اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بوسنیا کو ۲۸؍جون ۲۰۲۵ء کو اپنی گیارھویں تربیتی ریلی منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ تربیتی ریلی کے لیے مقررہ نصاب کے تحت افرادجماعت تیاری کرتے رہے اور اس سلسلہ میں مسجد بیت الاسلام میں تعلیمی کلاسز بھی منعقد کی گئیں۔ احباب جماعت کے علاوہ گذشتہ سال سے اس پروگرام میں بوسنیا کے پانچ حکومتی Orphan Housesسے یتیم بچے بھی اس پروگرام میں مدعو کیے جاتے ہیں۔ جماعت کی طرف سے اس دعوت کو اِن ادارہ جات کی طرف سے بہت تشکر اور خوشی کی نظر سے دیکھا جاتا ہے کیونکہ ان بچوں کو اس موقع سے استفادہ کرتے ہوئے معاشرے کا فعال حصہ بننے میں مدد ملتی ہے۔ یہ تقریب عام طور پر جلسہ سالانہ سے ایک روز قبل منعقد کی جاتی ہے، اس طرح دور دراز علاقوں سے جلسہ سالانہ کی غرض سے سفر کرنے والے افراد بھی اس تقریب میں شامل ہو جاتے ہیں۔ تقریب کا آغاز لوائے احمدیت اور قومی پرچم مسجد بیت الاسلام کے صحن میں لہرا کر اجتماعی دعا کے ساتھ ہوا۔ بعد ازاں حسب پروگرام فٹ بال مقابلہ کے ليے قافلہ کی شکل میں حاضرین مسجد بیت الاسلام سے تقریباً ۷؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع Sport Centre Ilijaمیں صبح پونے دس بجے حاضر ہوئے۔ اس مقابلہ میں شامل ۸؍ٹیموں کا تعارف، گروپ فوٹو اور قومی ترانہ کے بعد باقاعدہ مقابلے شروع ہوئے۔ یہاں یہ ذکر بھی مناسب ہے کہ Sport Hall کی انتظامیہ کی طرف سے یہ ہال جماعت کو اس دن کے پروگرام کے ليے مع پارکنگ بغیر کسی معاوضے کے دیا جاتا ہے۔ اس پروگرام سے فراغت کے بعد مسجد بیت الاسلام میں نماز ظہر و عصر اور کھانے کے وقفہ کے بعد شاملین کے لیے درج ذیل علمی مقابلہ جات منعقد ہوئے: مقابلہ حسن قراءت، نظم خوانی، مقابلہ تقاریر، حفظ حدیث، نماز مع ترجمہ، مشاہدہ و معائنہ و دیگر ورزشی مقابلہ جات۔ تربیتی ریلی کا اختتامی اجلاس مکرم وسیم احمد سروعہ صاحب مربی سلسلہ (مہمان خصوصی) کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد شرکاء میں انعامات تقسیم کیے گئے، جبکہ زنانہ حصہ میں صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ کی زیر نگرانی خواتین میں تقسیم انعامات کی تقریب منعقد ہوئی۔ بعد ازاں صدارتی تقریر اور اجتماعی دعا کے ساتھ یہ تقریب اختتام کو پہنچی۔ فٹبال کے مقابلہ میں شامل ہونے والی ہر ٹیم کو جماعت کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے شہر Gorajde, Bihach, Ustikolina کے میئر صاحبان، Grawe Company اور Ministry of Disable persons FBiHکی طرف سے مبلغ ۵۰۰؍بوسنین مارک نقد انعام پیش کیا گیا۔ امسال اس پروگرام کی حاضری ۲۰۰؍سے زائد تھی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:مفیض الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: رہائش گاہ جامعہ احمدیہ۔ جلسہ سالانہ ۲۰۲۵ء (رپورٹ مستورات)