اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ مالی کے تحت مورخہ ۵ و ۶؍جولائی ۲۰۲۵ء کو ملک بھر کے مرکزی و مقامی مبلغین کے لیے دو روزہ ریفریشر کورس کا انعقاد کیا گیا۔ اس تربیتی پروگرام کا مقصد یہ تھا کہ مبلغین کی تنظیمی، علمی، تبلیغی اور اخلاقی صلاحیتوں کو مزید فروغ دیا جا سکے تاکہ وہ اپنے فرائض کو بہتر انداز میں ادا کر سکیں۔ کورس کا آغاز ۵؍جولائی بروز ہفتہ صبح ساڑھے آٹھ بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ اس کے بعد مکرم ظفر احمد بٹ صاحب امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ مالی نے اپنی افتتاحی تقریر میں اس تربیتی کورس کی اہمیت، مبلغین کے فرائض اور وقف کے تقاضوں کا ذکر کیا۔ مختلف اجلاسات میں درج ذیل موضوعات پر تقاریر ہوئیں: جماعت احمدیہ کا تنظیمی نظام اور قواعد از مکرم مستنصر حسین صاحب، خلافت کی اطاعت، خطباتِ جمعہ کے سننے اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کو خطوط لکھنے کی اہمیت از مکرم عبدالوہاب دامبیلے صاحب، مبلغین کے لیے راہنمائی پر مشتمل ایک لیکچر از مکرم احمد بلال صاحب، قرآن و حدیث کی روشنی میں عقیدہ ختم نبوت از مکرم محمد لامین کوناتے صاحب، جماعتی نظام میں مجلس عاملہ کے کردار اور اس کے ارکان کی ذمہ داریاں از مکرم ناصر احمد ناصر صاحب اور جماعتی مالی معاونت (چندہ جات) کی اہمیت اور موجودہ کارکردگی از خاکسار (واصف شہزاد مربی سلسلہ)۔ رات نو سے گیارہ بجے تک مکرم عمر معاذ صاحب نائب امیر جماعت احمدیہ مالی نے تبلیغ کے حوالے سے سوال وجواب کی نشست کی صدارت کی جس میں شاملین کو بھرپور موقع دیا گیا کہ وہ اپنے سوالات پیش کریں اور تبادلہ خیال کریں۔ دوسرا دن:کورس کے دوسرے دن کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعدازاں مکرم عمر معاذ صاحب نے حضرت امام مہدی علیہ السلام کے مقام، آپؑ کی بعثت کی غرض و غایت پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر میں تربیتی کورس کے مجموعی نکات کا خلاصہ پیش کیا۔ آپ نے مبلغین کو تلقین کی کہ وہ سادہ طرزِ زندگی، اخلاص، وقت کی پابندی اور مکمل اطاعتِ نظام کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ کورس کے تمام اجلاسات میں وقت کی پابندی، حاضری اور نظم و ضبط کا خصوصی خیال رکھا گیا۔ اللہ تعالیٰ ان تمام مبلغین کو اپنے فرائض بہتر انداز میں ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور جماعت احمدیہ مالی کو ہر میدان میں ترقی دے۔ آمین (رپورٹ:واصف شہزاد۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ بوسنیا کی گیارھویں تربیتی ریلی کا انعقاد