حضرت خلیفة المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا مستقر ہونے کی وجہ سے یوکے کا جلسہ دنیائے احمدیت میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔ اسی لیے ہر سال دنیا کے بیشتر ممالک سے بڑی تعداد میں احمدی اس میں شامل ہوتے ہیں اور پوری دنیا میں اسے بذریعہ ایم ٹی اے خاص اہتمام سے دیکھا اور سنا جاتا ہے۔ جماعت احمدیہ کینیا نے جلسہ کی آمد کے پیش نظر تمام ریجنز میں ایم ٹی اے کی سہولت مہیا کرنے کا خاص انتظام کیا تاکہ زیادہ سے زیادہ احباب اس بابرکت اجتماع سے مستفید ہوسکیں۔ اس سال کینیا بھر کے ۱۲؍ریجنز کی ۶۴؍جماعتوں میں جلسہ سالانہ یوکے کی تین روزہ کارروائی براہ راست دکھائی گئی جسے مقامی اور اطراف کی جماعتوں کے کُل دو ہزار ۱۳۹؍افراد نے دیکھا اور سنا۔ ان میں ۱۱۷؍غیر از جماعت مہمان بھی شامل تھے۔ کئی جماعتوں میں ان ایام میں باجماعت نماز تہجد، اجتماعی کھانوں اور مہمان نوازی کا بھی اہتمام کیا گیا۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات سننے اور اجتماعی بیعت میں شامل ہونے کے لیے متعدد مقامات پر احباب نے مساجد میں قیام کیا اور کئی جگہوں پر شدید بارش کے باوجود کئی میل پیدل چل کر مسجد پہنچے۔ ان میں نومبائعین بھی شامل تھے۔ غیر احمدی مہمانوں نے بھی بڑی دلچسپی سے پروگرام ملاحظہ کیے اور بالخصوص حضور انور کے ارشادات، جماعت کی ترقی کے اعداد و شمار اور قیام امن کے پیغام سے گہرا اثر لیا۔ جلسہ کے نظم و ضبط، کارکنان کے جذبہ خدمت اور شرکاء کے باہمی محبت و اخوت نے انہیں بے حد متاثر کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس دوران کئی مہمانوں کو بیعت کی توفیق بھی ملی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں خلافت سے وابستہ رہنے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے تمام ارشادات پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:محمد افضل ظفر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: ہیومینٹی فر سٹ بیلجیم کی ٹیم کا ٹوگو کا دورہ