۲۹؍اگست جمعۃ المبارک کو نماز فجر کے وقت ہوا ہلکی رفتار سے چل رہی تھی۔ آسمان پر کہیں کہیں بادل منڈلا رہے تھے۔ صبح دس، گیارہ بجے جب سورج ان کی اوٹ میں چُھپ جاتا تو دھوپ غائب ہوجاتی۔ شام کے وقت بادل آنا شروع ہوگئے، رات کو کچھ دیر کے ليے تیز بارش ہوئی اور موسم ٹھنڈا ہوگیا۔ ہفتہ کے دن ہلکی ٹھنڈی ہوا چل رہی تھی، گذشتہ دن کی بارش نے موسم میں واضح تبدیلی کردی تھی۔ اتوار کو بھی موسم خوشگوار رہا ٹھنڈی ہوا نے اپنا رنگ جمائے رکھا۔ سوموار کو مطلع جزوی طور پر ابر آلود تھا، ٹھنڈی ہوا جاری تھی۔ دھوپ میں گرمی تو لگتی تھی لیکن چھاؤں میں موسم اچھا محسوس ہوتا تھا، نیز کمروں کے اندر پنکھوں تلے ٹھنڈ محسو س ہوتی تھی، شام کے وقت مشرق کی طرف سے گھنے اور سیاہ بادل آئے اور ساتھ تیز ٹھنڈی ہوا بھی لے آئے لیکن عشاء تک ہوا کے ساتھ بادل آسمان پر بکھر گئے۔ منگل کو مطلع صاف تھا، تاہم ٹھنڈی ہوا کی وجہ سے موسم سردی کی طرف مائل لگ رہا تھا۔ بدھ کو بھی ہلکے بادل چھائے ہوئے تھے شام کو شمال مشرق کی طرف سے بادلوں نے ربوہ کا پھر رُخ کیا لیکن بنابرسے ہی چلے گئے۔ جمعرات کو آسمان پرکچھ بادل موجود تھے اور ظہر کے وقت آسمان بادلوں سے بھر گیا اوردھوپ غائب ہوگئی، ساتھ ٹھنڈی ہوا بھی چلتی رہی۔ موسم اچھا ہوگیا۔ یہ ہفتہ مجموعی طور پر موسم کے لحاظ سے خوشگوار اور سرد گزرا۔ اب گرمی اور حبس کے دن بیت گئے ہیں تاہم بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ کچھ دنوں کے ليے گرمی دوبارہ لوٹ کر آئے گی۔ جمعرات کو درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ ۳۱؍ اور کم سے کم ۲۶؍ درجہ سینٹی گریڈتھا۔(ابو سدید)