اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۱۶؍ فروری ۲۰۲۵ء کو نیویارک جماعت بو ٹاؤن کے مشن ہاؤس کا افتتاح ہوا۔ نیویارک جماعت Bo Townسے ملحق جماعت ہے۔ ۲۰۲۲ء میں مکرم شیخ گلزار احمد امینی صاحب مرحوم یو کے کی طرف سے یہاں ایک مسجد بنوائی گئی تھی جس کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ازراہ شفقت مسجد گلزار عطا فرمایا۔ اب اللہ تعالیٰ کے فضل سے مشن ہاؤس بھی تعمیر ہو گیا ہے۔ مشن کی تعمیر کے جملہ اخراجات ادا کرنے کی سعادت مکرمہ بشریٰ پروین صاحبہ آف یوکے کے حصہ میں آئی جو مکرم شیخ گلزار احمد امینی صاحب مرحوم کی صاحبزادی ہیں۔ انہوں نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی منظوری سے اپنے مرحوم بیٹے آصف احمد جو کہ بچپن میں وفات پا گئے تھے، کی یاد میں مشن ہاؤس تعمیر کروایا۔ مشن ہاؤس کا سنگ بنیاد مورخہ ۷؍جولائی۲۰۲۴ءکو مکرم عقیل احمد صاحب ریجنل مبلغ ساؤتھ نے رکھا۔ مشن ہاؤس کی تکمیل پر مورخہ ۱۶؍فروری ۲۰۲۵ء کو بعد از نماز عصرایک مختصر اور پروقارتقریب میں اس کا افتتاح مکرم اعصام الخامسی صاحب صدر جماعت احمدیہ مراکش جو کہ جلسہ سالانہ سیرالیون ۲۰۲۵ء پر حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے نمائندہ خصوصی کے طور پر تشریف لائے تھے اور مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون نے کیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم امیر صاحب نے افتتاحی کلمات اور مہمان خصوصی کا تعارف کروایا۔ بعد ازاں مکرم صدر صاحب جماعت احمدیہ مراکش نے احباب جماعت کونظام جماعت سے مخلص رہنے نیز خلافت کی برکات سے مستفید ہونے اور اطاعتِ خلافت کی تلقین کی۔ آخر میں رسمی طور پر فیتہ کاٹا اور دعا کروائی۔ اللہ کرے کہ احمدیت کا نور چاردانگ عالم میں پھیلتا چلا جائے۔ آمین (رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ جرمنی کی چند مساعی