(مسجد مبارک اسلام آباد، ٹلفوڑد،۲۹؍اگست ۲۰۲۵ء ) سیدنا حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے جلسہ سالانہ جرمنی کے آغاز کی مناسبت سے خطبہ جمعہ کے آخری حصے میں شاملین جلسہ کو نصائح فرمائیں نیز دنیا کے موجودہ حالات کے پیش نظر احباب جماعت کو دعاؤں کی تحریک کرتے ہوئے فرمایا: آج سے جرمنی کا جلسہ سالانہ بھی شروع ہوا ہے۔ وہاں کے تمام شاملین کو دعا کرنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ انہیں جلسے کے مقاصد کو پورا کرنے کی توفیق دے اور صرف میلہ سمجھ کر یہاں جمع نہ ہوں بلکہ اِن دنوں میں اپنی علمی، عملی اور روحانی ترقی میں مستقل بڑھتے چلے جانے کا عہد کریں اور اس کے لیے کوشش کریں۔ اِن دنوں میں خاص طور پر ذکر الٰہی اور دعاؤں میں وقت گزاریں۔ جہاں اپنے لیے، اپنی نسلوں کے لیے دعا کریں وہاں جماعت کی ترقی اور ہر مخالف کے شر سے اللہ تعالیٰ کی پناہ میں آنے اور ان کے شر کے خاتمہ کے لیے بھی دعا کریں۔ اللہ تعالیٰ اِن کے شر سے بچائے۔ پاکستان میں آئے دن کوئی نہ کوئی تکلیف دہ واقعہ ہو جاتا ہے۔ اللہ تعالیٰ جلد ان مخالفین کی پکڑ کے سامان فرمائے۔ عمومی طور پر دنیا کے امن کے لیے بھی دعا کریں۔ یہ دنیا والے اپنے عمل کی وجہ سے اپنی تباہی کے قریب تر ہوتے چلے جا رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں اس خوفناک تباہی سے بچائے۔ فلسطینیوں کے لیے بھی دعا کریں۔ اسرائیلی حکومت نے تو ظلم و بربریت کی انتہا کردی ہے۔ لگتا ہے کہ وہ فلسطینیوں کو صفحہ ہستی سے ہی مٹانا چاہتے ہیں۔ مظلوم بچوں، عورتوں، بوڑھوں اور بیماروں معصوموں پر ظلم کی حد ہوگئی ہے۔ ہر جگہ ایک قتل عام ہو رہا ہے۔ اب تو بعض دنیا دار، سیاست دان اور حکومتیں بھی کچھ آواز اٹھانے لگ گئی ہیں کہ یہ غلط ہے اس کوبند کرو۔ لیکن اب ان کی بھی اسرائیلی حکومت باتیں سننے کو تیار نہیں ہے۔ دولت اور طاقت کے نشے نے ان کو اور امریکہ اور اس کے ہمنواؤں کو تکبر اور ظلم کی انتہا تک پہنچا دیا ہے۔ مسلمان حکومتیں جو ہیں، وہ بھی کچھ نہیں کر رہیں۔ اگر کچھ نہیں کر سکتیں تو کم از کم اپنی حالتوں کو بدل کر اللہ تعالیٰ کے آگے ہی جھکیں تاکہ اللہ تعالیٰ ہی ان کی مدد کو آئے۔ کاش! کہ اِن کو یہ بھی عقل آجائے۔ اسی طرح مسلمان مسلمانوں پر ظلم کر رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کو بھی اس ظلم سے روکے۔ آج یہ ہم احمدیوں کا کام ہے کہ سب ظلموں کے خلاف جہاں جہاں بس چلتا ہے آواز پہنچائیں اور خاص طور پر دعائیں کریں اور درد دل سے دعائیں کریں۔ اللہ تعالیٰ اس کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)