۲۲؍اگست ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک قائد عمومی مجلس انصار اللہ نیدرلینڈ مکرم محمود احمد شاہد صاحب تحریر کرتے ہیں: مجلس انصار اللہ نیدرلینڈ کے ۳۷ویں سالانہ اجتماع کا آغاز مورخہ ۲۲؍اگست ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک فیئر ہاؤتن نن سپیت میں ہوا۔ الحمد للہ علیٰ ذالک۔ اجتماع کا موضوع ’تربیت اولاد‘ ہے۔ اس سہ روزہ اجتماع کے پہلے روز جملہ ۱۹ مجالس کے ۳۱۵ انصار نے شمولیت اختیار کی۔ اجتماع میں شرکت کے لیے صبح سے ہی انصار کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا جنہیں شعبہ رجسٹریشن کی طرف سے خوش آمدید کہا گیا۔ اجتماع میں آنے والے تمام شرکاء کی خدمت میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد نماز جمعہ و نماز عصر اجتماع گاہ میں مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب مشنری انچارج ہالینڈ کی اقتداء میں ادا کی گئیں۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد جملہ شرکاء اجتماع نے حضور انور اید اہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے براہ راست خطبہ جمعہ سے استفادہ کیا۔ دوپہر ساڑھے تین بجے پرچم کشائی کی تقریب ہوئی، نعرہ ہائے تکبیر کے فلک شگاف نعروں کے درمیان مکرم داؤد اکمل صاحب صدر مجلس انصار اللہ نیدرلینڈ نے لوائے انصار اللہ جبکہ مکرم ہبۃالنور فرحاخن صاحب امیر جماعت احمدیہ نیدرلینڈ نے نیدرلینڈ کا قومی پرچم لہرایا جس کے بعد مکرم مشنری انچارج صاحب نے اجتماعی دعا کروائی۔ اجتماع کے افتتاحی اجلاس کا آغاز مکرم امیر صاحب کی زیر صدارت ہوا۔ تلاوت، عہد اور نظم کے بعد مکرم صدر صاحب مجلس کی افتتاحی تقریر کے ساتھ اجتماع کی کارروائی کا آغاز ہوا بعد ازاں مکرم مشنری انچارج صاحب نے تقریر کی اور آخر پر دعا کروائی۔ تقاریر صدر مجلس و مشنری انچارج صاحب کے اہم نکات: مکرم صدر صاحب نے جملہ شاملین اجتماع کو خوش آمدید کہا۔ آپ نے اپنی تقریر میں نیشنل مجلس عاملہ و زعماء مجالس ہائے مجلس انصار اللہ نیدرلینڈ کی پیارے آقا کے ساتھ ملاقات کا تذکرہ کرتے ہوئے حضور انور ایدہ اللہ کی طرف سے دی گئی ہدایات کی روشنی میں انصار کو تعلق باللہ اور عبادات کے قیام بالخصوص روزانہ نماز تہجد کی ادائیگی کی طرف توجہ دلائی۔ آپ نے اپنی تقریر کے اختتام پر پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی طرف سے ازراہ شفقت موصولہ پیغام برائے ممبران مجلس انصار اللہ نیدرلینڈ پڑھ کر سنایا (مذکورہ پیغام کی طبع شدہ نقل بعد از اجلاس انصار میں تقسیم کی گئیں۔) آپ نے شاملین اجتماع کو اس پیغام کے تحت اپنی زندگی ڈھالنے کی طرف توجہ دلائی۔ مکرم مشنری انچارج صاحب نے تربیت اولاد کے موضوع پر تقریر کی اور بچوں کو مساجد سے جوڑنے اور اپنا عملی نمونہ بچوں کے سامنے پیش کرنے نیز اپنے گھر کے ماحول کو جنت نظیر بنانے کی کو شش کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ علمی و ورزشی مقابلہ جات اجتماع کے پہلے روز انصار کے مابین ٹیبل ٹینس، کلائی پکڑنا، نشانہ بازی (ڈارٹ)، میوزیکل چیئر وغیرہ کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ اجتماع کے پہلے روز انصار کے مابین تلاوت قرآن کریم، حفظ قرآن اور نظم کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ عشائیہ و ادائیگی نماز مغرب و عشاء شب آٹھ بجے جملہ انصار کی خدمت میں رات کا کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد مکرم مشنری انچارج صاحب کی اقتداء میں نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ سیشن برائے صحت مند طرز زندگی شب نو بجے نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں بعد ازاں انصار کو اپنی صحت کو قائم رکھنے کے حوالہ سے ایک سیشن منعقد کیا گیا جس دوران ڈاکٹر عطاء المنعم صاحب نے لیکچر دیا جس کے اختتام پر انصار کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیے گئے۔ میٹنگ ناظمین شعبہ جات سالانہ اجتماع ہمراہ صدر صاحب مجلس اجتماع کے پہلے روز کے اختتام پر مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ کے ہمراہ جملہ ناظمین شعبہ جات برائے سالانہ اجتماع کےساتھ میٹنگ کا انعقاد ہوا۔ محترم صدر صاحب مجلس نے شعبہ جات کی کارکردگی کا مختصر جائزہ لیا اور نظم و ضبط اور حاضری کے شعبہ کو اجتماع کے باقی ماندہ ایام کے لیے ہدایات دیں۔ محترم صدر صاحب نے انتظامات میں مزید بہتری لانے کے حوالے سے تجاویز بھی حاصل کیں۔ اجتماع کا دوسرا دن۔۲۳؍اگست ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ مجلس انصار اللہ نیدرلینڈ کے دوسرے دن کا آغاز اجتماعی نماز تہجد کی ادائیگی کےساتھ ہوا جس کے بعد باجماعت نماز فجر ادا کی گئی اور درس کا انتظام بھی کیا گیا، مذکورہ نمازوں کی ادائیگی کا بیت النور نن سپیت اور اجتماع گاہ فیئر ہاؤتن میں انتظام کیا گیا تھا۔نمازوں کی ادائیگی کے بعد انصار نے انفرادی طور پر تلاوت قرآن کریم کی بعد ازاں انصار انفرادی طور پر صبح کی سیر کے لئے بیت النور و اجتماع گاہ کے گرد و نواح پر فضا ماحول میں صبح کی سیر کے لئے تشریف لے گئے۔ صبح نو بجے انصار کی خدمت میں ناشتہ پیش کیا گیا۔ ورزشی مقابلہ جات بعد از ناشتہ انصار کے مابین رسہ کشی، فٹبال، تیر اندازی اور دوڑ 100 میٹر کے مقابلہ جات کے لیے انصار اجتماع گاہ سے ملحقہ گراؤنڈ میں تشریف لے گئے جہاں ان مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔ وقفہ برائے طعام و ادائیگی نماز ظہر و عصر ورزشی مقابلہ جات کے اختتام پر انصار کی خدمت میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا بعد ازاں باجماعت نماز ظہروعصر کی ادائیگی کا اہتمام کیا گیا۔ تلقین عمل سیشن نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد تلقین عمل کا سیشن منعقد ہوا جس کی صدارت مکرم صدر صاحب مجلس نے کی۔ اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے ساتھ ہوا جس کے بعد منظوم کلام حضرت اقدس مسیح موعود ؑ پیش کیا گیا۔ اس سیشن میں مکرم حامد کریم محمود صاحب مربی سلسلہ نے ’حضرت اقدس مسیح موعود ؑ اور خلفاء احمدیت کے ارشادات کی روشنی میں تربیت اولاد‘ کے موضوع پر تقریر کی اور حاضرین کی طرف سے کیے گئے سوالات کے جوابات دیے۔ بعد ازاں مکرم طاہر احمد محمود صاحب نے’ نظام وصیّت کی برکات و اہمیت‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ جس کے بعد خاکسار (محمود احمد شاہد۔ قائد عمومی مجلس انصار اللہ نیدلینڈ) نے مجلس انصار اللہ نیدرلینڈ کے مرکزی دفتر کی تعمیر کے حوالہ سے جاری ’پروجیکٹ گیسٹ ہاؤس، مجلس انصاراللہ‘ کے حوالہ سے پریزینٹیشن پیش کی۔ اجلاس کی اختتامی حصہ میں ’تبلیغی ورکشاپ‘ کا اہتمام کیا گیا جس دوران مکرم سفیر احمد صاحب مربی سلسلہ، مکرم عبد الباسط جٹ صاحب، نیشنل سیکرٹری تبلیغ اور مکرم ذیشان احمد صاحب، قائد تبلیغ نے تبلیغ کی اہمیت، اس کا طریق اور تبلیغ کے ذرائع کے حوالہ سے حاضرین سے مخاطب ہوئے۔ دوران کارروائی مجلس انصار اللہ جرمنی کا تین رکنی وفد مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ جرمنی کی قیادت میں اجلاس میں شریک ہوا جن کا صدر اجلاس و حاضرین نے استقبال کیا۔ اجلاس کا اختتام دُعا کے ساتھ ہوا جو مکرم مشنری انچارج صاحب ہالینڈ نے کروائی۔بعد ازاں مجلس انصار اللہ فرانس کا وفد بھی مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ فرانس کے ہمراہ اجتماع میں شمولیت کے لیے تشریف لایا جن کا صدر صاحب مجلس نے استقبال کیا۔ خطابات دوران تلقین عمل سیشن کے اہم نکات: مکرم حامد کریم محمود صاحب، مربی سلسلہ نے اپنی تقریر میں کہا کہ خُدائی حکم کے ماتحت اپنے اہل و عیال کو آگ سے بچائیں، بچے وہ بات سیکھتے ہیں جو وہ دیکھتے ہیں نہ کو وہ بات جو انہیں کہی جاتی ہے اس لئے اپنا اعلیٰ عملی نمونہ ان کے سامنے رکھیں۔ آنمکرم کی تقریر کے بعد حاضرین کو یورپ میں تربیت اولاد سے متعلق درپیش مسائل اور چیلنجز کے حوالہ سے سوالات کی دعوت دی گئی۔ حاضرین کی طرف سے پوچھے گئے سوالات کے محترم مربی صاحب اور محترم مشنری انچارج صاحب نے جوابات دیے۔ مکرم طاہر احمد محمود صاحب نے اپنی تقریر میں حضرت اقدس مسیح موعودؑ کی کتب سے وصیت کے حوالہ سے اقتباسات پیش کیے اور حاضرین کو نظامِ وصیّت میں شامل ہونے کی طرف توجہ دلائی۔ خاکسار (قائد عمومی) نے اپنی پریزینٹیشن میں مالی قربانی کے حوالہ سے قرآن کریم، احادیث مبارکہ اور ارشادات حضرت اقدس مسیح موعودؑ پیش کیے۔ بعد ازاں مجلس انصار اللہ کی تاریخ بابت قیام مرکزی دفتر کے بعض حوالہ جات پیش کیے جبکہ پریزینٹیشن کے اختتام پر اسکیم گیسٹ ہاؤس نیدرلینڈ کا مختصر تعارف اور اس سے متعلق گزشتہ سالوں میں کی جانے والی مساعی کا جائزہ پیش کیا اور حاضرین کو اس مالی تحریک میں دل کھول کر ادائیگی کرنے کی تلقین کی۔ تبلیغی ورکشاپ کے آغاز پر مکرم سفیر احمد صاحب مربی سلسلہ نے تبلیغ کے بارے میں بعض واقعات اور حوالہ جات پیش کیے جبکہ نیشنل سیکرٹری تبلیغ نے جماعت ہالینڈ کے تحت جاری تبلیغی پروگراموں کا اجمالی جائزہ پیش کیا اور حاضرین کو اس میں بھرپور طور پر حصہ لینے کی طرف توجہ دلائی۔ آخر پر مکرم ذیشان احمد صاحب، قائد تبلیغ نے کہا کہ کوئی بھی موقع ہو اس پر تبلیغ کو ہاتھ سے نہ جانے دیں۔ علمی مقابلہ جات اجتماع کے دوسرے روز انصار کے مابین پیغام رسانی، تقریر، تقریر فی البدیہ، اذان اور حفظ ادعیہ کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ عشائیہ و ادائیگی نماز مغرب و عشاء شب آٹھ بجے انصار کی خدمت میں رات کا کھانا پیش کیا گیا جس کے بعد باجماعت نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں۔ خصوصی سیشن، خلافت کے ساتھ خوشگوار یادیں نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد مجلس انصار اللہ فرانس و جرمنی کے صدران نیز صدر صاحب مجلس انصار اللہ نیدرلینڈ و دیگر مقامی بزرگان کے ساتھ اجتماع گاہ سے متصل گراؤنڈ میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مہمانان و بزرگان نے خلفاء کی شفقت و محبت کے ذاتی تجربات بیان کیے جن سے حاضرین بہت متاثر ہوئے۔ اس سیشن کے دوران جملہ انصار ممبران کی خدمت میں ریفریشمنٹ اور کشمیری چائے پیش کی گئی۔ میٹنگ ناظمین شعبہ جات سالانہ اجتماع ہمراہ صدر صاحب مجلس اجتماع کے دوسرے روز کی کاروائی کے اختتام پر بھی مکرم صدر صاحب مجلس انصار اللہ نیدرلینڈ کے ہمراہ ناظمین جملہ شعبہ جات برائے سالانہ اجتماع کےساتھ میٹنگ کا انعقاد ہوا۔ حاضری اجتماع کے دوسرے دن کی حاضری ۳۱۳ تھی جبکہ مجموعی طور پر دوسرے دن تک اجتماع میں ۳۹۶ انصار شامل ہوئے۔ (رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ہالینڈ)