نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں سانحہ ہائے ارتحال ٭… عرفان احمد خان صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے چچازاد بھائی عزیزم انور شہزاد خان ابن مکرم داؤد احمد خان صاحب مرحوم آف جماعت احمدیہ زیورخ حلقہ ناصر، سوئٹزرلینڈ مورخہ ۲۷؍جولائی بروز اتوار جلسہ سالانہ برطانیہ کے آخری روز اول شب بعمر ۴۷؍سال حرکت قلب بند ہو جانے کے سبب لندن میں وفات پا گئے۔ اناللہ وانا الیہ راجعون مرحوم کا تعلق دہلوی خاندان سے تھا۔ آپ حضرت مسیح موعودؑ کے صحابی حضرت محمود الحسن صاحبؓ جن کا نام حضورؑ نے اپنے مخلصین میں اپنی کتب ازالہ اوہام حصہ دوم اور ضمیمہ انجام آتھم میں تحریر فرمایا، کے پڑپوتے اور صحابی حضرت ماسٹر اللہ دتہ صاحبؓ جن کی روایات حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ نے اپنے خطبہ جمعہ میں بیان فرمائیں، کے پڑنواسے، صحابی حضرت ماسٹر محمد حسن آسان صاحبؓ کے پوتے اور سابق مدیر روزنامہ الفضل مکرم مسعود احمد دہلوی کے بھتیجے تھے۔ یوں آپ کو ننھیال اور ددھیال دونوں کی طرف سے صحابہؓ کی اولاد میں سے ہونے کا شرف حاصل ہوا۔ آپ ۱۹۸۹ء میں والدین کے ہمراہ جرمنی آئے۔ سال ۱۹۹۳ء میں والد کی وفات کے وقت آپ کی عمر محض ۱۸؍برس تھی۔ آپ نے والد کی طویل بیماری اور پھر ان کی وفات کے بعد گھر میں اکیلا طالب علم مرد ہونے کے باوجود فیملی کو سنبھالا اور ساتھ اعلیٰ تعلیم حاصل کی۔ آپ نے آرکیٹیکٹ بن کر سو مساجد سکیم میں خدمت کی توفیق پائی۔ آپ نے مسجد مبارک، Florstadtکا پورا ڈیزائن تیار کیا۔ ۲۰۱۱ء میں ملازمت کی وجہ سے سوئٹزرلینڈ منتقل ہو گئے جہاں آپ نے مسجد ناصر کا نقشہ تیار کرنے میں مدد کی۔ مرحوم کی نماز جنازہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۹؍اگست بروز ہفتہ اسلام آباد، ٹلفورڈ میں پڑھائی جس کے بعد تدفین کے ليے میت فرینکفرٹ لائی گئی جہاں ۱۱؍اگست بروز سوموار بعد نماز عصر بیت السبوح میں مکرم نیشنل امیر صاحب جرمنی کی اقتدامیں نماز جنازہ ادا کی گئی۔ منگل کے روز گیارہ بجے قبل از دوپہر آپ کی تدفین نور مسجد کے قریبی قبرستان Südfriedhof میں عمل میں آئی۔ جہاں نماز جنازہ مکرم شرجیل خالد صاحب مبلغ سلسلہ نے پڑھائی اور قبر تیار ہونے پر دعا مکرم صداقت احمد صاحب مبلغ سلسلہ نے کروائی جس میں کثیر تعداد میں احباب شامل ہوئے۔ مرحوم نیک، صالح، ہمدرد اور دوسروں کی مدد کرنے والے انسان دوست شخصیت تھے۔ مرحوم کے پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ چودہ سالہ بیٹا عزیزم صائم ریان خان اور چار بہنیں شامل ہیں۔ مکرم حافظ فرید احمد خالد صاحب نیشنل سیکرٹری تبلیغ و افسر جلسہ گاہ جرمنی مرحوم کے برادر نسبتی ہیں۔ ٭… نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل بنگلہ دیش لکھتے ہیں کہ مورخہ ۴؍اگست ۲۰۲۵ء بروز سوموار مکرم معین الدین ارشاد صاحب ابن مکرم نعیم تفویض صاحب، ساکن ڈھاکہ بعمر ۳۸؍ سال حرکت قلب بند ہوجانے کی وجہ سے وفات پا گئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون مرحوم کی پہلی نماز جنازہ دارالتبلیغ بخشی بازار، ڈھاکہ میں مکرم احمد طارق مبشر صاحب مبلغ سلسلہ مرکزی بنگلہ ڈیسک یوکے نے پڑھائی۔ بعد ازاں میت کو چٹاگنگ لے جایا گیا جہاں بعد نماز مغرب مسجد بیت الباسط، چک بازار میں خاکسار نے نماز جنازہ پڑھائی۔ اس کے بعد مراد پور، چٹاگنگ کے جماعتی قبرستان میں تدفین عمل میں آئی۔ مرحوم پیدائشی احمدی تھے۔ پسماندگان میں والد اور ایک چھوٹا بھائی چھوڑے ہیں۔ مرحوم کے والد طویل عرصہ سے خدمت کی توفیق پا رہے ہیں اور اس وقت جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے نائب نیشنل سیکرٹری جائیداد کے طور پر خدمت بجا لا رہے ہیں۔ مرحوم کے دادا مکرم نورالدین صاحب مرحوم کو بھی چٹاگنگ جماعت کے امیر کے طور پر خدمت کی توفیق ملی تھی۔ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین کےساتھ مغفرت اور رحمت کا سلوک فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور پسماندگان کو صبر و حوصلہ سے نوازے ۔ آمین ٭…٭…٭ اعلان نکاح نوید الرحمٰن صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل تحریر کرتے ہیں کہ یکم اگست بروز جمعۃ المبارک، جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کے مرکز بخشی بازار، ڈھاکہ میں مکرم عطاء اللہ صاحب ابن مکرم رجنن بڑویا صاحب، ساکن چٹاگنگ (حال مقیم ڈھاکہ) کا نکاح عزیزہ عائشہ مسعود صاحبہ بنت مسعود احمد صاحب، ساکن ناٹور (حال مقیم ڈھاکہ) کے ساتھ طے پایا۔ مکرم شاہ محمد نورالامین صاحب مبلغ سلسلہ و سیکرٹری تربیت نومبائعین نے نکاح پڑھایا۔ حق مہر مبلغ چار لاکھ ٹاکامقرر ہوا۔ مکرم عطاء اللہ صاحب اپنے خاندان میں سے اکیلے بدھ مت سے احمدی ہوئے اور گذشتہ پندرہ سال سے باوجود خاندانی مخالفت کے احمدیت پر ثابت قدم ہیں۔ آپ کو جماعتی خدمت کی توفیق بھی مسلسل مل رہی ہے۔ احباب جماعت سے دعا کی درخواست ہے کہ اللہ تعالیٰ اس رشتہ کو ہر لحاظ سے کامیاب و بابرکت فرمائے۔ آمین ٭…٭…٭ اعلان ولادت باسط احمد صاحب مبلغ سلسلہ آئیوری کوسٹ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے فضل سے خاکسار کے بیٹے عزیزم شکیل احمد معتمد مجلس خدام الاحمدیہ فرانس کو مورخہ ۲۸؍مارچ ۲۰۲۴ء کو بیٹے کی نعمت سے نوازا ہے جس کا نام حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ‘سیف امتیاز احمد’ عطا فرمایا ہے اور وقف نو کی بابرکت تحریک میں بھی قبول فرمایا ہے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک نومولود، مکرم ظہور الٰہی صاحب سیکرٹری تحریک جدید جماعت احمدیہ فرانس کا نواسہ ہے۔بچے کی دادی نبیلہ امۃ الرحمٰن صاحبہ حال فرانس حضرت مسیح موعودؑ کے صحابی حضرت میاں محمد دین صاحبؓ پٹواری آف کھاریاں اور صحابیہ حضرت نیک بی بی صاحبہؓ کی پوتی ہیں۔ اس طرح یہ بچہ صحابہ کی نسل سے ہے۔ احباب جماعت سے درخواست دعا ہے کہ خدا تعالیٰ اسے نیک اور خادم دین بنائے اور اپنے بزرگ آباء کی نیکیاں جاری رکھنے والا بنائے ۔آمین ٭…٭…٭