https://youtu.be/NBCoTVVV-WI اللہ تعالیٰ کے فضل سے ماہ اپریل ۲۰۲۵ء میں فلپائن میں دو احمدیہ مسلم میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا گیا جن میں ڈاکٹر عطاءالرحمٰن صاحب صدر احمدیہ مسلم میڈیکل ایسوسی ایشن آسٹریلیا کا خصوصی تعاون شامل تھا۔ فلپائن میں جماعت احمدیہ کئی برسوں سے مختلف سماجی اور فلاحی خدمات انجام دے رہی ہے اور یہ میڈیکل کیمپ اسی سلسلہ کی ایک بابرکت کڑی تھا۔ ڈاکٹر عطاء الرحمٰن صاحب ماہر امراض قلب ہیں اور اپنے ساتھ خصوصی مشینری بھی لائے تاکہ یہاں کے مستحق اور نادار افراد کا مفت معائنہ کر سکیں۔ دل کے ان چیک اپس کی قیمت عام طور پر بہت زیادہ ہوتی ہے جو یہاں کے غریب عوام کی دسترس سے باہر ہے۔ اس مہم کا مقصد یہ تھا کہ اگر کسی فرد میں دل کی بیماری کی علامات پائی جائیں تو بروقت تشخیص ممکن ہو اور اس کے مطابق علاج کا بندوبست کیا جا سکے۔ چنانچہ ۲۷؍اپریل ۲۰۲۵ء کو اینٹی پولو (منیلا) میں لوکل صدر مکرم ڈاکٹر فواد ملک صاحب نے اپنے چند جاننے والے ڈاکٹر دوستوں کے تعاون سے ایک فلاحی میڈیکل کیمپ کا اہتمام کیا۔ اس کیمپ میں غیر از جماعت ڈاکٹرز نے بھی بھرپور شرکت کی اور اپنی رضاکارانہ خدمات پیش کیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر عطاءالرحمٰن صاحب نے لوگوں کے دل کا تفصیلی معائنہ کیا جبکہ دیگر ڈاکٹرز نے بچوں کا مفت طبی معائنہ کیا۔ احمدیہ مسلم ایسوسی ایشن آسٹریلیا کی طرف سے مریضوں کو مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔ الحمدللہ، اس میڈیکل کیمپ میں تقریباً ۱۰۰؍افراد کا مفت معائنہ کیا گیا اور انہیں ادویات فراہم کی گئیں۔ اینٹی پولو میں کامیاب کیمپ کے بعد خدمتِ خلق کے اس سفر کا اگلا پڑاؤ زَمبوانگا تھا جہاں مسجد بیت الاحد کے احاطے میں ایک اَور میڈیکل کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ اس کیمپ میں معاونت کے لیے تقریباً ۷؍نرسیں اور نرسنگ کے طلبہ و طالبات شامل ہوئے۔ ان میں احمدی و غیر از جماعت احباب رضاکار شامل تھے۔ یہ نوجوان محض خدمتِ خلق کے جذبے اور تجربہ حاصل کرنے کی خواہش کے تحت اس مہم میں شریک ہوئے۔ اس کیمپ میں ۲۰۰؍سے زائد افراد کا مفت معائنہ کیا گیا۔ بعدازاں برنگائے کیپٹن (کاؤنسلر)سے جماعتی وفد کی ملاقات ہوئی جس میں طلحہ علی صاحب نیشنل صدر و مبلغ انچارج فلپائن، ڈاکٹر عطاءالرحمٰن صاحب، خاکسار (مبلغ سلسلہ)، عبد المخلص صاحب لوکل مشنری اور لوکل صدر لجنہ اماءاللہ شامل تھیں۔ برنگائے کیپٹن نے ڈاکٹر صاحب اور جماعت احمدیہ کی خدمتِ خلق کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے ڈاکٹر صاحب کو سرٹیفکیٹ پیش کیا۔ اسی طرح جماعت احمدیہ کی جانب سے رضاکار نرسز کو بھی سرٹیفکیٹس دیے گئے تاکہ ان کی خدمات کا اعتراف کیا جاسکے۔ یوں اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان دو میڈیکل کیمپس کے ذریعہ مجموعی طور پر ۳۰۰؍سے زائد افراد کو مفت طبی سہولیات فراہم کی گئیں۔ اللہ تعالیٰ اس خدمت خلق کے مشن کو مزید وسعت دے، اس میں تسلسل اور برکت عطا فرمائے اور جماعت احمدیہ کو ہمیشہ انسانیت کی خدمت میں پیش پیش رکھے۔ آمین (رپورٹ :زکی احمد۔ مبلغ سلسلہ فلپائن) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کیپ ٹاؤن، ساؤتھ افریقہ میں پیس سمپوزیم کا انعقاد