اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ بنگلہ دیش کو مربیان کرام کے لیے ہیڈ کوارٹر بخشی بازار، ڈھاکہ میں مورخہ ۱۸تا۲۷؍مئی ۲۰۲۵ء دس روزہ ریفریشر کورس منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ریفریشر کورس کے دوران ترجمۃ القرآن، حدیث، اختلافی مسائل، کتب حضرت مسیح موعودؑ، جماعت احمدیہ اور بانیٔ سلسلہ کے خلاف اٹھائے جانے والے حالیہ اعتراضات، موازنہ مذاہب اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے جوابات پر مشتمل بنیادی مسائل کے جوابات جیسے اہم موضوعات پر علمی و تربیتی کلاسز منعقد ہوئیں۔ کلاسز مکرم ہزاری احمد المنعم صاحب، مکرم شاہ محمد نور الامین صاحب اور مکرم شیخ مستفیض الرحمٰن صاحب مربیان سلسلہ نے لیں۔ اسی طرح مکرم عبد الاوّل خان چودھری صاحب امیر و مبلغ انچارج بنگلہ دیش نے بھی ایک کلاس لی۔ علاوہ ازیں نیشنل مجلس عاملہ کے بعض اراکین نے بھی تربیتی نشستوں میں شرکت کی اور مربیان کرام سے میدان عمل کے تجربات و تجاویز پر مفید تبادلہ خیال کیا۔ ریفریشر کورس کے دوران مکرم محمد امداد الرحمٰن صدیقی صاحب سابق پرنسپل جامعہ احمدیہ بنگلہ دیش اور مکرم صالح احمد صاحب استاد جامعہ احمدیہ نے بطور مہمان خصوصی ایک روزہ لیکچرز دیے اور چند نصائح بھی کیں۔ ریفریشر کورس کے اختتام پر امتحانات بھی ہوئے اور نمایاں کامیابی دکھانے والے مربیان کو انعامات دیے گئے۔ کورس کے دوران ایک روز تفریحی پکنک کا بھی انتظام کیا گیا جو دریا کے پار منعقد ہوئی۔ اس ریفریشر کورس میں کُل ۲۶؍مربیان کرام نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین کو اپنی خدمات مزید اخلاص و وفا سے ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔آمین (رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: عوامی جمہوریہ کونگو کے ریجن بانزا گونگو (Mbanza-Ngungu) کا چودھواں جلسہ سالانہ