جماعت احمدیہ نائیجر کے ایک وفد کو مورخہ ۱۲؍جون ۲۰۲۵ءکو نائیجر کی وزیرِ تعلیم جناب ایلزبتھ شیریف صاحبہ سے ان کے دفتر میں ملاقات کرنے کا موقع ملا۔ وفد میں مکرم ممن بیلو صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری، مکرم عثمان عبدو صاحب صدر جماعت احمدیہ نیامے اور مکرم اسد مجیب صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجر شامل تھے۔ ملاقات میں وزیر تعلیم صاحبہ کو جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا اور تبلیغ و تربیت کے کاموں کے علاوہ تعلیمی شعبہ میں جماعت احمدیہ کی خدمات کے حوالے سے بتایا گیا۔ تمام جماعتی سکولز کے تعارف کے بعد انہیں نیامے میں تعمیر ہونے والے سکول کے افتتاح کےليے دعوت دی گئی جو انہوں نے قبول کی۔ علاوہ ازیں تلہ بیری شہر جہاں جماعت کے پرائمری سکول کےليے دو کلاس رومزتعمیر ہیں لیکن دہشت گردی کے حالات کی وجہ سے ان کلاس رومز کا استعمال نہیں ہو رہا، اس بارے میں ان سے بات ہوئی کہ کیسے حکومت کے ساتھ مل کر ان کلاس رومز سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ اس سلسلہ میں انہوں نے تلہ بیری کے ریجنل تعلیمی ڈائریکٹر صاحب سے رابطہ کروادیا تا کہ سکول کے حوالے سے مقامی انتظامیہ کی مدد سے کوئی بہتر حکمتِ عملی اپنائی جا سکے۔ نیز اِس ملاقات میں یہ بھی طے کیا گیا کہ حکومت اور جماعت احمدیہ کے مابین تعلیم کے میدان میں باہمی تعاون جاری رکھنے اور مزید بڑھانے کے ليے ایک معاہدہ کو زیرِ غور لایا جائے گا۔ ان شاءاللہ (رپورٹ:کوثر جمیل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جزیرہ الیاؤ داش رولاش میں مسجد اسماعیل کا افتتاح