیر صاحب اور دیگر عہدیداران کے ساتھ گروپ فوٹو بھی ہوا۔ اس سیمینار میں ۲۳؍واقفین نو اور ۳۰؍سے زائد والد صاحبان شامل ہوئے۔ اسی طرح واقفات نو کا سیمینار نیشنل اجتماع لجنہ اماءاللہ کے موقع پر منعقد ہوا جس کی صدارت صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ بینن نے کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و فرانسیسی ترجمہ اور نظم سے ہوا۔ اس سیمینار کے مرکزی موضوع ’’واقفات نو اور ان کے والدین کی ذمہ داریاں‘‘ پر عزیزہ امۃ المصور مظفر نے تقریر کی۔ اس سیمینار میں ۳۶؍واقفات نو اور ۱۸؍سے زائد والدات شامل ہوئیں۔ اللہ تعالیٰ ان دونوں سیمینارز کے بہترین نتائج پیدا فرمائے اور تمام واقفین نو و واقفات نو کو اپنی رضا کی راہوں پر چلنے والا بنائے۔ آمین (رپورٹ: مرزا فرحان احمد بیگ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ زیمبیا کے جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد