مورخہ ۱۳؍ اگست ۲۰۲۵ء کو جماعت احمدیہ کوسوو کے ایک وفد نے بلدیہ دیکان (Deçan) کے ڈائریکٹر برائے معاشی ترقی اور ڈائریکٹر برائے تعلیم سے ایک نہایت خوشگوار اور مفید ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن دیکان کا مکمل تعلیمی بورڈ بھی شامل تھا۔ جماعت احمدیہ کوسوو کے وفد میں خاکسار(صدر جماعت و مبلغ سلسلہ کوسوو) اور مکرم معلم البان زکری راج (Alban Zeqiraj) صاحب شامل تھے۔ یہ ملاقات خاص طور پر اس لیے رکھی گئی تھی تاکہ حالیہ منصوبہ جات پر عوامی و ادارہ جاتی فیڈبیک حاصل کیا جاسکے۔ ان منصوبہ جات میں نیشنل سطح پر منعقدہ مضمون نویسی کا مقابلہ اور شجر کاری مہم شامل تھے۔ حکام اور بورڈ ممبران نے بتایا کہ ان منصوبوں کا طلبہ اور سکول سٹاف پر نہایت مثبت اور حوصلہ افزا اثر ہوا جس نے تعلیمی ماحول میں جوش، احساس اور باہمی تعاون کو فروغ دیا۔ ملاقات کے دوران آئندہ منعقد ہونے والے جلسہ سالانہ جرمنی ۲۰۲۵ء کے حوالے سے بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ معزز حکام کو جلسہ سالانہ جرمنی میں شرکت کی باضابطہ دعوت پیش کی گئی جسے انہوں نے نہایت خوشی سے قبول کیا۔ یہ طے پایا کہ دیکان کی جانب سے ایک سرکاری وفد جلسہ سالانہ جرمنی میں شرکت کرے گا۔ اس موقع پر معزز شرکاء نے حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے اپنی ملاقات کے بابرکت تجربات بھی بیان کیے۔ الحمدللہ، یہ ملاقات نہ صرف ماضی کے منصوبہ جات کا جائزہ لینے کا ذریعہ بنی بلکہ آئندہ کے تعاون، نوجوانوں کی تربیت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے بھی ایک مضبوط بنیاد فراہم کر گئی۔ اللہ تعالیٰ ان تعلقات میں مزید مضبوطی اور اخلاص پیدا فرمائے اور حضور انور کی بابرکت قیادت میں جماعت احمدیہ کو عالمی سطح پر قیامِ امن، تعلیم و تربیت اور خدمتِ انسانیت کے میدانوں میں مزید ترقی عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: جناح الدین سیف۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: ہالینڈ کے شہر Putten میں تبلیغ بک سٹال