اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصاراللہ آسٹریلیا کا سالانہ اجتماع ۸تا۱۰؍اگست ۲۰۲۵ء کو مسجد بیت الہدیٰ، سڈنی کے خلافت ہال میں ’’تعلق باللہ‘‘ کے مرکزی موضوع پر منعقد ہوا۔ اس اجتماع کی تیاریاں کافی عرصہ پہلے سے شروع کر دی گئی تھیں۔ ۷؍اگست کی شام مکرم عبدالجمیل مبشر صاحب صدر مجلس انصاراللہ آسٹریلیا نے انتظامات کا جائزہ لیا۔ پہلا دن:اجتماع کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ نماز فجر کے بعد انصار احباب مقبرہ موصیاں میں دعا کے لیے تشریف لے گئے۔ اس کے بعد ناشتہ پیش کیا گیا۔ صبح ساڑھے نو تا دوپہر ۱۲؍بجے مجلس شوریٰ کا پہلا اجلاس مکرم صدر صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ نماز جمعہ و عصر کے بعد دو بجے تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی جس میں مکرم صدر صاحب نے لوائے انصاراللہ اور مکرم انعام الحق کوثر صاحب امیر جماعت احمدیہ آسٹریلیا نے قومی پرچم لہرایا اور دعا کروائی۔ افتتاحی اجلاس اڑھائی بجے مکرم صدر صاحب کی صدارت میں تلاوت قرآن، عہد اور نظم سے شروع ہوا۔ بعدازاں مکرم صدر صاحب نے افتتاحی تقریر کی۔ علمی مقابلہ جات کا پہلا مرحلہ شروع ہوا جس میں حفظ قرآن، حفظ حدیث، تلاوت قرآن معیار خاص و عام اور نظم کے مقابلے شامل تھے۔ نماز مغرب و عشاء اور عشائیہ کے بعد مجلس شوریٰ کی کمیٹیوں کے اجلاس ہوئے اور یوں پہلے دن کا اختتام ہوا۔ دوسرا دن:نماز تہجد کے بعد مکرم قمرالزماں صاحب مبلغ سلسلہ نے اللہ تعالیٰ کی صفت ’’مجیب‘‘ پر درس قرآن دیا۔ ناشتے کے بعد پونے سات بجے دوسرا اجلاس منعقد ہوا جس میں انگریزی و اردو تقاریر، فی البدیہہ تقاریر اور بیت بازی کے دلچسپ مقابلے ہوئے۔ بارش کے باعث ورزشی مقابلہ جات تاخیر سے ہوئے جن میں پیدل واک، باسکٹ بال، ڈارٹس، والی بال اور شاٹ پٹ شامل تھے۔ نماز ظہر و عصر اور دوپہر کے کھانے کے بعد اڑھائی بجے تیسرا تربیتی اجلاس مکرم امیر صاحب کی صدارت میں ہوا۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد ان موضوعات پر تقاریر ہوئیں: ’’قرب الٰہی بذریعہ دعا‘‘ از مکرم مبشر خالد صاحب نیشنل قائد تعلیم، ’’تربیتِ اولاد‘‘ از مکرم احمد ندیم صاحب مبلغ سلسلہ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے چند واقعات بیان کیے۔ دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ نماز مغرب و عشاء اور عشائیہ کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس انصاراللہ کی زیر صدارت مجلس شوریٰ کا اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔ تیسرا دن:نماز تہجد اور فجر کے بعد درس قرآن اور تلاوت کے ساتھ دن کا آغاز ہوا۔ ناشتے کے بعد بقیہ ورزشی مقابلہ جات (میوزیکل چیئرز اور ٹیبل ٹینس) ہوئے جبکہ بارش کے باعث فٹ بال اور کرکٹ کے مقابلے نہ ہوسکے۔ علمی مقابلہ جات میں دینی معلومات کا آن لائن کوئز Kahootکے ذریعہ مقابلہ ہوا جس میں ۴۱؍انصار نے حصہ لیا۔ اختتامی اجلاس:صبح ساڑھے دس بجے مکرم صدر صاحب کی صدارت میں اختتامی اجلاس تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، عہد اور نظم سے شروع ہوا۔ ناظم اعلیٰ اجتماع نے رپورٹ پیش کی جبکہ صدر صاحب نے ششماہی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور اجتماع کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔ بہترین مجالس اور علمی و ورزشی مقابلہ جات میں کامیاب ہونے والوں کو انعامات دیے گئے۔ امسال عَلم انعامی مجلس وڈکرافٹ(Woodcroft)، ساؤتھ آسٹریلیا کو ملا۔ مکرم امیر صاحب نے زعیم مجلس کو علم انعامی پیش کیا اور اپنی اختتامی تقریر کے بعد دعا کروائی۔ یوں یہ بابرکت اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس بابرکت اجتماع میں کل حاضری ۶۰۰؍رہی۔ الحمدللہ (رپورٹ:ثاقب محمود عاطف۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ ناروے کے زیر اہتمام تبلیغی سیمینار کا انعقاد