مکرم محمد احمد مظہر صاحب ناظم اجتماع ٹورانٹو ویسٹ ریجن، کینیڈا تحریر کرتے ہیں کہ مجلس انصاراللہ ٹورانٹو ویسٹ ریجن کی جملہ ۸؍مجالس کو اپنا سالانہ اجتماع مورخہ ۱۰؍اگست ۲۰۲۵ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ اجتماع کا آغاز نماز تہجد کی باجماعت ادائیگی کے ساتھ ہوا جو اپنے اپنے حلقہ کے نماز سنٹرز میں ادا کی گئی۔ صبح سات بجے Blue Haven پارک میں انصار کےليے ناشتے کا انتظام کیا گیا تھا۔آٹھ بجے ورزشی مقابلہ جات کا آغاز ہوا۔ ان تمام ورزشی مقابلہ جات میں انصار بھائیوں کی حاضری ۱۲۲؍رہی۔ ان مقابلہ جات کے بعد پارک میں اجتماعی وقارعمل کرکے پارک کی صفائی ستھرائی میں بھی انصار بھائیوں نے پرجوش حصہ لیا۔ دوپہر بارہ بجے احمدیہ ابوڈ آف پیس بلڈنگ میں افتتاحی تقریب زیر صدارت مکرم غلام مصباح بلوچ صاحب مبلغ سلسلہ و نائب صدر صف دوم مجلس انصاراللہ کینیڈا مکرم سید طارق احمد شاہ صاحب لوکل امیر جماعت احمدیہ ٹورانٹو ویسٹ منعقد ہوئی۔ ظہرانہ کے بعد نماز ظہر و عصر ادا کی گئیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد علمی مقابلہ جات صف اوّل و دوم کا آغاز ہوا۔ سہ پہر سوا چار بجے تمام شاملین اجتماع کی چائے و شیرینی سے تواضع کی گئی اور مشاہدہ معائنہ، پیغام رسانی اور میوزیکل چیئرز کے مقابلہ جات ہوئے۔ شام ساڑھے پانچ بجے مکرم سید طارق احمد شاہ صاحب (لوکل امیر) و مکرم سہیل احمد ثاقب صاحب (نائب صدر مجلس انصاراللہ کینیڈا) کی زیرصدارت اختتامی اجلاس منعقد ہوا جس میں مقابلہ جات جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ دوران اجتماع مربیان کرام نے عشرہ صلوٰۃ اور تعلق باللہ کے موضوع پر لیکچرز دیے۔ نیز اس موقع پر نائب قائد تبلیغ مکرم فرقان احمد صاحب نے تبلیغی پریزنٹیشن پیش کی۔ اجتماع کی کُل حاضری ۳۲۱؍افراد پر مشتمل رہی۔ الحمدللہ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو اجتماع کی برکات سے مستفیض کرتا چلا جائے۔ آمین (رپورٹ:ناصراحمد وینس۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: مجلس انصاراللہ جرمنی کے چوالیسویں نیشنل سالانہ اجتماع ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد