https://youtu.be/xB2Ekh_SBm4 اللہ تعالیٰ کے فضل سے مئی ۲۰۲۵ء میں خاکسار (نیشنل صدر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل) کو مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب کے ہمراہ برازیل کے شمال کے صوبہ Pará کے دو شہروں Santarem اور Juruti کا تبلیغی دورہ کرنے کا موقع ملا۔ خاص طور پر Juruti بالکل برازیل کا ایک کونہ ہے جہاں تک پہنچنے کے ليے بھی بڑا مشکل سفراختیار کرنا پڑتا ہے۔ یہاں خدا تعالیٰ کے فضل سے متفرق رنگ میں تبلیغی سرگرمیوں کا موقع ملا جن میں وائس میئر اور کونسل کے سرکردہ افراد سے ملاقات، لائبریری میں قرآن کریم کے پرتگیزی زبان کا نسخہ و دیگر اسلامی لٹریچر کا تحفہ، ایک لیکچر کا انتظام اور وسیع پیمانے پر پمفلٹس کی تقسیم شامل ہے۔ یہ شہر بالکل سمندر کے پاس واقع ہے چنانچہ وہاں ایک نمایاں جگہ پر حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور مسجد بیت الاول کی بڑی تصاویر والے بینرز آویزاں کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ اسی طرح ایک پاس کے شہر Santarem میں ایک ٹیلی ویژن چینل پر ۳۰؍منٹ کا انٹرویو نشر ہوا، ایک اخبار میں فوٹو کےساتھ رپورٹ شائع ہوئی، متعدد کونسلرز اور دیگر سرکردہ افراد سے ملاقاتوں کے علاوہ یہاں کی ایک لائبریری میں بھی قرآن کریم رکھوایا اور عوام الناس میں بکثرت پمفلٹس تقسیم کرنے کا موقع ملا۔ نیز یہاں کی ایک یونیورسٹی میں لیکچر بھی دینے کی توفیق ملی جس کے بعد طلبہ کے سوالات کے جواب بھی دیے گئے۔ اسی سفر میں برازیل کے صوبہ Espirito Santos کے دارلحکومت Vitoriaکا بھی دورہ کرنے کی توفیق ملی۔ یہاں سٹی کونسل کے صدر سے بہت تفصیل سے ملاقات کا موقع ملا اور انہیں اسلام اور جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا۔ انہوں نے بہت دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس کے علاوہ ایک کونسلر سے بھی ملاقات ہوئی۔ اس شہر کی دو لائبریریوں کا بھی دورہ کیا اور اُن میں قرآن کریم اور دیگر اسلامی لٹریچر رکھوایا۔ اسی طرح یہاں بھی لوگوں میں اسلام اور احمدیت کے تعارف پر مبنی پمفلٹس تقسیم کیے گئے۔ اللہ تعالیٰ برازیلین لوگوں کے دل بھی اسلام اور احمدیت کو قبول کرنے کے ليے کھولے۔ آمین (رپورٹ:وسیم احمد ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: لٹوین بُک فیئر ۲۰۲۵ء میں جماعت احمدیہ لٹویا کی کامیاب شرکت