https://youtu.be/n32UF-voJJk مکرم حافظ توصیف احمد صاحب نگران مدرسۃالحفظ برکینا فاسو تحریر کرتے ہیں کہ مدرسۃ الحفظ برکینافاسو کا آغاز بہت ہی عاجزانہ اور کم وسائل کے ساتھ بستان مہدی میں جامعۃ المبشرین کے ساتھ دسمبر ۲۰۲۲ء میں ہوا۔ جلسہ سالانہ برکینافاسو دسمبر ۲۰۲۲ء کے موقع پر مکرم عصام الخامسی صاحب صدر جماعت احمدیہ مراکش نمائندہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ نے مدرسہ کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و احسان سے مورخہ ۱۳؍جولائی ۲۰۲۵ء کو مدرسۃالحفظ برکینافاسو کی پہلی تقریب تقسیم اسناد جامعۃالمبشرین کے ہال میں مکرم میاں قمر احمد صاحب امیر جماعت احمدیہ برکینا فاسو کی زیر صدارت منعقد ہوئی۔ تیاری تقریب: ایک ہفتہ قبل ہی تقریب کی تیاری شروع کر دی گئی تھی جس میں ہال کی تیاری، بینرز سے سجاوٹ، باہر گزرگاہوں پر جھنڈیوں سے سجاوٹ، مہمانوں کے طعام کے ليے ہال کی تیاری اور ارد گرد کی صفائی وغیرہ شامل تھے۔ مہمانوں کی آمد:۱۳؍جولائی کو صبح دس بجے سے پہلے ہی مہمانان گرامی تشریف لانا شروع ہوگئے۔ مہمانوں میں نیشنل مجلس عاملہ، ذیلی تنظیموں کے صدران اور ان کی مجالس عاملہ، مسرور آئی انسٹیٹیوٹ کا عملہ، مسرور میڈیکل کمپلیکس کا عملہ، مبلغین کرام، جامعۃ المبشرین کا عملہ، حفظ کی تکمیل کرنے والے طلبہ کے والدین اور دیگر معززین مدعو تھے۔ تقریب کا آغاز صبح گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور قصیدہ ‘يَا عَيْنَ فَيْضِ اللّٰهِ وَ الْعِرْفَانٖ’سے ہوا۔ مدرسہ کی کارکردگی رپورٹ مکرم حافظ آدم نِمی صاحب استاد مدرسۃ الحفظ نے پیش کی۔ اس کے بعد فارغ التحصیل ہونے والے چھ حفاظ کرام نے باری باری قرآنِ مجید کے مختلف حصوں کی تلاوت خوبصورت انداز میں پیش کی۔ مہمان خصوصی نے تکمیل حفظ کرنے والے طلبہ میں اسناد، سکول بیگز، ترجمۃالقرآن مورے زبان میں پیش کیا۔ تکمیل حفظ کے دورانیہ کے لحاظ سے اول، دوم اور سوم آنے والے حفاظ کو نقد انعام بھی دیا گیا۔ مکرم حافظ آدم نِمی صاحب کوان کے بہترین تعاون پر مدرسۃالحفظ کی جانب سے سند دی گئی۔ اس طرح مدرسۃالحفظ کا لوگو بطور یاد گار مکرم امیر صاحب کو پیش کیا گیا۔ خاکسار (نگران مدرسۃ الحفظ) نے تمام حاضرین اور ان تمام احباب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے جنہوں نے مدرسۃالحفظ کےقیام اور بعد ازاں روز مرہ معاملات کے حل کے ليے تعاون کیا تھا دعا کی درخواست کی۔ آخر پر مہمان خصوصی نےاختتامی کلمات کہے جس میں آپ نے حفظ قرآن کی فضیلت اور حافظ قرآن کریم کے فضائل کو از روئے حدیث بیان کیا اور اختتامی دعا کروائی۔ اس کے بعد اجتماعی تصاویر ہوئیں۔ نماز ظہر وعصر کے بعد تمام حاضرین کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اللہ تعالیٰ نے مکرم جیاؤ عبدالمومن صاحب آف تینکو دوگو ریجن کو یہ اعزا ز اور سعادت بخشی ہے کہ اس مدرسۃالحفظ برکینا فاسو کی پہلی کلاس میں فارغ التحصیل ہونے والے پہلے دونوں حفاظ ان کے بیٹے ہیں۔ اللّٰھم زد فزد فارغ التحصیل ہونے والے حفاظ کے اسماء و عرصہ تکمیلِ حفظ قرآنِ کریم درج ذیل ہے : ۱)عزیزم حافظ جیاؤ مسرور احمد ابن مکرم جیاؤ عبدالمومن عرصہ تکمیلِ حفظ قرآن کریم ایک سال ۱۱؍ ماہ ۲۷؍ دن۔ ۲)عزیزم حافظ جیاؤ غلام احمد ابن مکرم جیاؤ عبدالمومن صاحب عرصہ تکمیلِ حفظ قرآن کریم دو سال ۱۰؍ دن۔ ۳)عزیزم حافظ کولیبالی عیسیٰ ابن مکرم کولیبالی سائی امادو صاحب عرصہ تکمیلِ حفظ قرآن کریم دو سال دو ماہ اور ۵ دن۔ ۴)عزیزم حافظ کادیو قیصر ابن مکرم کادیو یحییٰ صاحب عرصہ تکمیلِ حفظ قرآن کریم دو سال دو ماہ اور ۱۵؍ دن۔ ۵)عزیزم حافظ سوادوگو محمد ابن مکرم سوادوگو صالح صاحب عرصہ تکمیلِ حفظ قرآن کریم دو سال تین ماہ اور ۲۲؍دن۔ ۶)عزیزم حافظ جارا خلیفہ اسماعیل ابن مکرم جارا محمد احمد صاحب عرصہ تکمیلِ حفظ قرآن کریم دو سال دو ماہ اور ۲۶؍دن۔ اللہ تعالیٰ یہ اعزاز ان تمام طلبہ، ان کے خاندانوں اور جماعت کے لیے مبارک فرمائے نیز مدرسۃالحفظ کے تمام طلبہ و اساتذہ کو قرآنِ کریم کی تعلیمات پر عمل کرنے والا بنائے نیز مدرسۃالحفظ کو ترقیات عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین (رپورٹ : چودھری نعیم احمد باجوہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کا پینتالیسواں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء