سویڈن کا قومی دن جو ہر سال مورخہ ۶؍جون کو ملک بھر میں عام تعطیل کے طور پر منایا جاتا ہے، اس سال بھی جماعت احمدیہ سویڈن نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے منایا۔ یہ دن ۱۵۲۳ء میں گستاو واسا کے سویڈن کے بادشاہ منتخب ہونے اور بعد ازاں ۱۸۰۹ء اور ۱۹۷۴ء کے آئین کو اپنانے کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ ۱۹۸۳ء میں اسے باضابطہ طور پر ’’سویڈش نیشنل ڈے‘‘ قرار دیا گیا اور ۲۰۰۵ء سے یہ ایک عام تعطیل کا دن ہے۔ سویڈن میں گذشتہ پندرہ سال سے زائد عرصے سے جماعت احمدیہ کی یہ روایت رہی ہے کہ وہ قومی دن کی تقریبات کا اہتمام کرتی ہے جس میں نہ صرف جماعتی افراد بلکہ عوام کے ساتھ ساتھ سیاسی اور سماجی شخصیات کو بھی مدعو کیا جاتا ہے۔ رواں سال ۶؍جون کو عید الاضحی اور جمعہ کے باعث سویڈن کی صرف تین جماعتوں، مالمو، سٹاک ہالم اور لولیو میں قومی دن کی تقریبات منعقد کی گئیں۔ ان تقریبات میں کئی اہم سیاسی اور مذہبی شخصیات شامل ہوئیں۔ مسجد محمود مالمو میں تقریب:جماعت احمدیہ مالمو نے مسجد محمود میں ایک پُروقار اور مختصر تقریب کا اہتمام کیا۔ یہ تقریب نماز عید کے فوراً بعد منعقد کی گئی جس میں مکرم Gustavo Nazar صاحب (بچوں کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم کے نمائندے) نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے سویڈش جھنڈا لہرایا جس کے بعد احمدی بچوں اور بچیوں نے قومی ترانہ پڑھ کر حب الوطنی کا والہانہ اظہار کیا۔ تقریب میں دیگر مہمانوں کے علاوہ ایک فلسطینی نژاد ممبر آف پارلیمنٹ بھی شامل ہوئے۔ اس تقریب میں تقریباً ۱۰؍مہمانانِ کرام کی شرکت ہوئی۔ سٹاک ہالم میں تقریب:جماعت احمدیہ سٹاک ہالم نے بھی ایک مختصر تقریب کا اہتمام کیا۔ یہاں بھی قومی دن کی تقریب نماز عید کے فوراً بعد منعقد کی گئی۔ مکرم مطیع الرحمٰن صاحب صدر جماعت احمدیہ سٹاک ہالم نے سویڈش جھنڈا لہرایا۔ احمدی بچوں اور بچیوں نے قومی ترانہ پڑھا۔ مکرم صدر صاحب جماعت کی تقریر کے بعد مکرم آغا یحییٰ خان صاحب مبلغ انچارج سویڈن نے دعا کروائی۔ اس تقریب میں بڑی تعداد میں احباب جماعت شامل ہوئے جبکہ چار مہمان بھی موقع پر موجود تھے۔ لولیومیں تقریب : لولیوجماعت نے شہر کے ایک سکول کے وسیع ہال میں قومی دن کی تقریبات کا اہتمام کیا جہاں احباب جماعت کی ایک بڑی تعداد کے علاوہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۸۱؍معزز مہمان شریک ہوئے۔ عزیزم شازل افضل صاحب نے قومی دن کی تقریب کی نظامت کے فرائض سرانجام دیے۔ تقریب کےباقاعدہ آغاز سے قبل احمدی بچوں نے قومی ترانہ پڑھا جسے مہمانوں نے بہت پسند کیا۔ لولیوشہر کی کونسل کے چیئرمین نے بطور مہمان خصوصی پروگرام میں شرکت کی اور حاضرین سے مخاطب بھی ہوئے۔ ان کے علاوہ لیفٹ پارٹی کے کونسل میں گروپ لیڈر اور اعتدال پسند پارٹی کے نمائندے نے بھی اظہار خیال کیا۔ موصوف نے اس تقریب میں شامل ہونے کے لیے تقریباً ۲۰۰؍کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا۔ تمام مقررین نے اپنی تقاریر میں جماعت احمدیہ سویڈن کے مثبت اور تعمیری کاموں کی بے حد تعریف کی اور جماعت کو دیگر تنظیموں کے لیے ایک بہترین مثال کے طور پر پیش کیا۔ انہوں نے قومی دن کی تقریبات میں جماعت احمدیہ کے ساتھ شامل ہونے پر اپنی گہری خوشی کا اظہار کیا۔ خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے جماعت کی نمائندگی میں تقریر کی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشادات کی روشنی میں بتایا کہ انصاف کے بغیر کبھی بھی پائیدار امن قائم نہیں ہوسکتاہے۔ مکرم نایاب احمد ظافر صاحب صدر جماعت احمدیہ لولیونے تقریب کے آخر میں مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور ان کو تحائف پیش کیے۔ دعا کےساتھ یہ تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔ میڈیا کوریج: NSD اخبارجو کہ سویڈن کے شمالی علاقہ جات کا بڑا اخبار ہے، کی نمائندہ نے لولیو میں قومی دن کی تقریب میں شمولیت کی، خاکسار کا انٹرویو لیا اور اسی دن آن لائن اخبار میں اس تقریب کے بارے میں تصاویر کے ساتھ رپورٹ شائع کی۔ عوامی تاثرات: اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے نیشنل ڈے کی تقریبات میں شامل ہونے والے مہمانوں نے جماعت احمدیہ کے پُرامن، منظم اور باوقار انتظامات کو بے حد سراہا۔ کئی مہمانوں نے جماعت احمدیہ کے بارے میں مثبت تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جماعت احمدیہ کے ساتھ مل کر قومی دن منانے کا تجربہ نہایت خوشگوار اور یادگار رہا۔ مہمان مقررین کی تقاریر کے بعد کھانے کا انتظام تھا جسے مہمانوں نے بہت پسند کیا اور جماعت کے خلوص اور مہمان نوازی کی تعریف کی۔ اللہ تعالیٰ ان تقریبات کے جماعت کے حق میں مثبت نتائج پیدا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:رضوان احمد افضل۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭