https://youtu.be/Bvwxal5t_hE ٭… پاکستان کے یوم آزادی ۱۴؍اگست کو، کرتار پور فیصل آباد، ڈجکوٹ تھانہ کی حدود میں واقع جماعت احمدیہ کی دو مساجد پر انتہا پسندوں نے حملہ کردیا۔ایک مسجد کو مکمل طور پر نذرِ آتش کر دیا اورموقع پر موجود احمدیوں پر تشدد کر کے انہیں زخمی کردیا۔ جلوس کی آڑ میں ایک انتہا پسند ہجوم نے احمدیوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور تشدد کو ہوا دی۔ پرتشدد ہجوم نے دو گھنٹے تک توڑ پھوڑ جاری رکھی اور قریبی احمدیوں کے گھروں پر بھی پتھر برسائے گئے۔ ترجمان جماعت احمدیہ پاکستان نے مذہبی انتہا پسندوں کی جانب سے وطن عزیز کے یوم آزادی کے پُر مسرت موقع پر ہجوم کی جانب سے احمدیوں کی عبادت گاہوں پر حملوں کی شدید مذمت کی۔ یاد رہے کہ یہ دونوں مساجد۱۹۸۴ءسے پہلے تعمیر کی گئی تھیں۔ ٭… غزہ پٹی کی سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق اس فلسطینی علاقے میں ہفتے کے روز اسرائیلی حملوں میں مزید ۲۲؍فلسطینی ہلاک ہو گئے۔ اس ادارے کے مطابق غزہ سٹی پر شدید ہو چکے اسرائیلی حملوں سے وہاں کی باقی ماندہ آبادی کو شدید خطرہ ہے۔ساتھ ہی سول ڈیفنس ایجنسی کی طرف سے کہا گیا کہ اسرائیلی فورسز غزہ سٹی میں اپنی عسکری کارروائیاں شدید تر کر چکی ہیں، جن کی وجہ سے اس شہر کی باقی ماندہ آبادی کو اضافی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔سول ڈیفنس ایجنسی کے مطابق غزہ سٹی میں زیتوں اور دیگر علاقوں میں، جہاں اسرائیلی مسلح افواج کی طرف سے مسلسل کارروائی کی جارہی ہے، تقریباً پچاس ہزار افراد ایسے ہیں، جن کی اکثریت کے پاس پانی اور اشیائے خوراک کی شدید کمی ہے اور وہ دیگر ضروریات زندگی سے محروم تو پہلے ہی سے ہیں۔ ٭… ہفتہ ۱۶؍ اگست کے روز روسی اور امریکی صدران کے درمیان الاسکا میں ایک اہم ملاقات ہوئی۔ یہ ملاقات عالمی حالات کے تناظر میں انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ ان کی امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ ملاقات ’بہت مفید‘ رہی اور زیادہ تر یوکرین کے تنازع پر بات کی، تاہم’دونوں ممالک کے باہمی تعاون کے تمام شعبوں‘ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ بی بی سی نے کریملین کی جانب سے جاری رپورٹ کے حوالے سے بتایا کہ ولادیمیر پیوٹن کا کہنا تھا کہ یہ دورہ بروقت اور بہت مفید تھا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے تقریباً تمام شعبوں میں بات چیت کی، لیکن سب سے پہلے اور سب سے اہم یوکرینی بحران کے ممکنہ حل کے بارے میں بات کی، جو ایک منصفانہ بنیاد پر ہو، اور یقیناً ہمارے پاس یہ موقع تھا، جو ہم نے استعمال کیا کہ ہم اس بحران کی جڑوں اور اس کے اسباب کے بارے میں بات کریں۔ولادیمیر پیوٹن کا کہنا تھا کہ میں ایک بار پھر دہراتا ہوں کہ ہمیں اس موقع پر پُرسکون طریقے سے اور تفصیل سے اپنی پوزیشن کو دوبارہ بیان کرنے کا موقع ملا، ہم امریکی انتظامیہ کی پوزیشن کا احترام کرتے ہیں، جو فوجی کارروائی کے جلد خاتمے کی ضرورت دیکھتی ہے، ہم بھی یہی چاہتے ہیں کہ تمام مسائل کو پُرامن طریقے سے حل کیا جائے۔ ٭… ایران کے شورش زدہ جنوب مشرقی علاقے میں مسلح افراد اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان ایک جھڑپ کے دوران ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک زخمی ہو گیا۔ ایک جہادی گروہ نے اس حملہ کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔یہ جھڑپ ایرانی صوبے سیستان بلوچستان میں ہوئی۔ ایران کا یہ صوبہ ملک کے پسماندہ ترین علاقوں میں سے ایک ہے اور یہاں اکثر سکیورٹی فورسز کی بلوچ باغیوں،سنی شدت پسند گروہوںاور منشیات کے اسمگلروں کے ساتھ جھڑپوں کے واقعات رونما ہوتے رہتے ہیں۔ ٭… پاکستان میں مون سون کے حالیہ سیزن کی جاری بارشوں میں ہلاکتوں کی تعداد اب تین سو سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ ہزاروں متاثرین اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ریسکیو اہلکار شدید بارشوں، لینڈسلائیڈنگ اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے لاشیں نکالنے کے کام میں مصروف ہیں۔جمعہ کے روز شدید بارشوں اور کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں آنے والے سیلاب اورلینڈ سلائیڈنگ کے باعث ۱۸۰؍سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔ اس دوران ریسکیو کارروائیوں میں مصروف ایک ہیلی کاپٹر بھی حادثے کا شکار ہو گیا، جس میں سوار عملے کے پانچ ارکان بھی ہلاک ہو گئے۔ پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقے میں بھی شدید بارشوں کے نتیجے میں اب تک کم از کم اٹھارہ افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔دوسری جانب خیبر پختونخوا کی صوبائی حکومت نے اس صوبے میں سیلابی تباہی اور ہلاک شدگان کی بڑی تعداد کے تناظر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے۔پاکستان کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق ۲۶؍جون سے شروع ہونے والی مون سون بارشوں سے متعلقہ واقعات میں اب تک کم از کم ۶۳۴؍افراد ہلاک اور ۷۶۸؍سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔