اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ انڈونیشیا کی سالانہ تعلیم القرآن کلاس برائے نوجوانان امسال بھی نہایت کامیابی کے ساتھ اور بابرکت ماحول میں مورخہ ۲۹؍جون تا۳؍جولائی ۲۰۲۵ء منعقد ہوئی۔ یہ پروگرام بیک وقت ملک کے ۳۴؍مختلف مقامات پر منعقد ہوا جو مغربی ترین جماعت مدان (Medan) سے مشرقی ترین جماعت کُریک مروکے (Kurik, Merauke) تک پھیلا ہوا تھا۔ ان ۳۴؍مقامات میں انڈونیشیا کے ۶۰؍ریجنز اور ۳۳۹؍مقامی جماعتوں نے حصہ لیا۔ اس پانچ روزہ پروگرام میں مجموعی طور پر ۴؍ہزار ۲۵۶؍احمدی بچے شامل ہوئے جن میں ایک ہزار ۸۶۵؍اطفال، ایک ہزار ۷۰۴؍ناصرات، ۲۰۵؍خدام اور ۳۰۴؍ممبرات لجنہ اماءاللہ شامل تھیں۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ تربیتی کلاس نہایت احسن رنگ میں مکمل ہوئی جس میں ۵۱۸؍مربیان و مینٹورز، ۱۹۷؍اساتذہ اور ایک ہزار ۱۵۳؍دیگر رضاکاروں نے خدمت کی توفیق پائی۔ پروگرام کے دوران شرکاء کو دینی و اخلاقی مضامین پڑھائے گئے جن میں بالخصوص قرآنِ کریم کی تلاوت کی اہمیت اور اس میں باقاعدگی، نماز کی بروقت اور خشوع و خضوع سے ادائیگی، نظامِ خلافت کے متعلق بنیادی اور ضروری معلومات، اخلاقِ کریمہ کا عملی نفاذ اور احمدی کردار کی تعمیر جیسے مضامین شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ تمام شرکاء، اساتذہ، رضاکاروں اور منتظمین کو اس خدمت کی بہترین جزا عطا فرمائے اور اس پروگرام کو آئندہ بھی مزید برکتوں کے ساتھ جاری رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: احسان قمر الزمان۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: لجنہ اماءاللہ سری لنکا کے تحت سالانہ نمائش ۲۰۲۵ء کا اہتمام