اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سیرالیون کو ۶؍جون ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک ملک بھر میں عید الاضحی نہایت جوش و خروش سے منانے اور خدمتِ انسانیت کرنے کی توفیق ملی۔ اس موقع پر ملک کے مختلف ریجنز میں ۵۲۳؍مقامات پر نمازِ عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں مجموعی طور پر ۵۷؍ہزار سے زائد افراد نے شرکت کی۔ بعض اجتماعات میں بارش کے باعث نمازیں مساجد میں ادا کی گئیں۔ عید کے اجتماعات فری ٹاؤن، بو، کینیما، مکینی، پورٹ لوکو، مشاکا، کیلاہوں، واٹرلو، کامبیا، لنگے، مائل ۹۱، لُنسر، میامبا اور کونو سمیت تمام ریجنل مراکز میں منعقد ہوئے۔ مرکزی اجتماعات میں شرکا کی تعداد دو ہزار تک رہی جبکہ عام جماعتی اجتماعات میں ۴۰۰؍سے ۸۰۰؍افراد شامل ہوئے۔ خطبات عید میں حضرت ابراہیمؑ، حضرت اسماعیلؑ اور حضرت حاجرہؑ کی قربانیوں کا ذکر ہوا اور خلافت احمدیہ، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت اور عالمگیر حالات کے لیے دعاؤں کی تحریک کی گئی۔ قربانی کی تفصیل:حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کی شفقت اور راہنمائی سے جماعت احمدیہ سیرالیون کو ملک بھر میں ۳۸۵؍قربانیوں کی توفیق ملی جن کا گوشت غربا اور مستحقین میں تقسیم کیا گیا۔ اس کارِ خیر میں ہیومینٹی فرسٹ نے بھی حصہ لیا۔ خصوصی دعاؤں کا اہتمام:یکم ذوالحجہ سے تمام احباب کو خاص دعاؤں کی تلقین کی گئی، خصوصاً پاکستان میں پیش آنے والے تکلیف دہ واقعات کے تناظر میں۔ اس کے علاوہ ان احمدی خوش نصیبوں کو بھی دعاؤں میں یاد کیا گیا جو اس سال حج کی سعادت پا رہے تھے جن میں مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون اور مکرم نذیر احمد علی کمانڈا صاحب جنرل سیکرٹری شامل ہیں۔ ایم ٹی اے اور احمدیہ مسلم ریڈیوز کے ذریعہ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کا خطبہ عید تین زبانوں میں براہِ راست نشر ہوا جس سے احمدیوں کے ساتھ ساتھ غیر از جماعت احباب نے بھی استفادہ کیا۔ اللہ تعالیٰ تمام قربانیوں کو قبول فرمائے، احمدیوں کے ایمان و ایقان میں ترقی عطا فرمائے اور ہمیں خلافت احمدیہ کی کامل اطاعت کی توفیق بخشے۔ آمین (رپورٹ: سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ ناروے کے ایک وفد کا تبلیغی دورہ