مکرم حافظ شہباز احمد صاحب مبلغ سلسلہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ فیرکے، آئیوری کوسٹ کو مورخہ یکم جون ۲۰۲۵ء کو سنمنچالیشہر کے کلچر سینٹر ہال میں سیرت النبیﷺ پر ایک اہم کانفرنس بعنوان ’’حضرت محمدﷺ-امن کے سفیر‘‘ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ اس کانفرنس کا مقصد اسلام کےامن کے پیغام کو اجاگر کرنا اور شرکاء کو یہ بتانا تھا کہ اسلام ایک امن پسند مذہب ہے۔ اس کانفرنس میں ۹۵؍افراد نے شرکت کی جبکہ مختلف اتھارٹیز اور عمائدین کی موجودگی نے اس کانفرنس کی اہمیت کو مزید بڑھا دیا جن میں سنمنچالیشہر کے گورنر، سیکرٹری جنرل، نائب گورنر اور سنٹرل امام شامل تھے۔ اس بابرکت کانفرنس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے کیا گیا۔ خاکسار(ریجنل مبلغ سلسلہ) نے کانفرنس کے مرکزی موضوع پر تقریر کی جس کے بعدمکرم شمس الدین صاحب معلم سلسلہ نے ’’اسلام، امن کی تعلیم کا مذہب‘‘ کے موضوع پر تقریر کی جس میں آنحضورﷺ کی بابرکت سیرت، اسلام کا امن پسند پیغام اور مسلمانوں کی عالمی سطح پر ذمہ داریاں شامل تھیں۔ بعد ازاں معزز مہمانان کرام نے اظہار خیال کیا اور دعا کے ساتھ اس کانفرنس کا اختتام ہوا۔ ہال میں ہی ایک کتب میلہ کا انعقاد بھی کیا گیا جسے قرآن کریم کے مختلف تراجم سے آراستہ کیاگیا تھا۔ اس کے علاوہ حضرت مسیح موعودؑ اورخلفائے کرام کی تصاویر بھی آویزاں کی گئی تھیں نیز جماعتی کتب کا تعارف بھی کروایا گیا۔ کانفرنس کا انعقاد بہت خوش کن رہا۔ شاملین میں سے اکثر نے کہا کہ آج انہیں اسلام کی حقیقی امن کی تصویردکھائی گئی ہے۔ یہ کانفرنس نہ صرف معلوماتی رہی بلکہ اس نے امن اور بھائی چارے کے عالمی پیغام کو بھی فروغ دیا۔ ریجن کے گورنر صاحب نے کہا کہ اس کانفرنس نے اپنے تمام مقاصد کو بخوبی پورا کیا۔ ایسی مزید کانفرنسیں اور ورکشاپس منعقد کی جائیں تاکہ لوگوں کو اسلام کے بارے میں صحیح معلومات فراہم کی جا سکیں اور اسلام کے امن پسند پیغام کو دنیا بھر تک پہنچایا جا سکے۔ اللہ تعالیٰ اس کانفرنس کے مثبت اثرات مرتب فرمائے نیز ہمیں مزید اسلام احمدیت کا پُر امن پیغام دنیا کے کناروں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:عبدالنور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: کینیا کے نارتھ کوسٹ ریجن کی جماعت ملولا (Malola) میں مسجد کا سنگ بنیاد