محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سیرالیون کو مرکزی مبلغین کا پہلا پانچ روزہ ریفریشر کورس مورخہ ۲۲تا ۲۶؍جون ۲۰۲۵ء کو ہیڈکوارٹرز فری ٹاؤن میںمنعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس ریفریشر کورس میں یوکے اور کینیڈا سے جید علمائے سلسلہ آن لائن شامل ہوئے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک۔ یاد رہے کہ اس سے قبل مقامی معلمین کے ریفریشر کورسز کا انعقاد ہو چکا ہے۔ ریفریشر کورس کے انتظامات کے ليے سینئر مربیان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے اپنے اجلاسات کے بعد ریفریشر کورس کی سکیم کو حتمی شکل دی۔ اس ریفریشر کورس کے لیے مبلغین کرام کی ۲۱؍جون کومرکز میں آمد ہوئی۔ ۲۲؍جون کو صبح ساڑھے نو بجے ریفریشر کورس کے پہلے دن کا آغاز مکرم محمد نعیم اظہر صاحب مبلغ انچارج کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے ہوا، جس کی سعادت مکرم میر وسیم الرشید صاحب مبلغ سلسلہ کو حاصل ہوئی ۔ بعد ازاں مبلغ انچارج صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں ریفریشر کورس کی اہمیت بیان کی نیز تمام شاملین کو لیکچرز پوری توجہ سے سننے کی تلقین کی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ریفریشر کورس میں پہلے روز کے علاوہ روزانہ صبح حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی نصائح پر مشتمل خطابات دکھائے گئے جن میں مربیان کرام کینیڈا اور امریکہ سے ملاقات کے پروگرامز، خطاب برموقع تقریب تقسیم اسناد جامعہ احمدیہ یوکے ۲۰۲۴ء اور مجلس شوریٰ یوکے ۲۰۲۵ء کے اختتامی اجلاس سے خطاب شامل تھے۔ ان کے علاوہ روزانہ ایک جماعتی بزرگ نے کسی اہم موضوع پر تقریر بھی کی۔ مکرم الحاج موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون اور مکرم طاہر محمود عابد صاحب صدرو مبلغ انچارج گنی کناکری نے بھی لیکچرز دیے۔ ان کے علاوہ مبلغین کرام نے مختلف موضوعات پر ایک ایک گھنٹے پر مشتمل لیکچرز دیے نیز سوالات کے جواب بھی دیے۔ مکرم عبدالماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر اسلام آباد،یوکےنے آن لائن اس ریفریشر کورس میں لیکچر دیا۔ آپ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی مختلف مواقع پر مربیان اور جامعہ کے طلبہ کو کی گئیں زرّیں ہدایات کو چنا اور ان ہدایات کی روشنی میں بتایا کہ حضورانور کی مربیان سے کیا توقعات ہیں۔ مکرم عبدالسمیع خان صاحب مربی سلسلہ و استاد جامعہ احمدیہ کینیڈا نے ’’وقف کے تقاضے اور روحانیت کا حصول‘‘ پر لیکچر دیتے ہوئے قرآن کریم سے محبت اور گہرائی سے مطالعہ، اطاعت امام، سیرت النبیﷺ کا مطالعہ، کتب حضرت مسیح موعودؑ کا مطالعہ، اخبار بینی بالخصوص الفضل اور دیگر جماعتی رسائل، الاسلام ویب سائٹ پر حضرت خلیفۃ المسیح الرابعؒ کے دروس القرآن کو سننے پر زور دیا۔ مکرم ظہیر احمد خان صاحب انچارج شعبہ ریکارڈ پی ایس نے تعارف دارالقضاء پر تفصیلی لیکچر دیا۔ انہوں نے دارالقضاء کی تاریخ اور جماعت احمدیہ میں اس کی اہمیت کو واضح کیا۔ مزید برآں ان موضوعات پر بھی لیکچرز دیے گئے: ربوہ میں مرکزی ادارہ جات کے تعارف از خاکسار،وفات مسیح ازمکرم راشد جاوید صاحب، ختم نبوت ازمکرم ولید احمد صاحب ، نظام شوریٰ کا تعارف اور شوریٰ کے انعقاد کا طریق ازمکرم محمد نعیم اظہر صاحب (مبلغ انچارج)، عیسائیت اور الحاد کے بارے جماعت احمدیہ کا علم الکلام ازمکرم انصر محمود صاحب، میڈیا اور سیاستدانوں کے ساتھ روابط اور طریقہ گفتگو ازمکرم طاہرمحمود عابد صاحب، جماعتوں کی مربیان سے توقعات ازمکرم حمید علی بنگورا صاحب،نئی نسل کے مسائل اور ان کا حل۔ایڈکشن ، وقت کا ضیاع وغیرہ از مکرم آصف محمود صاحب ، جماعت احمدیہ کا مالی نظام از مکرم عقیل احمد صاحب ، سوشل میڈیا کے فوائد اور نقصانات از مکرم سید حمزہ سعید شاہ صاحب، سوشل میڈیا پر اٹھائے جانے والے اعتراضات اور ان کے جواب از مکرم میر وسیم الرشید صاحب، یوکے میں مرکزی دفاتر و طاہر ہاؤس میں دفاتر کا تعارف از مکرم عثمان احمد طالع صاحب، ریسرچ کے جدید ذرائع اور ان کا تعارف از مکرم ذیشان محمود صاحب، اجرائے فیضان نبوت ازمکرم منیر حسین صاحب، مطالعہ کتب کی اہمیت اور اس کا صحیح طریق از مکرم حافظ صلاح الدین بٹر صاحب، صداقت حضرت مسیح موعودؑ از مکرم سفیر احمد صاحب، مقامی رسم و رواج اور توہمات کا تعارف از مکرم محمد مورث کمارا صاحب، اسلام اور سائنس از مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ سیرالیون، اسلامی جہاد اورملک سے وفاداری از مکرم طاہر احمد بھٹی صاحب اور وقف کے تقاضے اور ہماری ذمہ داریاں از مکرم عبد الہادی قریشی صاحب۔ اس ریفریشر کورس میں جامعہ احمدیہ انٹرنیشنل گھانا کے ایک طالب علم سمیت کُل ۲۴؍مبلغین شامل ہوئے۔ الحمدللہ علیٰ ذالک اللہ تعالیٰ ہمیں ریفریشر کورس سے حقیقی رنگ میں مستفید ہونے کی توفیق عطا فرمائے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی خواہشات و توقعات پر پورا اترنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔نمائندہ الفضل انڑنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: نائیجر کے داکورو ریجن کی جماعت گارن گونوو میں مسجد کا افتتاح