مکرم ناصر احمد صاحب مبلغ سلسلہ داکورو ریجن، نائیجر تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۱۲؍ جنوری ۲۰۲۵ء کو ریجن داکورو کی ایک دیہاتی جماعت گارن گونوو میں مسجد کی تعمیر کا کام مکمل ہوا۔ الحمدللہ، تعمیر سے قبل حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں دعائیہ خط لکھا گیا اور صدقہ ادا کیا گیا۔ تعمیر کے کام میں احباب جماعت نے بھرپور تعاون کیا۔ ریت، بجری اور پانی کی دستیابی کو ہمہ وقت یقینی بنایا۔ چونکہ ملک نائیجر ایک صحرائی خطہ ہے اس لیے شہر سے دُور تعمیراتی کام ایک مشکل امر ہے۔ لوکل جماعت کے افرادنے مرکز کی مدد سےمسلسل وقار عمل کیا۔ اس گاؤں میں جماعت احمدیہ کا پیغام ۲۰۱۹ء میں پہنچا تھا۔ اس کےبعد مرکز اور معلمین و مبلغین کا داکورو ریجن کے ساتھ مسلسل رابطہ رہا۔ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے ۱۷؍جنوری ۲۰۲۵ء کو مکرم اسد مجیب صاحب امیر و مبلغ انچارج نائیجر نے حکومتی نمائندگان اور علاقائی چیف کے نمائندہ کی موجودگی میں نماز جمعہ کی ادائیگی سے مسجد کا افتتاح کیا۔ اس تقریب میں پانچ قریبی دیہات کے بیسیوں کی تعداد میں افراد بھی شامل ہوئے اور سلسلہ کا پیغام سنا۔ مسجد کا مسقف حصہ ۱۰۰؍مربع میٹر ہے اور اس میں ۱۵۰؍افراد کے نماز پڑھنے کی گنجائش موجود ہے۔ مسجد کے سامنے تین میٹر چوڑا اور ۱۰؍میٹر لمبا صحن بھی بنایا گیا ہے۔ نیز دو وضو خانے بھی مسجد کی تعمیر کا حصہ ہیں۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ مسجد کی تعمیر سے اس گاؤں کےباسیوں کو اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور اس کی عبادت کا کماحقہ ادراک نصیب کرے۔ آمین (رپورٹ:کوثر جمیل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: سویڈن کے مختلف شہروں میں مبلغین سویڈن کا پانچ روزہ تبلیغی دورہ