اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ بیلجیم کو ۲۸؍مئی تا ۱۱؍جون ۲۰۲۵ءخدمتِ خلق کے سلسلہ میں ٹوگو کا دورہ کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ ہیومینٹی فرسٹ بیلجیم کی ٹیم نے سب سے پہلے Kpalime ریجن کے مختلف دیہاتوں میں ‘Water for Life’ پروگرام کے تحت چار ریفربش نلکوں کا افتتاح کیا جو کئی سال سے بند پڑے ہوئے تھے۔ ان کے دوبارہ فعال ہونے پر گاؤں کے لوگ بے حد خوش تھے۔ اسی ریجن میں مزید چار گاؤں میں نئے کنوؤں کا افتتاح بھی ہوا۔ ہر ایک کنویں سے تقریباً تین یا چار گاؤں فائدہ اٹھاتے ہیں۔ اِن نلکوں اور کنوؤں سے امید ہے کہ تقریباً ۸؍ہزار تا ۱۰؍ہزار لوگ مستفید ہوں گے۔ ان شاءاللہ دوسرے مرحلہ میں ہیومینٹی فرسٹ کی ٹیم ریجن Atakapomeپہنچی جہاں راشن تقسیم کرنے کا پروگرام تھا۔ مشن ہاؤس سے تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر واقع Atoro Copeگاؤں میں پہنچنے پر گاؤں کے میئر نے استقبال کیا۔ ہیومینٹی فرسٹ کا تعارف کرانے کے بعد اس گاؤں میں ۸۰؍خاندانوں کو راشن دیا گیا جس سے ۳۲۰؍افراد مستفید ہوئے۔ تیسرے مرحلہ میں ٹیم Karaریجن پہنچی۔ پہلے دن Kabongmab گاؤں میں ایک زیرِ تعمیر سکول کے ساتھ نلکے کی ڈرلنگ کا کام کیا گیا اور ڈرلنگ مکمل ہونے تک ٹیم وہیں موجود رہی۔ ۶؍جون کو قربانی کے لیے بکروں کی مختلف منڈیوں میں گئے اور جانور خریدے۔ قربانی کے دن تین مختلف جماعتوں میں جا کر ٹیم نے خود گوشت تقسیم کیا۔ اس سال اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ بیلجیم نے عید الضحیٰ پر ۵۰؍بکرے اور ۸؍گائے قربان کیں جن کا گوشت تقریباً ایک ہزار ۵۵۰؍خاندانوں میں تقسیم ہوا جس سے تقریباً ۹؍ہزار ۳۰۰؍افراد مستفید ہوئے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک چوتھے مرحلہ میں دوبارہ ریجن Atakapomeکا رخ کیا گیا جہاں بچوں میں کپڑے، جوس، بسکٹ اور ٹافیاں تقسیم کرنے کا پروگرام تھا۔ Elavagnom گاؤں پہنچنے پر توقع سے زیادہ لوگ جمع تھے۔ ہیومینٹی فرسٹ کا تعارف پیش کرنے کے بعد بچوں میں تحائف تقسیم کیے گئے جن کی تعداد تقریباً ۱۸۰ تھی۔ اسی دن ایک یتیم خانے میں بھی ۳۶؍بچوں میں تحائف تقسیم کیے گئے۔ اس مرحلہ میں ٹیم ریجن Sokodeکے گاؤں Karakassou بھی گئی جہاں مسجد اور کنویں کا افتتاح تھا۔ مسجد جماعت احمدیہ ٹوگو نے تعمیر کروائی جبکہ کنویں کی تعمیر کے کام کی ہیومینٹی فرسٹ کو اللہ تعالیٰ نے توفیق دی۔ سب سے پہلے مسجد کا افتتاح ہوا پھر سب افراد جماعت وہاں جمع ہوئے۔ لوکل مشنری اور صدر صاحب جماعت احمدیہ ٹوگو نے تقاریر کیں۔ نمازِ ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد سب نے مل کر کھانا تناول کیا۔ پھر کنویں کا افتتاح اور ایک بکرے کا صدقہ کیا گیا۔ مقامی لوگوں کے ساتھ کچھ وقت گزارنے کے بعد چار گھنٹے کا سفر طے کرکے Karaمشن ہاؤس واپس پہنچے۔ Karaریجن کے گاؤں Kabongmabمیں ہیومینٹی فرسٹ کو اللہ تعالیٰ نے سکول تعمیر کروانے کی توفیق دی۔ اس پروگرام میں مقامی میئر، ڈپٹی کمشنر، گورنر کے نمائندے اور دیگر کئی عہدیداران شریک ہوئے۔ سب نے ہیومینٹی فرسٹ کا شکریہ ادا کیا اور اس کام کو جاری رکھنے کی درخواست کی۔ خاکسار (چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ بیلجیم) نے تمام آفیشلز کا شکریہ ادا کیا۔ صدر جماعت احمدیہ ٹوگو نے دعا کروائی۔ آخر میں سکول کے تقریباً ۷۰۰؍بچوں میں بسکٹ اور جوس تقسیم کیا گیا اور آفیشلز کے لیے بھی ایک کلاس روم میں ضیافت کا انتظام تھا۔ ان تمام پراجیکٹس کی تکمیل میں ہمیں صدر جماعت احمدیہ ٹوگو مکرم منور احمد قمر صاحب، ریجنل اور لوکل مبلغین کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔ اللہ تعالیٰ ان سب کو اجرِ عظیم سے نوازے۔ آمین (رپورٹ:بشارت احمد ثاقب۔چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ بیلجیم) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: سویڈن کے قومی دن کی مناسبت سے جماعتی تقریبات کا اہتمام