https://youtu.be/KT_cfi-CuUw ٭… یوکرینی صدر نے امریکی صدر کی دعوت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے سوشل میڈیا بیان میں کہا کہ ہم سب اس جنگ کو جلدی اور محفوظ طریقے سے ختم کرنا چاہتے ہیں۔زیلنسکی نے مزید کہا کہ انہیں یقین ہے کہ امریکہ اور یورپی دوستوں کے ساتھ یکجہتی روس کو حقیقی امن کے لیے مجبور کرے گی۔ ٭… زیلنسکی کی وائٹ ہاؤس میں بروز سوموار میٹنگ سے قبل ٹرمپ نے ان پر دباؤ بڑھا دیا۔ ٹرمپ نے کہا کہ زیلنسکی جنگ ختم کرنے کا فیصلہ کر سکتے ہیں، مگر انہوں نے کریمیا کی واپسی کا امکان رد کر دیا۔ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر لکھاکہ یوکرین کے صدر زیلنسکی اگر چاہیں تو تقریباً فوراً روس کے ساتھ جنگ ختم کر سکتے ہیں، یا پھر لڑائی جاری رکھ سکتے ہیں۔ٹرمپ نے اشارہ دیا کہ زیلنسکی کو کریمیا دوبارہ حاصل کرنے (جسے روس نے اپنے ساتھ ضم کر لیا تھا) اور نیٹو میں شامل ہونے کے مطالبے سے دستبردار ہو جانا چاہیے۔انہوں نے لکھاکہ اوباما کے زمانے میں دیا گیا کریمیا (بارہ سال پہلے، ایک بھی گولی چلائے بغیر!) واپس نہیں ملنے والا اور یوکرین کا نیٹو میں جانا بھی ناممکن ہے۔ کچھ چیزیں کبھی نہیں بدلتیں۔ٹرمپ کے یہ بیانات روسی صدر ولادیمیر پوٹن کے ساتھ الاسکا میں ہونے والی ملاقات کے بعد سامنے آئےجس میں امریکی صدر نے جنگ بندی کے مطالبے کو چھوڑ کر مستقل امن معاہدے کی بات کی۔یاد رہے کہ روس نے فروری ۲۰۲۲ء میں یوکرین پر فوجی حملہ کیا تھا۔ ٹرمپ ماضی میں یوکرین پر ہی اس تنازعے کو شروع کرنے کا الزام لگا چکے ہیں۔ ٭… اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کی جانب سے پاکستان میں سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ، کلاؤڈ برسٹ اور طوفانی بارشوں کے سبب ہونے والے نقصانات پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا ہے۔انتونیو گوتریس نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرا دکھ ہے، سیلاب متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ان کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آزاد کشمیر، گلگت اور خیبر پختونخوا میں بارشوں، کلاؤڈ برسٹ، لینڈ سلائیڈنگ اور آسمانی بجلی کے گرنے کے واقعات میں اموات کی تعداد ۵۴۰؍ہوگئی ہے جبکہ ۲۰۰؍سے زائد افراد تاحال لاپتا ہیں۔سب سے زیادہ متاثرہ ضلع بونیر تباہی کی داستان بنا ہوا ہے۔ ٭… غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال ضامر نے اتوار کو غزہ جنگ کے اگلے مرحلے کی منظوری دی۔اس حوالے سے ان کے فیلڈ ٹور کے موقع پر ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ پر حملوں کی شدت میں اضافہ کیا جائے گا اور علاقے پر دوبارہ قبضہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالا جائے گا۔اسرائیلی آرمی چیف نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج نے آپریشن گڈیون چاریوٹس کے مقاصد حاصل کر لیے ہیں، جو مئی میں ایک زمینی حملہ تھا جس کا مقصد غزہ کی پٹی کے مقبوضہ علاقوں کو مزید بڑھانا اور شمالی غزہ سے فلسطینیوں کو مکمل طور پر نکالنا تھا۔ ٭… عرب میڈیا کے مطابق گذشتہ روز اسرائیلی حملوں میں امداد کے منتظر ۳۷؍افراد سمیت ۶۰؍فلسطینی شہید ہوئے تھے۔حماس نے غزہ پر قبضہ کرنے اور فلسطینیوں کو جبری بےدخل کرنے کے اسرائیلی منصوبے کی مذمت کی ہے۔حماس نے پناہ دینے اور انسانی امداد فراہم کرنے کے اسرائیلی دعوؤں کو ’کھلا جھوٹ‘ قرار دے دیا۔ ٭… ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایران انٹرنیشنل اٹامک انرجی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے درمیان بات چیت کا دوسرا مرحلہ ممکنہ طور پر آئندہ دنوں میں شروع ہوگا۔اس سے قبل رواں ماہ کے آغاز میں ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے کہا تھا کہ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے عہدیدار مذاکرات کے لیے ایران آئیں گے۔انہوں نے مزید کہا تھا کہ عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کے عہدیدار کا ایرانی جوہری تنصیبات کے دورے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ایرانی وزیرِ خارجہ نے یہ بھی کہا تھا کہ عالمی ادارے سے تعاون کے فریم ورک میں آئی اے ای اے حکام سے بات چیت ہو گی، آئی اے ای اے کے ساتھ کسی فریم ورک پر پہنچے بغیر جوہری تنصیات کا دورہ نہیں کروایا جائے گا۔ ٭… امریکی نشریاتی ادارے ’این بی سی‘ نیوز کو دیے گئے انٹرویو میں امریکہ کے سٹیٹ سیکرٹری مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ جنگ بندی برقرار رکھنا آسان نہیں، یہ ہمیشہ پیچیدہ اور چیلنجنگ ہوتا ہے کیونکہ سیز فائر معاہدہ بہت جلد ٹوٹ جاتا ہے۔مارکو روبیو نے کہا کہ امریکہ روزانہ مختلف علاقوں جیسے پاکستان اور بھارت، کمبوڈیا اور تھائی لینڈ کے درمیان حالات پر نظر رکھتا ہے تاکہ جنگ بندی قائم رکھی جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی تب ہی ممکن ہے جب دونوں فریق آپس میں لڑائی روکنے پر رضا مند ہوں۔یوکرین اور روس کے حوالے سے مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ جنگ بندی بہت تیزی سے ٹوٹ سکتی ہے، خاص طور پر یوکرین کی جنگ کے بعد جو ساڑھے تین سال سے جاری ہے۔ روس نے ابھی تک ایسا اتفاق نہیں کیا ہے، جنگ بندی کو برقرار رکھنا بہت مشکل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مقصد ایک امن معاہدے تک پہنچنا ہے تاکہ ابھی کوئی جنگ نہ ہو اور مستقبل میں بھی کوئی جنگ نہ ہو۔ ٭… بھارتی میڈیا کے مطابق ممبئی میں تین روز سے شدید بارشیں ہو رہی ہیں۔ تین روز سے جاری بارشوں کے بعد سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا ہے جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔بھارتی محکمۂ موسمیات نے شہر کے لیے ریڈ الرٹ جاری کر دیا ہے۔آئندہ دو روز میں ممبئی، تھانے اور رائے گڑھ میں شدید بارشوں کا امکان ہے