https://youtu.be/kn1HTvUbnMU اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ہیومینٹی فرسٹ گیانا نے ۱۴تا ۲۱؍جون ۲۰۲۵ء ایک ہفتے پر محیط میڈیکل مشن کا کامیابی سے انعقاد کیا جس میں امریکہ سے ۱۳؍میڈیکل طلبہ اور ایک ڈاکٹر پر مشتمل وفد نے شرکت کی۔ ان پُرخلوص نوجوانوں نے بین الاقوامی پروگرام ’’گفٹ آف ہیلتھ‘‘ کے تحت اپنے سفری اخراجات خود اُٹھا کر گیانا کا سفر کیا۔ خدمتِ انسانیت کے جذبے کے ساتھ انہوں نے ادویات، عینکیں، لباس اور صفائی کے سامان پر مشتمل اشیاء مختلف علاقوں میں تقسیم کے لیے فراہم کیں۔ وفد نے اپنے قیام کے دوران نیو ایمسٹرڈیم، سینٹ کَتھبرٹ مشن (گائوں) اور جارج ٹاؤن میں تین کامیاب میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جن کے ذریعے مجموعی طور پر ۵۴۸؍مریضوں کو خدمات فراہم کی گئیں۔ ان کیمپس کو ۴۵؍مقامی اور بین الاقوامی رضاکاروں اور مختلف اداروں و حکومتی تنظیموں کے تعاون سے ممکن بنایا گیا۔ تین روزہ میڈیکل کیمپس کے دوران درج ذیل مفت خدمات مہیا کی گئیں:ڈاکٹر سے مشورہ، بلڈ پریشر اور شوگر کا ٹیسٹ، لیبارٹری خدمات، ایچ آئی وی ٹیسٹنگ (۶۰؍افراد)، آنکھوں کا معائنہ (۱۶۲؍مریض)، خون کا عطیہ(۱۴؍یونٹ)، حفاظتی ٹیکے، فارمیسی خدمات اور ماہر نفسیات کی مشاورتی سہولیات۔ طبی امداد کے علاوہ دی گئی انسانی ہمدردی پر مشتمل خدمات:۷۵؍عینکیں تقسیم کی گئیں، ۲۰۰؍ڈینٹل کٹس، ۲۰۸؍فوڈ ہیمپرز، ۳۰۰؍سے زائد افراد کو کپڑے، جوتے، کھلونے اور صفائی کا سامان فراہم کیا گیا۔ ادارہ جاتی تعاون:ہیومینٹی فرسٹ گیانا، مقامی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ مسلسل تعاون کرتی ہے تاکہ اس کی سرگرمیاں مؤثر ثابت ہوں۔ اس پروگرام کو درج ذیل اداروں کا تعاون حاصل رہا: وزارتِ صحت، امریکی سفارت خانہ، کورٹس آپٹیکل اور ڈائمنڈ آپٹیکل، گیانا پولیس فورس، انٹرنیشنل آرگنائزیشن فار مائیگریشن (IOM)، نیشنل ایڈز سیکرٹریٹ، Food for the Poor، گفٹ لینڈ چیریٹی فاؤنڈیشن، ڈاکٹر بلونت سنگھ ہسپتال، نیشنل بلڈ ٹرانسفیوژن سروسز، جماعت احمدیہ مسلمہ گیانا۔ معزز مہمانان اور میڈیا کا تعاون:میڈیکل کیمپس کے دوران ہمیں کئی معزز مہمانوں کی آمد اور خدمت کا شرف حاصل ہوا جن کی حوصلہ افزا باتوں نے رضاکاروں کو مزید خدمت کی تحریک دی۔ ٭…نیو ایمسٹرڈیم کے معزز میئر جناب وینرائٹ میکِنٹوش(Mr. Wainwright McIntosh) اور ٹاؤن کونسل کے اراکین ٭…سینٹ کَتھبرٹ مشن ولیج کے کیپٹن اور کونسل ٭…محترمہ نکول ڈی تھیریو(Nicole D. Theriot)، امریکی سفیر – جن کی جارج ٹاؤن میں آمد نے ٹیم کے جذبے کو جِلا بخشی ٭…میڈیا ادارے، خاص طور پر لِٹل راک ریڈیو، جنہوں نے عوام میں شعور بیدار کرنے اور پروگرام کی کامیابی کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ ٭…نیشنل ٹی وی این سی این نے لائیو مارننگ ٹی وی پروگرام میں ہماری ٹیم کو مدعوکیا۔ جہاں سے عوام الناس کو ان کیمپس کے بار ےآگاہی دی گئی۔ وزیراعظم گیانا سے ملاقات:میڈیکل آؤٹ ریچز کے علاوہ، وفد کو وزیر اعظم گیانا، معزز بریگیڈیر (ریٹائرڈ) مارک فلپس(Brigadier (Ret’d) Mark Phillips) سے ان کے دفتر میں ملاقات کا موقع ملا۔ وزیر اعظم کو اس مشن اور ہیومینٹی فرسٹ گیانا کی مجموعی سرگرمیوں سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعظم نے کہا:’’این جی او کے چیئرمین جناب مقصود منصور کی قیادت میں وفد نے حالیہ میڈیکل مشن کی تفصیلات سے آگاہ کیا، جسے مختلف وزارتوں کے تعاون سے انجام دیا گیا۔ اس مشن میں صفائی کی کٹس کی تقسیم اور مفت طبی خدمات کی فراہمی شامل تھی۔ اس اقدام میں امریکہ کی مختلف یونیورسٹیوں سے وابستہ ۱۳؍ میڈیکل طلبہ اور ایک ڈاکٹر نے حصہ لیا، جن میں اوہائیو اسٹیٹ یونیورسٹی کا چیپٹر بھی شامل تھا۔ آج کی ملاقات میں وفد نے تنظیم کی سالانہ رپورٹ بھی پیش کی۔ طلبہ نے مقامی صحت کی کوششوں میں حصہ لینے پر شکریہ ادا کیا اور گیانیز عوام کی گرم جوشی پر اظہارِ تشکر کیا۔‘‘ اللہ تعالیٰ تمام عطیات دہندگان، رضاکاروں اور منتظمین کو جزائے خیر دے۔ آمین (رپورٹ:مقصود احمد منصور۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ سو ئٹزرلینڈ کی۴۱ویں نیشنل مجلس شوریٰ ۲۰۲۵ء کا بابرکت انعقاد