https://youtu.be/LDnbuauwm_Y کرکٹ:بھارت بمقابلہ انگلینڈ،بھارت نے پانچویں ٹیسٹ میں انگلینڈ کو چھ رنز سے شکست دےکر سیریز دو،دوسے برابر کردی۔ لندن کےاوول میدان پرہونے والے سیریز کے آخری میچ میں میزبان ٹیم ۳۷۴؍رنز کے تعاقب میں ۳۶۷؍رنز بناکرآؤٹ ہوگئی۔کھیل کے چوتھے روز ایک موقع پرانگلینڈ کی فتح یقینی نظرآرہی تھی جب ۳۰۱؍رنز پر صرف تین کھلاڑی آؤٹ ہوئے تھے،تاہم اس وقت ۹۸؍گیندوں پر ۱۱۱رنز بنانے والے Harry Brook غیرذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے کیچ آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد Joe Root بھی ۱۰۵رنز بناکر واپس لَوٹ گئے۔ میچ کے آخری دن انگلش ٹیم کو جیت کےلیے ۳۵؍رنز جبکہ بھارت کو چار وکٹیں درکار تھیں۔ تیز گیندباز محمد سراج نے شاندارکا رکردگی دکھاتے ہوئے پانچویں دن کے پہلے گھنٹے میں تین جبکہ اننگز میں پانچ کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکےاپنی ٹیم کو یادگار فتح سے ہمکنارکیا۔قبل ازیں انگلینڈ نے لگاتار پانچویں بار ٹاس جیتا اورپہلے گیندبازی کرنے کافیصلہ کیا۔بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں۲۲۴؍رنزپر آؤٹ ہوئی،جواب میں انگلینڈ نے ۲۴۷؍رنز بنائے۔ بھارت نے دوسری باری میں Yashasvi Jaiswal کے ۱۱۸؍رنز کی بدولت ۳۹۶؍رنز بنائے اور انگلینڈکو۳۷۴؍رنز کا ہدف دیا۔ میچ میں مجموعی طور پر ۹؍وکٹیں حاصل کرنے والے محمد سراج کو بہترین کھلاڑی کا ایوارڈملا جبکہ انڈین کیپٹن شبھمن گل ۷۵۴؍رنز کے ساتھ سیریزکے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ انگلینڈ کی جانب سے ۴۸۱؍رنز بنانے والے ہیری بروک کو انگلش ٹیم کا پلیئرآف دی سیریزقراردیا گیا۔ پاکستان بمقابلہ ویسٹ انڈیز:امریکی ریاست فلوریڈا کے شہرLauderhill میں کھیلی گئی ٹی ٹوینٹی سیریز میں پاکستان نے ۲۔۱؍سے کامیابی حاصل کرلی۔ پہلے میچ میں پاکستان کے ۱۷۸؍رنزکےجواب میں ویسٹ انڈین ٹیم ۱۶۴؍رنز بناسکی۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب نے ۵۷؍رنز بنانے کے علاوہ دوکھلاڑیوں کو آؤٹ بھی کیا۔ دوسرے میچ میں میزبان ویسٹ انڈیزنے دووکٹوں سے فتح اپنے نام کی۔اس میچ میں پاکستانی ٹیم مقررہ ۲۰؍اوورزمیں صرف ۱۳۳؍رنز بناسکی، ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف میچ کی آخری گیندپرحاصل کیا۔ فیصلہ کن میچ میں پاکستانی بلےباز ۱۸۹؍رنزبنانے میں کامیاب ہوئے۔صاحبزادہ فرحان نے ۷۴؍اورصائم ایوب نے ۶۶؍رنزکی اننگزکھیلیں۔جواب میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم ۱۷۶؍رنز بناپائی۔یوں پاکستان نے ۱۳؍رنزسے کامیابی کے ساتھ سیریزجیت لی۔محمدنوازکو مجموعی طورپرسات وکٹیں حاصل کرنے پرسیریزکا بہترین کھلاڑی قراردیا گیا۔تین میچوں کی ایک روزہ سیریز کا آغاز۸؍اگست سے ٹرینیڈاڈ میں ہوگا۔ فارمولا وَن ریسنگ:۳؍اگست کوہونے والی ہنگیرین گراں پریMcLarenکےبرطانوی ڈرائیورLando Norris نےجیت لی۔انہوں نے ۴.۳۸۱؍کلومیٹر ٹریک کے ۷۰؍چکروں پرمشتمل فاصلہ ایک گھنٹہ۳۵؍منٹ اور ۲۱؍ سیکنڈز میں پورا کیا۔ میکلیرن ٹیم کےہی Oscar Piastri نے دوسری جبکہ مرسیڈیز کےبرطانوی ڈرائیور جارج رسل نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔رواں سیزن میں ۲۸۴؍پوائنٹس کے ساتھ آسٹریلیاکے Oscar Piastriسرفہرست ہیں جبکہ Lando Norris صرف نو پوائنٹس کےفرق سے دوسری پوزیشن پرہیں۔ فٹبال:یوئیفا ویمنز یورو ۲۰۲۵ء دفاعی چیمپئن انگلینڈ نے جیت لیا۔۲تا۲۷؍جولائی سوئٹزرلینڈمیں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں انگلینڈنے سپین کو پنلٹی شوٹس پر ایک کے مقابلہ میں تین گول سے شکست دی۔ مقررہ وقت میں میچ ایک ایک گول سے برابررہا تھا۔ سیمی فائنل مقابلوں میں انگلینڈ نےاٹلی جبکہ سپین نے جرمنی کو شکست دی تھی۔ تیراکی:امریکی تیراک کیٹی لیڈیکی نے خواتین کے ۸۰۰؍میٹر فری سٹائل مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتواں ورلڈ چیمپئن شپ ٹائیٹل جیت لیا۔ یہ مقابلہ ہفتہ ۲؍اگست کو منعقد ہوا جس میں لیڈیکی نے نہ صرف اپنی برتری برقرار رکھی بلکہ تاریخ بھی رقم کردی۔۲۸؍سالہ لیڈیکی نے یہ مقابلہ ۸:۰۵:۶۲میں مکمل کیا جبکہ آسٹریلیا کی لانی پیلسٹر نے سخت مقابلہ دیتے ہوئے ۸:۰۵:۹۸ کے وقت کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ مقابلے کے بعد لیڈیکی نے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں واقعی بہت خوش ہوں، یہ میرے کیریئر کا ورلڈ چیمپئن شپ میں سب سے تیز مقابلہ ہے۔ (ن م طاہر) ٭…٭…٭